• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے انتخابی گیارنٹیوں کا اعلان

Updated: November 06, 2024, 11:30 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

 خواتین کیلئے ماہانہ ۳؍ ہزار روپے اور بس میں مفت سفر کی سہولت، نوجوانوں کیلئے ۴؍ ہزار روپے بیروزگاری بھتہ ، کسانوں  کیلئے ۳؍ لاکھ روپے تک کے قرض کی معافی،ذات پر مبنی مردم شماری اور ریزرویشن کی حد ۵۰؍ فیصد سے بڑھانے کا وعدہ

Leaders of Mahavkas Aghadi demonstrating their unity in a rally held in BKC.
بی کے سی میں منعقدہ ریلی میں مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈر اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے۔(تصویر: انقلاب، سید سمیر عابدی)

 مہاراشٹر اسمبلی انتخابات  کیلئے بدھ کو مہا وکاس اگھاڑ ی نے   ۵؍گیارنٹیوں (لوک سیوا کی پنچ ستری) کا  اعلان کیا۔ ان  میں خواتین  کوماہانہ ۳؍ ہزار روپے امداد اوربسوںمیں مفت سفر کی سہولت دینے کے ساتھ ہی  شہریوں کو مفت علاج   اور ۲۵؍ لاکھ تک کے  میڈیکل  بیمہ کا وعدہ  شامل ہے۔ایم وی اے نے حکومت بننے پر   لڑکوں  کیلئے   بھی مفت تعلیم اور  بیروزگاروں کو ماہانہ ۴؍ ہزار روپے بے روزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ذات کی بنیاد پر مردم شمار ی کرنے اور ۵۰؍ فیصد ریزرویشن کی قید ہٹانے  کے ساتھ ساتھ کسانوں کا ۳؍ لاکھ تک قرض معاف کرنے اور  قرض کی باقاعدہ  ادائیگی کیلئے انہیں ۵۰؍  ہزار روپے کی امداد دینے کا بھی وعدہ کیاگیاہے۔ یہ وعدے باندرہ کرلا کمپلیکس کے ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈ میں منعقدہ ’’مہاراشٹر سوابھیمان سبھا‘‘ میں کئے گئے  جس میں  لوک سبھا  میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کانگریس قومی صدر ملکارجن کھرگے، این سی پی ( شرد) کے سربراہ شرد پوار، شیو سینا ( یو بی ٹی ) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے  موجود تھے۔ 
  راہل گاندھی نے اس موقع پر تقریر میں  کہاکہ ’’  اسمبلی الیکشن میں نظریہ کی لڑائی ہے ۔ ایک طرف آر ایس ایس اور بی جے پی  ہے جبکہ  دوسری جانب انڈیااتحاد ہے۔‘‘ انہوں نے متنبہ کیا کہ ’’ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ چھپ کر اس ملک کے آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔  بی جے پی نے مہاراشٹر کی گزشتہ سرکار کو چوری کر کے اور پیسہ دے کر ہٹایاکیوں؟ کیونکہ وہ ۲۔۳؍ ارب پتیوں کی مدد کرنا چاہتےہیں۔ممبئی کی قیمتی زمینیں انہیں دینا چاہتےہیں۔‘‘
  انہوں نے بطور خاص اڈانی کو دیئے گئے دھاراوی کے پروجیکٹ کا ذکر کیا ۔ساتھ ہی یاد دہانی کرائی کہ کس طرح مہاراشٹر کے  وہ پروجیکٹ گجرات جارہے ہیں جن سے یہاں  کے نوجوانوں  کو  روزگار مل سکتاتھا۔ 
 شرد پوار نے کہاکہ ’’ریاست میں  خواتین اور بچوں پر مظالم میں تیزی سے اضافہ ہواہے اور ریاست میں  ہر جگہ بدعنوانی کا بول بالا ہے ۔‘‘ انہوں   نے شیواجی کے مجسمے کی تعمیر میں بدعنوانی کا حوالہ دیا۔   ادھو ٹھاکرے  نےحاضرین کو مہاراشٹر پریمی کہہ کر مخاطب کیا اورکہا کہ ’’مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت آنے پر لڑکیوں کے ساتھ لڑکوں کو بھی مفت تعلیم دی جائے گی۔ ہر بے روزگار نوجوان کو ہرماہ  ۴؍ ہزار روپے کی امداد دیں گے۔ انہوں  نے بھی دھاراوی کا پروجیکٹ اڈانی کو دیئے جانے پر عوام موجودی حکومت سے متنبہ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK