• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہاکروں کیخلاف کارروائی کیلئے کانٹریکٹ پر ملازمین کی تقرری

Updated: July 04, 2023, 10:24 AM IST | Mumbai

ممبئی میونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی ہاکروں پر قدغن لگانے کیلئے ملازمین کی تقرری کیلئے ٹینڈر جاری کئے

BMC contract employees will now keep an eye on the illegal hawkers. (File Photo)
غیر قانونی ہاکروں پر اب بی ایم سی کے کانٹریکٹ ملازمین نظر رکھیںگے۔(فائل فوٹو)

 ممبئی میں غیر قانونی ہاکروں کے بڑھتے مسئلے پر قابو پانے کے لئے ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ان کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے کانٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمین کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے ممبئی کے تمام وارڈوں میں الگ الگ ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں۔ اسی کیساتھ پھیری والوں کے   ضبط شدہ سامان کو گودام تک لے جانے کیلئے بھی کرائے  پرٹرک  لئے جائیں گے۔  واضح رہے کہ اس وقت میونسپل کارپوریشن کے پاس غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کیلئے  افرادی قوت کی کمی ہے اسی سبب اب کانٹریکٹ پر ملازمین کو تعینات کیا جائےگا۔
 ممبئی میں اس وقت تقریباً ایک لاکھ ہاکروں نے سڑکوں کے کنارے اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی طریقے سے اپنی دکانیں بنا رکھی ہیں۔ اس کی  وجہ سے ٹریفک کے مسائل، پیدل چلنے والوں کو جگہ کی کمی کی وجہ سے دشواری کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن روزانہ وارڈوں میں  غیر قانونی ہاکروں کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔ تاہم پھر وہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ ان غیر قانونی پھیری والوں اور ہاکروںکو ہٹانے کے باوجود محکمے میں افرادی قوت کی کمی کے باعث ہاکروں کیخلاف مؤثر کارروائی نہیں کی پاتی۔
 ہاکروں کی تعداد اور کارروائی کی رفتار کو دیکھتے ہوئے میونسپل انتظامیہ نے کانٹریکٹ پر ملازمین کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تمام ۲۴؍وارڈوں میں اس کیلئے ٹینڈر جاری کر دئیے گئے ہیں اور جلد ہی ان ملازمین کی تقرری کر دی جائے گی۔ممبئی میونسپل کارپوریشن نے جنوری سے مئی ۲۰۲۳ءتک ۵؍ مہینوں میں غیرقانونی ہاکروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس دوران ۷۶؍ہزار ۲۳۵؍ہاکروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ دریں اثنا ان کارروائیوں میں اپریل کے مقابلے مئی میں اضافہ ہوا ہے۔ مئی میں ۱۷؍ہزار ۸۰۶؍ہاکروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ممبئی شہر اور مضافات بالخصوص ریلوے اسٹیشنوں  کے باہر غیر قانونی ہاکروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان کے خلاف مسلسل شکایات آرہی ہیں۔ اسی لئے کانٹریکٹ پر ملازمین کی تقرری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
 یاد رہے کہ ہاکر پالیسی گزشتہ ۹؍ سال سے  التوا کا شکار ہے۔۲۰۱۴ءمیں ممبئی میونسپل کارپوریشن نے مرکزی حکومت کے حکم کے بعد ممبئی میں ہاکروں کا سروے کیا تھا۔ ممبئی میں ایک لاکھ ۲۸؍ ہزار ۴۴۳؍ہاکرس پائے گئے تھے۔ اس سلسلے میں ممبئی کے۲۴؍ وارڈوں سے ۹۹؍ ہزار  ۴۳۵؍درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ جانچ پڑتال کے بعد بلدیہ کی جانب سے ۱۵؍ہزار ۳۶۱؍ہاکروں کو اہل قرار دیا گیا تھا۔ اب یہ تعداد ۳۲؍ہزار ۴۰۷؍ہے لیکن ۹؍سال  کے بعد بھی ہاکر پالیسی نہیں بن سکی ہے۔

BMC Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK