سماجی رضا کاروں نے وزیر اعظم اور ریاستی وزیر اعلیٰ کو مکتوب روانہ کیا ۔ اس سلسلے میں ۲۰۱۸ء میں سابق مرکزی وزیر برائے اقلیتی امورمختار عباس نقوی کا پائلٹ پروجیکٹ بھی یاد دلایا گیا۔
EPAPER
Updated: April 23, 2025, 12:24 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
سماجی رضا کاروں نے وزیر اعظم اور ریاستی وزیر اعلیٰ کو مکتوب روانہ کیا ۔ اس سلسلے میں ۲۰۱۸ء میں سابق مرکزی وزیر برائے اقلیتی امورمختار عباس نقوی کا پائلٹ پروجیکٹ بھی یاد دلایا گیا۔
بیلارڈ پیئر میں پیر کوممبئی انٹر نیشنل کروز ٹرمنل کا ا فتتاح ہوا جس سے بحری جہاز سے سفر اور تجارتی مواقع بھی ملیں گے۔ مختلف کمپنیوں نے بحری جہازوں کی سروس بھی شروع کردی ہیں۔ اس کے پیش نظر شہر کے چند سماجی رضا کاروں نے مرکزی اور ریاستی حکومت سے بحری جہازوں کے ذریعے حج و عمرہ کے سفرکو بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔
اس سلسلہ میں سماجی کارکنان فاروق ڈھالا، سید ایم اسماعیل، سید گلزار رانا اور عرفان مچھی والا نےوزیر اعظم نریندر مودی اور ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو ای میل اور اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ مکتوب روانہ کیا ہے جس میں ماضی میں سمندر کے راستہ حج کیلئے سفرکوبحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممبئی میں ہندوستان کے اس سب سے بڑے کروزٹرمنل سےمختلف کمپنیوں کے جہازوں کے ذریعہ سمندری سفر اور تجارتی خدمات شروع ہوچکی ہیں تو حج اور عمرہ پر جانے والے عازمین کیلئے بھی سمندری سفر بحال کیو ں نہیں کیا جاسکتا ہے ؟
مذکورہ سماجی کارکنان نے موجودہ دور میں جدید اور اعلیٰ تکنیک سے بنائے گئے جہازوں کی مدد سے اب بحر عرب میں ممبئی سے جدہ کا سفر محض ۳؍ سے چاردنوں میں مکمل ہونےکابھی دعویٰ کیا۔ انہوں نےروانہ کئے گئے خط کے ذریعہ یہ بھی یاد دلایا کہ ۲۰۱۸ء میں اس وقت کے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ممبئی سے جدہ جانے والے زائرین کے لئے ایک پائلٹ پروجیکٹ شرو ع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی حکومت نے بھی اس کی حمایت کی تھی۔ تاہم یہ منصوبہ اعلان کے مرحلہ سے آگے نہیں بڑھ سکا۔
سماجی رضا کار عرفان مچھی والا اور گلزار رانا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہےکہ سمندر کے راستے سفر روحانی ہونے کے ساتھ ساتھ ہوائی جہاز کے مقابلے سستا بھی ثابت ہوگا۔