تجارتی جنگ کاخدشہ بڑھ گیا،سینسیکس اورنفٹی میں گراوٹ ، ۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے، مودی کے دورہ امریکہ سے قبل ٹرمپ کے اقدام سے ہندوستان متاثر۔
EPAPER
Updated: February 12, 2025, 11:52 AM IST | Agency | Mumbai
تجارتی جنگ کاخدشہ بڑھ گیا،سینسیکس اورنفٹی میں گراوٹ ، ۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے، مودی کے دورہ امریکہ سے قبل ٹرمپ کے اقدام سے ہندوستان متاثر۔
وزیراعظم مودی اپنے ’’ڈیئر فرینڈ‘‘ ٹرمپ سے ملنے کیلئے ہندوستان سے روانہ ہوچکے ہیں تاہم ان کے امریکہ پہنچنے سے قبل ڈونالڈ ٹرمپ نے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمد پر محصول بڑھا کر ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ انہوں نے ان دونوں دھاتوں کی امریکہ درآمد پر ۲۵؍فیصد درآمدی ٹیکس لگانے فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان امریکہ کو اسٹیل تو اُتنی بڑی مقدار میں برآمد نہیں کرتا البتہ ایلومینیم کی بھاری مقدار امریکہ بھیجتا ہے۔ اس پر ٹیرف لگنے کی وجہ سے یہ برآمد متاثر ہو نے کا اندیشہ ہے۔
ٹرمپ کے اقدام کی وجہ سے حالانکہ عالمی سطح پر تجارتی جنگ کا خطرہ شدید تر ہوگیا ہے مگر ہندوستان کا شیئر مارکیٹ بری طرح متاثر ہوا جہاں منگل کو افراتفری مچ گئی۔ کچھ ہی دیگر میں سینسیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹ گرگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سرمایہ کاروں کےتقریباً ۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے۔
بی ایس ای کا۳۰؍حصص پر مشتمل حساس انڈیکس سینسیکس ۱۱۰۰؍ پوائنٹس گر کر ۷۶؍ ہزار ۲۱۱؍ پر پہنچ گیا جبکہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی ۳۲۰؍ پوائنٹس گر کر ۲۳؍ ہزار ۶۰؍ پر پہنچ گیا۔ اس دوران بی ایس ای میں کل۴۰۹۷؍ کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا جن میں سے۳۴۷۸؍ میں فروخت،۵۲۵؍ میں خریداری اور۹۴؍ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح نفٹی کی۴۴؍ کمپنیوں میں گراوٹ جبکہ دیگر ۶؍ میں تیزی رہی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پرٹیرف بڑھانے کا جو اعلان کیا اور جس کے بعد یہ۲۵؍ فیصد تک ہوجائے گا، ہندوستانی مارکیٹ کیلئے جھٹکا ہے۔ ٹرمپ نے یہ فیصلہ بغیر کسی رعایت، استثنیٰ یا چھوٹ کے نافذ کرنے کا اعلان ہے۔