Inquilab Logo

کینیڈا میں اسلامو فوبیا پر قدغن لگانے کیلئے خصوصی نمائندے کا تقرر

Updated: January 28, 2023, 11:57 AM IST | MUMBAI

Protests against Islamophobia in Canada also went well, inset: Amira Al-Ghawabi
اسلامو فوبیا کیخلاف کینیڈا میں احتجاج بھی خوب ہوئے ، انسیٹ : امیرہ الغوابی

 — کینیڈا نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنا پہلا خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے تاکہ حالیہ برسوں میں ملک کی مسلم کمیونٹی کو ہدف بنا کر کئے جانے والے حملوں، نفرت اور امتیازی سلوک کو روکا جا سکے۔
 وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ انسانی حقوق کی وکیل امیرہ الغوابی یہ عہدہ سنبھالیں گی اور وہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے سرکاری  پالیسیوں، قانون سازی اور دیگر پروگراموں کے تعلق سے مشورے دیں گی۔ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تنوع کینیڈا کی  تمام  طاقتوں میں سب سے اہم ہے لیکن یہااں بہت سے مسلمانوں کو اسلامو فوبیا کا بھی سامنا کرنا پڑتا   ہے۔ ہمیں اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ’’ ہمارے ملک میں کسی کو بھی اپنے عقیدے کی وجہ سے نفرت کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔‘‘
 انہوں نے الغوابی کی تقرری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا اور اس کی تمام شکلوں میں نفرت کے خلاف لڑائی کیلئے یہ ایک اہم قدم ہے۔ کئی برسوں سے کینیڈا میں مسلم کمیونٹی کے رہنما حکام سے نسل پرستی، نفرت انگیز تشدد اور انتہائی دائیں بازو کے گروپوں کے پھیلاو کو روکنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ۲۰۰۲ء کی ایک تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حالیہ برسوں میں ملک میں نفرت کی تشہیر کرنے والے گروپوں کی تعداد میں ۳؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔
 مسلم کمیونٹی کو ہدف بنا کر کئے جانے والے مہلک اور پرتشدد واقعات کے ایک سلسلے کے بعد، جس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی، ٹروڈو کی حکومت نے نفرت کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک سربراہی اجلاس بلایا۔ یاد رہے کہ کینیڈا میں جون ۲۰۲۱ء میں، ایک مسلم خاندان کے چار افراد اس وقت مارے گئے جب صوبے انٹاریو میں ایک شخص نے اپنا ٹرک ان پر چڑھا دیا۔  جبکہ ۲۰۱۷ء میں کیوبیک سٹی کی ایک مسجد میں ایک مسلح شخص نے ۶؍افراد کو اس وقت قتل کر دیا جب وہ نماز پڑھ رہے تھے۔
 فیصلے کا خیر مقدم
 ایمنسٹی کینیڈا نے امیرہ الغوابی کی تقرری کو نفرت کے خاتمے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔جمعرات کو، مسلمانوں کے ایک گروپ نیشنل کونسل آف کینیڈین نےالغوابی کی تقرری کا خیر مقدم کیا ۔گروپ کے سی ای او، اسٹیفن براؤن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب کینیڈا کی حکومت اسلامو فوبیا کے خلاف لڑائی کیلئے میدان میں اتری ہے۔ یاد رہے کہ اس طرح کا مطالبہ کافی دنوں سے کیا جا رہا تھا۔ 

canada Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK