۶۰؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو مذہبی مقامات پر بھیجنے کی مذکورہ اسکیم ۱۴؍جولائی۲۰۲۴ء کو حکومت نے منظور کی تھی
EPAPER
Updated: September 15, 2024, 10:15 AM IST | Mumbai
۶۰؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو مذہبی مقامات پر بھیجنے کی مذکورہ اسکیم ۱۴؍جولائی۲۰۲۴ء کو حکومت نے منظور کی تھی
حکومت مہاراشٹر کی جانب سے معمر افراد کو مذہبی مقامات کی زیارت پر بھیجنے کی اسکیم شروع کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اجمیر شریف کی بھی زیارت کی جاسکتی ہے۔ اسکیم سے استفادہ کرنے کیلئے۶۰؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد ۳۱ ؍اکتوبر تک آف لائن درخواست دے سکتے ہیں ۔ کیونکہ آن لائن سسٹم ابھی شروع نہیں ہو سکتا ہے۔
اس سلسلے میں سنیچر کو اسسٹنٹ کمشنر سمادھان انگلے تھانے کے خواہشمند شہریوں سے اپیل کی ہے کہ یہ درخواست فارم اسسٹنٹ کمشنر، سماجی بہبود، چوتھا منزلہ، سماجی انصاف بھون، دتاواڑی، سوامی سمرتھ مٹھا کے سامنے، کلوا، تھانے۔ ۴۰۰۶۰۵؍ میں جمع کرائیں۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ آفس سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں مختلف مقامات پر متعدد مذاہب کے اہم زیارت گاہیں ہیں جہاں زیادہ تر بزرگ شہری اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جانے کا خواب دیکھتے ہیں لیکن ان کے پاس اتنی رقم بھی نہیں ہوتی کہ وہ مذہبی مقام کے آمد و رفت کا خرچ برداشت کر سکیں۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے، عام بزرگ شہریوں کیلئے ملک کے اہم مقامات کی زیارت کو آسان بنانے نیز ذہنی اور روحانی سکون حاصل کرنے کیلئے،سماجی انصاف اور خصوصی امداد کے ریاستی محکمے کی جانب سے’وزیر اعلیٰ تیرتھ درشن‘ اسکیم شروع کی ہے۔
۶۰؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو مذہبی مقامات پر بھیجنے کی مذکورہ اسکیم ۱۴؍جولائی۲۰۲۴ء کو حکومت منظور ی کی تھی۔ اس اسکیم کے تحت فی شخص زیادہ سے زیادہ ۳۰ ؍ہزار روپے خرچ حکومت کی جانب سے دیا جائے گا جس میں سفر، کھانا اور رہائش وغیرہ شامل ہے۔ ہندوستان اور۶۶؍ ریاستوں میں۷۳؍ نامزد مقامات میں سے کسی ایک کی یاترا کیلئے اسکیم کا ایک بار فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس اسکیم سے اہل مسافروں کا انتخاب ضلعی سطح پر سرپرست وزیر کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ذریعے کیا جائے گا۔چونکہ اس اسکیم کا آن لائن پورٹل فی الحال کام نہیں کر رہا ہے، اس لئے جو بزرگ شہری اس اسکیم سے منتخب ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں ۳۱؍ اکتوبر۲۰۲۴ء تک آف لائن درخواست دینی ہوگی۔ آدھار کارڈ، راشن کارڈ، رہائش کا ثبوت، آمدنی کا ثبوت، میڈیکل سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ سائز فوٹو، موبائل نمبر، درخواست دیتے وقت اسکیم کی شرائط کی تعمیل کرنے کا عہد وغیرہ دستاویزات درکار ہوں گے۔
اسکیم کی درخواستیں قبول کرنے کیلئے حکومتی سطح سے پورٹل کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔ اس سے پہلے جو بزرگ شہری اس اسکیم میں دلچسپی رکھتے ہیں ،وہ اپنی سطح پر دستاویزات تیار کرلیں۔