• Sat, 25 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سرکاری ملازمین کے وارے نیارے، مہنگائی بھتہ میں اضافہ ، بونس کا بھی اعلان

Updated: October 19, 2023, 8:38 AM IST | New Delhi

مہنگائی بھتہ میں ۴؍ فیصد اضافہ کیا گیا جو یکم جولائی سے نافذ مانا جائے گا ، ریلوے کے ۱۱؍ لاکھ سے زائد ملازمین کو ۷۸؍ دن کی تنخواہ کے برابر دیوالی بونس ملے گا

Union Minister Anurag Thakur gave this information
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے یہ اطلاعات دیں

مرکزی حکومت نے اپنے ملازمین  کے وارے نیارے کرنے والے دو اعلان کئے ہیں۔ سب سے پہلے حکومت نے ریلوے کے ۱۱؍لاکھ سے زائد ملازمین کو ۷۸؍ دن کی تنخواہ کے برابر پیداوار پر مبنی بونس دینے کا فیصلہ کیا  اور پھر اپنے تمام ملازمین کے لئے مہنگائی بھتہ میں۴؍ فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر اعظم مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کی  میٹنگ میں یہ فیصلے کئے گئے۔ اس تعلق سے مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نےنامہ نگاروں کو بتایا کہ ریلوے کے تمام اہل نان گزیٹیڈ ملازمین، یعنی ٹریک مینٹینرز، لوکو پائلٹ، ٹرین منیجر (گارڈ) کو اس مالی سال کے لئے ۷۸؍دنوں کی تنخواہ کے برابر پروڈکٹیوٹی لنکڈ بونس دیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے ریلوے ملازمین کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے  ۱۹۶۸؍ کروڑ روپے  بونس کی ادائیگی  کے لئے مختص کئے ہیں ۔
 انوراگ ٹھاکر نے یہ بھی بتایا کہ  مرکزی حکومت نے اپنے ملازمین کو دیوالی سے قبل ایک اور بڑا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ نے مرکزی حکومت کے ملازمین اور پنشن حاصل کرنے والوں کے  لئے ڈی اے یعنی مہنگائی بھتہ میں ۴؍فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  اب تک مہنگائی بھتہ ۴۲؍ فیصد تھا جو اب بڑھ کر ۴۶؍ فیصد ہو جائے گا ۔  مرکزی حکومت کے اس فیصلہ سے ملازمین کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوگا اور وہ بڑھتی مہنگائی سے نمٹنے میں کافی حد تک کامیاب ہو ں گے۔مرکزی حکومت کے اس قدم سے وَرک فورس کے ایک بڑے حصے کے ساتھ ساتھ سبکدوش ملازمین کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
   واضح رہے کہ مہنگائی بھتہ میں اضافہ کے فیصلے کو تہواروں سے ٹھیک پہلے حکومت کی طرف سے مرکزی حکومت کے ملازمین کو بڑا تحفہ تصور کیا جا رہا ہے۔ یہ مہنگائی بھتہ یکم جولائی ۲۰۲۳ء سے نافذ مانا جائے گا اور اس کا  فائدہ ۴۸؍ لاکھ سے زیادہ مرکزی ملازمین اور تقریباً ۶۵؍ لاکھ پنشن یافتگان کو ملے گا۔ اطلاع کے مطابق مرکزی حکومت کے ملازمین اور پنشن یافتگان کو اب مہنگائی بھتہ کی نئی شرحوں کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔ اکتوبر کی تنخواہ کے ساتھ ہی نئی شرحوں کے حساب سے تنخواہ کی ادائیگی ہوگی۔ اس میں جولائی، اگست اورستمبر کا ایریرس بھی شامل ہوگا۔ 

salary Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK