Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

’’ الیکشن کے خوف سے مسلمانوں کو خوش کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ‘‘

Updated: October 12, 2024, 10:25 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مدرسوں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے پر عارف نسیم خان کی تنقید ، کہا’حکومت چند دنوں کی مہمان ہے‘

Former Minister of State Arif Naseem Khan
سابق ریاستی وزیر عارف نسیم خان

مہاراشٹر اسمبلی  الیکشن  سے قبل مہا یوتی حکومت کی جانب سے ایک  کے بعد ایک تجویزیں منظور کی جارہی ہیں۔ گزشتہ کابینہ  میٹنگ میں  مدرسوں کے کانٹریکٹ اساتذہ کی تنخواہوں میں ۱۰؍ ہزار روپے (۳؍ گنا) کااضافہ اور  مولاناآزاد مالیاتی کارپوریشن کے قرض دینے کی گارنٹی میں ۳؍ سو کروڑ روپے بڑھانے کافیصلہ کیا گیا۔ اپوزیشن کی جانب سے ان فیصلوں پر تنقیدیں ہو رہی ہیں۔ 
  کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن  اور سابق وزیر  عارف نسیم خان نے کہا ہےکہ اسمبلی الیکشن کے خوف سے حکومت کو مسلمانوں کی یاد آ رہی  ہے۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی۔ شندے حکومت کے لیڈرمسلسل مسلمانوں کو زد وکوب کر رہے ہیں  اور مسجد میں گھس کر چن چن کر مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے، بلکہ ان کی حمایت کی جاتی ہے۔ مدارس کو بند کرنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن حکومت دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی، صرف وقتی طور پر مسلمانوں کوخوش کرنے کیلئے مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جو دراصل مسلم ووٹوں پر نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ 
 عارف نسیم نے کہا کہ’’  مدارس میں ڈی ایڈ اور بی ایڈ اساتذہ کو دی جانے والی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کابینہ کی میٹنگ میں کیاگیا ہے اور مولانا آزاد  کارپوریشن کے شیئر کیپٹل میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مسلمانوں کی ترقی کی نیت سے نہیں  بلکہ  لوک سبھا انتخابات میں ہوئی  شکست  اور  آئندہ  اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف  کے پیش نظر کیا گیاہے۔ پھر بھی ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا’’ بی جے پی حکومت کا  ’سب کا ساتھ، سب کا وشواس‘  نعرہ صرف باتیں ہیں، کبھی عمل میں نظر نہیں آیا۔عارف نسیم نے کہا کہ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ بی جے پی شندے حکومت کے اراکین اسمبلی اور شر پسند لیڈر مسلسل مسلم کمیونٹی کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کرتے ہیں۔ ان کے خلاف تھانے میں معاملہ درج ہونے کے باوجود حکومت کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ بی جے پی۔شندے حکومت  چاہےجتنے  مقبول نعرے لگائے، مسلم کمیونٹی  غلط فہمیوں کا شکار نہیں ہوگی۔ بی جے پی۔ شندے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اوروہ چند دنوں کی مہمان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK