• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اننت ناگ:کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی ریلی ،ملکارجن کھرگے نےکئی وعدے کئے

Updated: September 12, 2024, 10:18 AM IST | Srinagar

کانگریس صدر نے ۵؍ گارنٹیوں کا اعلان کیا ،کشمیری پنڈتوںکی گھرواپسی کے منموہن سنگھ کے وعدے کوپورا کرنے کا عزم

Mallikarjun Kharge and Farooq Abdullah during the rally in Anantnag.(PTI)
اننت ناگ میں ریلی کے دوران ملکارجن کھرگے اور فاروق عبداللہ ۔(پی ٹی آئی)

کانگریس صدر ملکا رجن کھرگے نے بدھ کو جموں کشمیر کے لوگوں کے لئے ۵؍ گارنٹیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس نیشنل کانفرنس الائنس کو اقتدار میں ملا تو تجارت پیشہ خواتین کو بغیر سود ۵؍ لاکھ روپے قرضہ اور ہر کنبے کو ۲۵؍ لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس دیا جائے گاجبکہ خاندان کی سربراہ خواتین کو ہر ماہ  ۳؍ ہزار روپےکی امداد بھی دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کانگریس کا پہلا قدم ہوگا۔کھرگے نے  اننت ناگ میں  ایک انتخابی  ریلی سے خطاب کے دوران یہ وعدےکئے۔اس کے علاوہ عوامی تقسیم کاری نظام (پی ڈبلیو ڈی ) کے تحت  فی کس ۱۱؍ کلواناج کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا نیز اوبی سی طبقے سے بھی   آئین میںدرج  ان کے حقوق دلانے کا وعدہ کیا ۔
 انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں اس وقت جموںکشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔کانگریس کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کی خاطر سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جو وعدہ کیا تھا اس کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
 ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح ملک کی باقی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے زیادہ ہے۔ان کے مطابق اگر کانگریس ، نیشنل کانفرنس کی حکومت تشکیل پاتی ہے تو ایک لاکھ سرکاری اسامیوں  پر فاسٹ ٹریک تقرری کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ملکارجن کھرگے نے کہا’’جموں کشمیر میں سیاحتی شعبے کو مزید ترقی دینے کی خاطر زمینی سطح پراقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا’’ `ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ریاستی درجہ چھین لیا گیا اور پہلی بار ایک ریاست کو  مرکزی صوبے (یوٹی) میں تبدیل کر دیا گیا اور لوگوں کے حقوق کو چھین لئے گئے۔کانگریس لیڈر نے امید ظاہر کی کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس اتحاد اسمبلی انتخابات کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔
 انہوں نے  مزیدکہا’’یہ بات یقینی ہے کہ جموں کشمیر میں کانگریس – نیشنل کانفرنس اتحاد کی سرکار بنے گی۔ کھرگے نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ’’یہ دونوں جماعتیں ملک میں نفرت کا ماحول پھیلا رہی ہیں اور ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں لیکن کانگریس ملک کو متحد رکھے گا۔کانگریس صدرنے کہاکہ بی جےپی نے جموںکشمیر کے لوگوں کو گزشتہ ۷؍ برسوں سے جمہوری عمل سے  دور رکھا۔ اگر نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد برسر اقتدار آتا ہے تو لوگوں سے کئے گئے سبھی وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔
 کانگریس صدر نے مزید بتایا کہ جموں کشمیر کے لوگ اس مرتبہ تبدیلی کے حق میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔کھرگے نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کو ووٹ دے کر مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ `لوگ ان جماعتوں کو ووٹ دیں جو سچ بولتی ہیں اور آزادی سے لے کر لوگوں کے ساتھ ہیں۔بی جے پی کی طرف سے۵؍ لاکھ نوجوانوں  نوکریاں دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: `یہ صرف جملہ ہے انہوں نے پہلے ہر سال دو کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا اس کا کیا ہوا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK