• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اننت امبانی کی شادی پولیس کی نظر میں عوامی تقریب

Updated: July 07, 2024, 10:31 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

صنعتکار مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات کیلئے ٹریفک پولیس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ۱۲؍ سے ۱۵؍ جولائی تک بی کے سی میں مختلف سڑکیں بند کرکے عوام کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی اور اس نجی تقریب کو عوامی اور سماجی پروگرام بتایا گیا ہے۔

Jewel World Center in BKC where Anant Ambani`s wedding ceremony will take place.  Photo: INN
بی کے سی میں واقع جیوورلڈ سینٹرجہاں اننت امبانی کی شادی کی تقریب ہوگی۔ تصویر : آئی این این

صنعتکار مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات کی وجہ سے ’بی کے سی‘ (باندرہ کرلا کمپلیکس) میں ۱۲؍ سے ۱۵؍ جولائی تک عوام کیلئے چند سڑکوں کو بند کرکے آمد و رفت کے راستے تبدیل کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے عوام کیلئے راستے تبدیل کرنے کا جو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اس میں شادی کی اس نجی تقریب کو عوامی اور سماجی تقریب بتایا  گیاہے۔ 
 مکیش امبانی کے بیٹے اننت کی شادی رادھیکا مرچنٹ سے ہورہی ہے اور جمعہ کو بی کے سی میں واقع مکیش امبانی کے ریلائنس انڈسٹریز کی ملکیت والے ’جیو ورلڈ کنونشن سینٹر‘ میں اس شادی سے متعلق سنگیت (موسیقی) کا پروگرام تھا۔ سنگیت کے اس پروگرام کیلئے بھی ٹریفک پولیس نے جمعہ کو کچھ راستوں کو عوام کیلئے بند کرکے دیگر راستوں پر موڑ دیا تھا اور اس وقت بھی وجہ یہی بتائی گئی تھی کہ عوامی اور سماجی تقریب کے پیش نظر راستے تبدیل کئے گئے ہیں۔ اس’سماجی تقریب‘ میں جمعہ کو امریکی پاپ سنگر جسٹن بیبر کو بھاری فیس ادا کرکے گانا گانے کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ ان کے علاوہ بالی ووڈ کے دیگر معروف گلوکاروں بشمول بادشاہ نے بھی گانا گایا اور سلمان خان اور دیگر اداکاروں نے رقص کیا تھا۔ 
شادی کی دیگر تقاریب بھی جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ہی ہوں گی۔ واضح رہے کہ بی کے سی میں کئی اہم دفاتر ہیں، ان میں کام کرنے والوں کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام کرلا سے بی کے سی اور دیگر مقامات پر آمدورفت کرتے ہیں جو مختلف سڑکوں کے بند ہونے سے شدید پریشان ہوں گے جیسا کہ جمعہ کو بھی ہوا تھا۔ ٹریفک پولیس نے نوٹیفکیشن میں لکھا ہے کہ ’’سہولت سے آمدورفت کیلئے راستے تبدیل کئے گئے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس سے چند بیسٹ بسوں کے روٹ بھی تبدیل ہوں گے اور یہاں مختلف کام سے جانے والوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
 ان وجوہات کی بناء پر عوام نے سوشل میڈیا پر اس معاملے پر سخت تنقیدیں کی ہیں۔ ایک شخص نے ’ایکس‘ پر ٹریفک پولیس کے نوٹیفکیشن پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’عوام اس عوامی تقریب کی مزید تفصیلات جاننا چاہتے ہیں۔‘‘ ایک دیگر شخص نے لکھا ہے کہ ’’اگر یہ عوامی تقریب ہے تو کیا میں اندر جاسکتا ہوں؟‘‘
 ’ہیپاکریسی واچ‘ اکائونٹ سے لکھا گیا ہے کہ ’’مسلمان سال میں ۲؍ مرتبہ عوامی چھٹی کے دن ۳۰؍ منٹ کیلئے سڑکوں کو استعمال کرتے ہیں جس کیلئے انہیں بدنام کیا جاتا ہے لیکن یہاں پوری سڑک کو ۷؍ دنوں کیلئے بند کیا جارہا ہے اور کوئی اس پر ایک لفظ نہیں کہے گا۔‘‘ (واضح رہے کہ جمعہ کے علاوہ یہ سڑکیں ۴؍ دن بند رہیں گی۔)
 متعدد افراد نے شادی کی نجی تقریب کو عوامی اور سماجی تقریب کہنے پر ٹریفک محکمہ کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ ایک اکائونٹ سے لکھا گیا ہے کہ ’’کروڑ پتی کی شادی  ترجیح طلب ہے۔ عوام کی روزانہ آمدورفت نہیں۔‘‘ایک شخص نے لکھا  ’’ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھاکہ کم و بیش ۴۰۰؍ سے ۵۰۰؍ ٹریفک پولیس اہلکار کسی عوامی تقریب میں اتنی مستعدی سے کام کررہے ہوں۔ بہر حال، امبانی خاندان میں شادی کی وجہ سے ایسا ہوا ہے اور اب تک بی کے سی ’ٹریفک مکت‘  ہوچکا ہے۔ اگر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کا یہی طریقہ ہے تو امبانی خاندان سے درخواست ہے کہ وہ پورے سال اس عوامی تقریب کو جاری رکھیں۔‘‘
چند بند کئے گئے اور متبادل راستے
 لکشمی ٹاور جنکشن۔ دھیرو بھائی امبانی اسکوائر اوینیو لین ۳، انڈین آئل  پیٹرول پمپ، ڈائمنڈ جنکشن، ہوٹل ٹرائڈنٹ سے کرلا ایم ٹی این ایل جانے والی سڑکیں عام گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہیں گی، ان پر سے صرف شادی کے پروگراموں میں شرکت کیلئے آنے والی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کیلئے جو متبادل راستے طے کئے گئے ہیں وہ یہ ہیں کہ وَن بی کے سی سے آنے والی گاڑیوں کو لکشمی ٹاور جنکشن سے بائیں جانب مڑنا ہوگا اور پھر ڈائمنڈ گیٹ نمبر ۸؍ سے نبارڈ جنکشن پر دائیں مڑنا ہوگا۔ اس کے بعد ڈائمنڈ جنکشن پر دائیں مڑ کر دھیرو بھائی امبانی اسکوائر یا انڈین آئل پیٹرول پمپ سے بی کے سی جانا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK