• Sun, 02 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ادھو ٹھاکرے پر ایک اور تلوار، ایس آئی ٹی تشکیل

Updated: February 02, 2025, 1:11 PM IST | Agency | Mumbai

سابق وزیر اعلیٰ کے دور میں فرنویس اور شندے کو جھوٹے کیس میں پھنسانے کی کوشش کے الزام کی جانچ کا حکم ، ایک ماہ میں رپوٹ طلب۔

Devendra Fadnavis (right) is now in revenge mode.  Photo: INN
دیویندر فرنویس( دائیں) ابھی اور انتقام لینے کے موڈ میں ہیں۔ تصویر: آئی این این

 مہاراشٹر حکومت نے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے دور حکومت میں اس وقت کے اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس ( موجودہ وزیر اعلیٰ) اور وزیر برائے شہری ترقیات  ایکناتھ شندے( موجودہ نائب وزیراعلیٰ) کو جھوٹے کیس میں پھنسانے کی مبینہ سازش کی جانچ کیلئے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ یاد رہے کہ دیویندر فرنویس اور ایکناتھ شندے کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ ادھو ٹھاکرے جب وزیر اعلیٰ تھے تو  انہوں نے  ان دونوں کو جیل میں ڈالنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اسی بنا پر شندے نے ادھو ٹھاکرے سے بغاوت کی تھی اور بی جے پی سے ہاتھ ملا لیا تھا۔  اب اپنے ہی الزام کی جانچ کیلئے فرنویس نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ 
  اطلاع کے مطابق  وزارت داخلہ نے جمعہ کی رات ایک ۴؍ رکنی  اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی )تشکیل دی ہے جس کی سربراہی  ممبئی کے جوائنٹ کمشنر ( لاء اینڈ آرڈر) ستیہ نارائن  چودھری کریں گے۔  اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس کے  ڈی آئی جی راجیو جین، ڈی سی پی نوناتھ دھوالے،  اور اے سی پی آدک رائو پول اس ٹیم کے دیگر اراکین ہوں گے۔  ایس آئی ٹی کو معاملے کی جانچ کرکے ایک ماہ کے اندر حکومت کو رپورٹ سونپنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ممبئی پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ  نوتشکیل شدہ ایس آئی ٹی کواس کی ضرورت کے مطابق افرادی قوت فراہم کرے۔ 
  یاد رہے کہ اس معاملے میں دیویندر فرنویس کے قریبی سمجھے جانے والے رکن اسمبلی پروین دریکر نے نومبر ۲۰۲۴ء میں ناگپور کے سرمائی اجلاس میں یہ معاملہ اٹھایا تھا اور اس کی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔  انہوں نے ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس کے اس الزام کو ایوان میں دہرایا تھا کہ ادھو ٹھاکرے کے زمانے میں ان دونوں لیڈران کو جھوٹے کیس میں پھنسانے کی سازش کی گئی تھی۔  اس وقت وزیر شمبھو راج دیسائی نے حکومت کی جانب سے دریکر کو جواب دیا تھا کہ جلد ہی حکومت ا س معاملے میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دے گی اور اس کی مکمل جانچ کروائے گی۔ 
  پروین دریکر نے ایوان میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس   ادھو ٹھاکرے کے زمانے کے ڈائریکٹر جنرل آف مہاراشٹر پولیس سنجے پانڈے کے فون کا ٹیپ ہے جس میں وہ تھانے کے ڈی سی پی لکشمی کانت پاٹل کو حکم دے رہے ہیں کہ وہ ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس کے خلاف معاملہ درج کریں اور دونوں کو گرفتار کریں۔ محکمۂ داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری وینکٹیش بھٹ کے جاری کردہ حکم نامے میں اس وقت کے تھانے کے ڈی سی پی لکشمی کانت پاٹل کے خلاف پروین دریکر کی ایوان میں پیش کی گئی معلومات کی بنیاد پر جانچ کا حکم دیا گیا  ہے۔  یاد رہے کہ یہ الزام سب سے پہلے ایکناتھ شندے نے ایک انٹرویو کے دوران لگایا تھا کہ ادھو ٹھاکرے دیویندر فرنویس کو جیل میں ڈالنے کی سازش کر رہے تھے۔ اس کے بعد دیویندر فرنویس نے بھی اس بات کو دہرایا تھا کہ ادھو ٹھاکرے انہیں گرفتار کروانا چاہتے تھے۔ ایکناتھ شندے نے اس کی مخالفت کی تو وہ ان کے بھی پیچھے پڑ گئے۔ اس کی تحقیقات کا حکم خود  فرنویس  نے ہی دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK