امریکہ، روس اور چین کے بعدیہ سنگ میل عبور کرنے والا ہندوستان چوتھا ملک۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 11:08 AM IST | Agency | New Delhi
امریکہ، روس اور چین کے بعدیہ سنگ میل عبور کرنے والا ہندوستان چوتھا ملک۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے اسپیس ڈاکنگ ایکسپریمنٹ (ایس پی اے ڈی ای ایکس) کے تحت اپنا پہلا خلائی ڈاکنگ مشن کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہندوستان امریکہ، روس اور چین کے بعد یہ تکنیکی سنگ میل حاصل کرنے والا عالمی سطح پر چوتھا ملک بن گیا ہے۔ اس ڈاکنگ کے طریقہ کار میں (جس میں دوسیٹیلائٹس کو جوڑا گیا ہے) خلائی جہاز کو۱۵؍ میٹر ہولڈ پوائنٹ سے۳ ؍ میٹر ہولڈ پوائنٹ تک درست طریقے سے آپریٹ کرنا شامل تھا۔ ڈاکنگ کے طریقہ کار کو احتیاط سے انجام دیا گیا جس سے کامیاب مشن یقینی ہوا۔
اسرو نے جمعرات کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’خلائی وہیکل ڈاکنگ کامیابی سے مکمل ہوئی، ایک تاریخی لمحہ۔ ‘‘ سیکریٹری، ڈپارٹمنٹ آف اسپیس، اسپیس کمیشن کے چیئرمین اسرو کے چیئرمین وی نارائنن نے اسرو ٹیم کو تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی۔ یہ بے مثال کامیابی خلائی ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے میں اسرو کی مہارت کو واضح کرتی ہے۔ اسرو حکام نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس حصولیابی کو ہندوستان کی خلائی تحقیق کی صلاحیتوں میں ایک اہم قدم قرار دیا۔
`اسرو نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے اسے تاریخی لمحہ بتایا۔ اسرو نے `’ایکس‘ پر لکھا ’’ہندوستان نے خلائی تاریخ میں اپنا نام درج کر لیا ہے۔ اسرو کے اسپیڈیکس مشن نے `ڈاکنگ میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس لمحہ کا گواہ بن کر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ ‘‘اسرو کی اس کامیابی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا’’سیٹیلائٹس کی خلائی ڈاکنگ کے کامیاب مظاہرہ کیلئے اسرو کے ہمارے سائنس دانوں اور پوری خلائی برادری کو مبارکباد۔ یہ آنے والے برسوں میں ہندوستان کے اہم اور کثیر المقاصد خلائی مہمات کیلئے ایک بڑا قدم ہے۔ ‘‘کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی اس کامیابی اسروکی ستائش کی ا ور مبارکباد دی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس کامیابی کو خلا میں ہندوستان کی چھلانگ قراردیا۔