نیلامی کا دوسرا دور مکمل،ہندوجا گروپ نے ریلائنس کیپٹل کیلئے۹۶۵۰؍ کروڑ روپے کی بولی لگائی جس کے بعد مزید دوکمپنیوں میں سے کسی نے اپنی بولی پیش نہیںکی
EPAPER
Updated: April 28, 2023, 1:42 PM IST | New Delhi | Mumbai
نیلامی کا دوسرا دور مکمل،ہندوجا گروپ نے ریلائنس کیپٹل کیلئے۹۶۵۰؍ کروڑ روپے کی بولی لگائی جس کے بعد مزید دوکمپنیوں میں سے کسی نے اپنی بولی پیش نہیںکی
انیل امبانی کی قرض میں ڈوبی کمپنی کے لیے بولی کا دوسرا دور مکمل ہو گیا ہے، اسے خریدنے کیلئے سب سے بڑی بولی ہندوجا گروپ نے لگائی ہے۔انل امبانی کی کمپنی کو خریدنے کی دوڑ میں پہلے مرحلے میں کئی بولی دہندگان شامل تھے لیکن ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوجا گروپ نے ریلائنس کیپٹل کیلئے۹۶۵۰؍ کروڑ روپے کی واحد بولی لگائی ہے اور امکان ہےکہ اب ہندوجا گروپ انل امبانی کی کمپنی خرید لے گا ۔
ہندوجا گروپ کی کمپنی انڈس انڈ انٹرنیشنل ہولڈنگز نے ریلائنس کیپٹل کو خریدنے کے لیے سب سے زیادہ بولی لگائی ہے۔ دوسرے مرحلے کی نیلامی میں دو اور کمپنیاں بھی شامل تھیں جنہوں نے بولی نہیں لگائی۔ ہندوجا کے علاوہ ٹورینٹ انوسٹمنٹ اور اوک ٹری کیپٹل بھی اس دوڑ میں شامل تھیں۔ دونوں نے بولی جمع نہیں کروائی، حالانکہ انہوں نے پہلے اشارہ دیا تھا کہ وہ اس عمل میں حصہ لیں گی۔اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹورینٹ نے بدھ کے روز ’موک آکشن ڈرل‘ میں حصہ لیا تھا اور نیلامی سے قبل ہونے والی بات چیت میں بھی حصہ لیا لیکن اس نے بولی جمع نہیں کروائی۔ قرض دہندگان نے نیلامی میں حصہ لینے کیلئے۹۵۰۰؍ کروڑ روپے کی حد مقرر کی تھی، جس میں کم از کم۸؍ ہزار کروڑ روپے بطور نقد رقم شامل تھی۔
ہندوجا گروپ نے پہلے دور میں۹۵۱۰؍ کروڑ روپے کی بولی لگائی تھی اور دوسرے دور میں اسے۹۶۵۰؍کروڑ روپے تک لے گیا۔ اس کے بعد کسی نے بھی مقابل بولی جمع نہیں کرائی جس کی وجہ سے ہندوجا گروپ سب سے زیادہ بولی لگانے والا واحد گروپ تھا۔ واضح رہے کہ ہندوجا کی پیشکش قرض دہندگان کیلئے۴۱؍ فیصد قرض کی وصولی کے برابر ہے۔
ہندوجا کی بولی دسمبر میں نیلامی کے پہلے راؤنڈ میں ٹورینٹ کی طرف سے پیش کی گئی بولی سےتقریباً ایک ہزار کروڑ روپے زیادہ ہے۔ انل امبانی کی طرف سے قائم کردہ مالیاتی خدمات کمپنی کے پاس تقریباً۴۰۰؍کروڑ روپے کی نقد رقم ہے۔ اس طرح قرض دہندگان کی وصولی ۱۰؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہوگی۔ تاہم وصولی اب بھی لیکویڈیشن ویلیو سے کم ہے۔
انل امبانی کی کمپنی ریلائنس کیپٹل جو نیلامی کے عمل سے گزررہی ہے ، اس کے شیئروں میںاچانک اضافہ درج کیا گیا ہے۔ کمپنی کے شیئروں میں جمعرات کو زبردست تیزی دیکھی گئی ۔ واضح رہےکہ ریلائنس کیپٹل کی نیلامی کا دوسرا دور بدھ کو ہوا۔
نیلامی کے دوسرے دور میں ریلائنس کیپٹل کے لیے صرف ایک بولی ملی۔ اس کی وجہ سے ریلائنس کیپٹل کے شیئرز میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے۔ بی ایس ای پر صبح۱۱؍ بجکر۴۵؍منٹ پرکمپنی کا اسٹاک۴ء۹۷؍ فیصد اضافے کے ساتھ۹ء۲۹؍ روپے پر کاروبارکر رہا تھا۔ اس سال اب تک ریلائنس کیپٹل کے اسٹاک میں۴۵؍ فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ پانچ سال میں اس کی قیمت میں۹۷ء۸۸؍ فیصد کمی آئی ہے۔ اس کی۵۲؍ہفتے کی بلند ترین قیمت۱۸ء۸۲؍ روپے جبکہ کم ترین قیمت۷ء۶۰؍ روپے رہی ہے۔
ریلائنس کیپٹل میں۲؍ لاکھ روپے تک کے حصص والے عام سرمایہ کاروں کا۶۰ء۳۴؍ فیصد حصہ ہے۔۲؍ لاکھ روپے سے زیادہ کے حصص والے سرمایہ کاروں کے پاس۲۶ء۸۸؍فیصد ہے۔۳۱؍ مارچ تک، کمپنی میںایل آئی سی کی حصہ داری۲ء۹۸؍ فیصد ہے۔ ریلائنس کیپٹل کے پاس تقریباً۲۰؍ مالیاتی خدمات کمپنیاں ہیں۔ ان میں سیکیورٹیز بروکرنگ، انشورنس اور اے آر سی شامل ہیں۔ یاد رہےکہ بھاری قرضوں میں ڈوبے ہوئے ریلائنس کیپٹل کے بورڈ کو آر بی آئی نے ۳۰؍ نومبر۲۰۲۱ء کو تحلیل کر دیا تھا۔