۲۰؍ دنوں میں آتشزدگی کا تیسرا واقعہ، انتظامات پر سوالیہ نشان، آگ پر قابو پانے کیلئے ۱۳۱؍ کروڑ کا نظم بے اثر۔
EPAPER
Updated: February 08, 2025, 4:01 PM IST | Abdullah Arshad | Lucknow
۲۰؍ دنوں میں آتشزدگی کا تیسرا واقعہ، انتظامات پر سوالیہ نشان، آگ پر قابو پانے کیلئے ۱۳۱؍ کروڑ کا نظم بے اثر۔
پریاگ راج کے مہاکمبھ میلہ میں جمعہ کی صبح پھر آگ لگ گئی۔ شنکراچاریہ مارگ پر واقع سیکٹر۱۸؍ میں ’اسکان‘ کے کیمپ میں لگنے والے اس آگ نے ۳۲؍ خیموں کو خاکستر کردیا تاہم انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
صبح ساٹھے۱۰؍ بجے آگ لگتے ہی علاقہ میں افراتفری مچ گئی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کرکافی مشقت کےبعد آگ پر قابو پا لیا۔ گزشتہ ۲۰؍دنوں میں آتشزدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ یہ صورتحال اس وقت ہے جب یوگی حکومت نے آگ پرقابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مزین ۵۰؍فائر اسٹیشن اوربیس فائر پوسٹ بنوائے ہیں اور فائر سروس کو بہتر بنانے کے لئے ۱۳۱؍کروڑ سے زائد خرچ کئے ہیں۔
اس سے قبل بھی میلہ میں ۱۹؍ جنوری کو سیکٹر ۱۹؍ میں واقع گیتا پریس کے کیمپ میں آگ لگ گئی تھی جس کے سبب سیکٹر ۱۸ اور ۱۹؍ میں موجود تقریباً ڈھائی سے تین سو کیمپ جل کر راکھ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد ۳۰؍ جنوری کو سیکٹر ۲۱؍ میں واقع ناگیشور پنڈال میں آگ لگنے سے ایک درجن سے زائد کیمپ جل کر راکھ ہو گئے تھے۔ ان تینوں واقعات کے بعد کمبھ میلہ فائر سروس کے عملہ کی تعریف کی جارہی ہے کہ عملہ کی مستعدی کے سبب آگ کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ نہیں پیش آیا ہے ۔