• Tue, 21 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ اور فرانس کے مابین کشیدگی کے درمیان انتھونی بلنکن کا پیرس دورہ

Updated: October 05, 2021, 11:40 AM IST | Agency | Washington

آکس معاہدے کے سبب پیدا ہونے والی فرانس کی ناراضگی کو دور کرنے کی امریکی کوشش۔ بلنکن اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے

US Secretary of State Anthony Blanken. Picture:INN
امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن (فائل فوٹو) ۔ تصویر: آئی این این

امریکہ اور فرانس کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کی خاطر  امریکی وزیرخارجہ انتھونی  بلنکن پیرس کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی سیکوریٹی شراکت داری بڑھنے پر فرانس اور امریکہ کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔مبصرین کا خیال ہے کہ انتھونی بلنکن، جن کے فرانس کے ساتھ مضبوط ذاتی تعلقات ہیں، اپنے اس دورے میں امریکہ اور فرانس کے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ اپنے دورے میں ۵؍اور ۶؍ اکتوبر کو ہونے والے اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے وزارتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یہ اجلاس تنظیم  کی ۶۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔ انتھونی بلنکن فرانس کے وزیرِ خارجہ ژاں ژیو یدگیان سے پیرس میں ملاقات بھی کریں گے۔ امریکی محکمۂ خارجہ کے جاری کردہ   بیان میں کہا گیا ہے کہ انتھونی بلنکن اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات میں انڈو پیسیفک خطے میںسیکوریٹی ، آب و ہوا کے بحران، کورونا وائرس  سے تباہ ہونے والی  معیشت کی بحالی، ٹرانس اٹلانٹک تعلقات پر گفتگو کریں گے۔اس کے علاوہ دونوں سفارتکار عالمی مواقع اور چیلنج سے نمٹنے کیلئے اتحادیوں کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ  مختلف معاملات پر امریکہ اور فرانس کے تعلقات مزید مضبوط کرنے پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
امریکہ فرانس کشیدگی
 امریکی  صدر جو بائیڈن نے ۱۵؍ ستمبر کو آسٹریلیا اور برطانیہ کے ساتھ ایک نئے سیکوریٹی معاہدے کا اعلان کیا تھا۔معاہدے کے تحت آسٹریلیا کو۸؍ جوہری ٹیکنالوجی سے کام کرنے والی آب دوزیں بنانے میں مدد کی جائے گی۔ اس معاہدے کے بعد آسٹریلیا نے فرانس سے کئے گئے معاہدے کو توڑ دیا جس پر فرانس ناراض ہو گیا اور اس نے  امریکہ اور آسٹریلیا سے اپنے سفیر واپس بلا لئے۔ بعد ازاںاس کشیدگی کو کم کرنے کیلئے جو بائیڈن نے ایمانویل میکرن سے فون پر بات کی  جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اکتوبر کے آخر میں دونوں لیڈران خود آپس میں ملاقات کرکے اس مسئلے پر بات کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK