بی ایم سی اور الیکشن کمیشن نے تنظیموں ،انجمنوں اور پیشہ وارانہ اداروں سے شہریوں کو ہر ممکن ووٹ ڈالنے کی جانب راغب کرنے کی اپیل کی ۔ ووٹنگ کا فیصد بڑھانے کیلئے دکاندار ، ریسٹورنٹ اور سنیما اسوسی ایشن نے بھی ووٹ ڈالنے والوں کیلئے ۲۰؍، ۲۱؍ اور ۲۲؍ نومبر کو ۱۰؍ تا ۲۰؍ فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے اسمبلی الیکشن میں ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئے مختلف اسوسی ایشن کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کی
ایک طرف جہاں۲۰؍ نومبر کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے والی مختلف سیاسی جماعتوںکےلیڈران اور کارکنان مختلف وعدوں اور یقینی دہانیوں کا حوالہ دے کر رائے دہندگان سے ووٹ دینے کی اپیل کررہے ہیں ۔ وہیں الیکشن کمیشن اور ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) نے اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئےریلوے اسٹیشنوں ، بس اسٹینڈ اور دیگر ذرائع سے شہریوں سے ہر حال میں اپنے آئینی حق کا استعمال کرنے کی اپیل کررہے ہیں ۔ ساتھ ہی اس سلسلہ میں شہری انتظامیہ نے مختلف تنظیموں، انجمنوں اور پیشہ ورانہ اداروںسے بھی ووٹنگ کا فیصد بڑھانےکیلئےاورعوام میں بیداری پیداکرنےکی در خواست کی ہے ۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرو بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی نے پولنگ کے دوران رائے دہندگان کو ہونے والی پریشانی اور بنیادی سہولتوں کےفقدان کے سبب پیدا ہونے والی عدم دلچسپی کو ہر ممکن ختم کرنے اور اس ضمن میں کی جان والی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ایک میٹنگ کا اہتمام کیا تھا۔بائیکلہ کے ویرماتا جیجا بائی بھوسلے بوٹینیکل گارڈن( چڑیا گھر)کے پینگوئن ہال میں ہونے والی اس میٹنگ میں شہر اور مضافات کے تمام ایڈیشنل کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، الیکشن آفیسر، کلکٹرس نے شرکت کی ۔ اس میٹنگ کے دوران جہاں بھوشن گگرانی نے تمام ۲۴؍ وارڈ کے بی ایم سی اسسٹنٹ کمشنروں کو پولنگ کے دوران رائے دہندگان کوصاف صفائی ، کولر ، پنکھے ، پانی اور بیت الخلاءکا معقول انتظام کرنے جیسی بنیادی سہولتوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ وہیں ووٹروں کوہونے والی پریشانی کو فوری طو ر پر حل کرنے کیلئے راشٹر سیوا دل (این ایس ایس) اور نیشنل اسٹوڈنٹس آرمی (این سی سی) کے رضا کاروں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی اطلاع دی ۔
ووٹنگ کے دوران پولنگ افسران کو مشینوں کی خرابی کے سبب پیش آنے والی دقتوں کے فوری حل کیلئے الیکشن او ر پولنگ افسران کو تکنیکی اسٹاف اور اضافی ای وی ایم مشین کی موجودگی کو بھی ضروری قرار دیا ہے ۔ اسی درمیان انہوںنے عروس البلاد ممبئی میں گزشتہ انتخابات میں ریاست کے دیگر حصوں کے مقابلہ ممبئی میں ووٹوں کا فیصد کم ہونے پر فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں جہاں بس اسٹینڈ،ٹی وی چینلوں،اخبارات، ریلوے اسٹیشنوں پر اعلانات کے ذریعہ عوام سے ہر ممکن ووٹ دینے کی اپیل کی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی نامور فنکاروں، کھلاڑیوں کے ذریعہ بھی عوام کو یقینی طور پر حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کرائی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ شہری تنظیمیں ،انجمنیں اور پیشہ وارانہ ادارے بھی اس سلسلہ میں بی ایم سی اورالیکشن کمیشن کی اپیل پر شہریوں کو بیدار کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
ووٹروں کیلئے رعایت کا اعلان!
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی ایم سی اور الیکشن کمیشن کی جانب سےووٹوں کا فیصد بڑھانے کی مختلف کوششوں اور اپیلوں پر شہر کی مختلف تجارتی انجمنوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔ ووٹروں کا فیصد بڑھانے کیلئے شاپنگ مال ، کیٹرنگ اور تفریحی خدمات فراہم کرنے والے ادارہ و انجمنوں نے بھی ووٹ ڈالنے والے رائے دہندگان کو ۲۰؍ ۲۱؍ اور ۲۲؍ نومبر تک ۱۰؍ تا ۲۰؍ فیصد تک چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔اس سلسلہ میں مہاراشٹر ریٹیلرز اسوسی ایشن، فوڈ اسوسی ایشن ،ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اسوسی ایشن، اسوسی ایشن آف سنیما پروفیشنلز اور بہت سے دوسرے نجی صنعتی گروپس اور تجارتی اداروں نے اپنی سطح پر ووٹ ڈالنے والوں کیلئے رعایت کا اعلان کیا ہے۔رائے دہندگان ووٹ ڈالنے کے بعد خریداری پر ۱۰؍تا ۲۰؍فیصد چھوٹ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔