• Sun, 20 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دیوالی کی چھٹی میں ٹریننگ کا اعلان ،شکشن سیوکوں میں بےچینی

Updated: October 20, 2024, 8:53 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ایس سی ای آر ٹی نے دیوالی کی ۱۴؍دنوں کی چھٹی میں ۳۰؍ہزار شکشن سیوکوں کو ۷؍دن تربیت دینے کی ہدایت دی ،ٹریننگ ملتوی نہ کرنےکی صورت میں احتجاج کی دھمکی دی

Shakshan sevaks have expressed their displeasure over the decree on training during the Diwali holidays. (File Photo)
شکشن سیوکوں نے دیوالی کی چھٹیوں کے دوران ٹریننگ کے فرمان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔(فائل فوٹو)

اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ( ایس سی ای آر ٹی) نےنیو ا یجوکیشن پالیسی ۲۰۲۰ء کے اُصول نمبر ۵ء۱۵؍ اور ۵ء۲۱؍ کی ہدایت کے مطابق ریاست کے تقریباً ۳۰؍ ہزار نومنتخب شکشن سیوکوں کی تعلیمی صلاحیتوں کو اُبھارنے کیلئے دیوالی کی ۱۴؍ دنوں کی چھٹی کے دوران ۷؍دنوں کی ٹریننگ دینے کا شیڈول جاری کیا ہے ۔ اس سے شکشن سیوکوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ دیوالی کے تہوار اور دیگر ضروری کاموں کی منصوبہ بندی سے شکشن سیوکوں کا ٹریننگ میں شریک ہونا مشکل ہے ۔ یونینوں نے دیوالی کی چھٹی اور الیکشن کے بعد ٹریننگ رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ ٹریننگ کے ملتوی نہ کرنے پر آندولن کرنے کی دھمکی بھی دی ہے ۔
 واضح رہے کہ ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر راہل ریکھاور نے ۱۷؍ اکتوبر کو ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس کے مطابق تمام میڈیم کے مقامی خود اختیاری ، سرکاری، نجی امداد یافتہ، جزوی امداد یافتہ اور مقامی سرکاری اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں اور نویں سے بارہویں جماعت کیلئے نو منتخب شکشن سیوک ( اساتذہ)کو ۴؍ تا ۱۰؍ نومبر ۲۰۲۴ء کے درمیان ۷؍دنوں کی ٹریننگ دینے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ روزانہ صبح ۱۰؍ سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک ٹریننگ دی جائے گی ۔ ۷؍ میں سے ۶؍دن دونوں زمرے کے شکشن سیوکوں کو مساوی ٹائم ٹیبل کے مطابق ٹریننگ دی جائے گی ۔ ساتویں دن علاحدہ وقت ہوگا ۔ ریاست کے تمام اضلاع کے پرنسپل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو اس کی اطلا ع دی گئی ہے جس سے ریاست کے تقریباً ۳۰؍ہزار شکشن سیوک مخمصےمیں مبتلا ہیں ۔ 
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ نے اس تعلق سے ریاستی ایجوکیشن سیکریٹری، ریاستی ایجوکیشن کمشنر اور ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر کو میمورنڈم ارسال کیا ہے جس میں دیوالی کی معمولی ۱۵؍ دنوں کی چھٹی کے دوران ریاست کے تقریباً ۳۰؍ ہزارشکشن سیوکوںکو ۷؍ دنوں کی ٹریننگ دینے پر اعتراض کیا گیا ہے ۔  
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے صدرساجد نثار نے اس نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ان دنوں اسکولوں میں ششماہی امتحان جاری ہیں ۔ ۲۶؍ اکتوبرکو امتحان ختم ہوں گے ۔ ۲۷؍ اکتوبر کو اتوار ہے ، ۲۸؍اکتوبر سے ۱۲؍نومبر تک دیوالی کی چھٹی دی گئی ہے ۔ چونکہ دیوالی برادرانِ وطن کا سب سے بڑا تہوار ہے ، چھٹی شروع ہوتے ہی شکشن سیوک دیوالی منانے کیلئےآبائی گائوں کیلئے روانہ ہوتےہیں تاکہ اہل خانہ کے ساتھ دیوالی منا سکیں۔ علاوہ ازیں شادی بیاہ کی تقریبات بھی اس دوران منعقد کی جاتی ہیں ، ساتھ ہی دیگر کاموں کی بھی منصوبہ بندی ہوتی ہے۔ شکشن سیوکوں نے ۴؍مہینے قبل آبائی وطن جانے کی ریلوے ٹکٹ بُک کرائی ہیں ۔ مذکورہ ٹریننگ کی اطلاع پاتے ہی ایک شکشن سیوک نے فون کر کےبتایا کہ میری شادی ۴؍ اکتو بر کو ہے، ایسے میں ٹریننگ کیسے اٹینڈ کرسکتا ہو ں ۔ایس سی ای آر ٹی نے اچانک مذکورہ ٹریننگ کا اعلان کر کے شکشن سیوکوں کی پریشانی بڑھا دی ہے ۔ ‘‘ 
 انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ۲۰؍ نومبر کو مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا ہے ، الیکشن کی ڈیوٹی بھی اساتذہ کو کرنی ہے ۔ اسکے علاوہ متعدد ایسے کام ہیں جو اسکول شروع ہونے پر کرنے ہوں گے۔ لہٰذا ان تمام سرگرمیوں کو ذہن میں رکھاجائے اور مذکورہ ٹریننگ دیوالی کی چھٹی اور الیکشن کے بعد رکھی جائے تو بہتر ہے ورنہ شکشن سیوکوں کیلئے پریشانی بڑھ سکتی ہے ۔  ایس سی ای آر ٹی سے مطالبہ ہے کہ مذکورہ ٹریننگ فوری طور پر منسوخ کرے تاکہ احتجاج نہ کرنا پڑے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK