• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آرے کالونی :خاتون پرتیندوے کا حملہ ، بس ڈرائیور نے متاثرہ کی جان بچائی

Updated: November 15, 2022, 10:03 AM IST | Mumbai

جس سڑک پر یہ واقعہ ہوا ،وہاں اسٹریٹ لائٹ نہیں ہے۔ ۴۰؍ دن کےاندر چوتھا واقعہ ۔ مقامی افراد خوفزدہ

Best Bus driver Dipesh O`Haraw explaining the location
بیسٹ بس ڈرائیور دپیش اوہاڑوہ جگہ بتاتے ہوئے

یہاں آرے کالونی میں تیندوے نے ایک مرتبہ پھر حملہ کرکے ایک خاتون کو زخمی کردیا۔ خوش قسمتی سے متاثرہ اس وقت بچ گئی جب وہاں پہنچنے والے بیسٹ بس ڈرائیور نے اسے بچالیا۔ ۴۰؍ دن کے اندر تیندوے کا یہ  چوتھا حملہ تھا۔ درندے کے حملے میں ایک بچی ہلاک ہوچکی ہے۔
 گزشتہ روز شام ۷؍ بجے سریتا گورو(۳۸) جنگل کے قریب کے راستے سے گزررہی تھی تبھی تیندوے نے اس پر حملہ کردیا۔ اس دوران بیسٹ بس ڈرائیور دپیش سنیل اوہاڑ گاڑی لے کر اسی سڑک پر آیا ۔ دپیش نے اس تعلق سے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’جیسے ہی میں آدرش نگر کی جانب بس چلاتے ہوئے موڑپر پہنچا تو یہ دیکھ کردھچکالگا کہ ایک تیندوے نے خاتون پر حملہ کردیا ہے۔ وہ میری بس سے چند میٹر دور زمین پر پڑی تھی اور تیندوا اس کے دائیں بازو تھا۔ میں نے فوراً ہارن بجاناشروع کردیا اور بس میں موجود ہر شخص چیخنے لگا۔ تیندوا فوراً جھاڑیوں میں بھاگ نکلا۔‘‘ جب خاتون بس کی طرف آنے لگی تو دپیش اوہاڑاسے بچانے کیلئے بس سے اترا۔ چونکہ وہاں اسٹریٹ لائٹ نہیں تھی اس لئے ڈرائیور نے بس کی ہیڈلائٹس جلادیں۔ انہوں نے بتایاکہ ’’ میں نے اپنی جانب کا دروازہ کھولا اور اسے بس میں سوار کرنے میں مدد کی۔ خاتون صدمے میں تھی اور اس کی پیٹھ پر زخم آئے تھے۔‘‘ اسے فوراً اس کے علاقے پہنچایا گیا۔
 جیسے ہی تیندوے کے حملے کی خبر پھیلی ، تقریباً ۳۰۰؍ افراد قریبی مقامی دواخانے پر جمع ہوگئے جہاںسریتاگورو کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعدازیں اسے محکمۂ جنگلات کی گاڑی کے ذریعے بالاصاحب ٹھاکرے ٹراما سینٹر لے جایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹ (اے سی ایف) گریجادیسائی  اور رینج فاریسٹ آفیسر (آر ایف او) راجیش بھوئیر ممبئی رینج اسٹاف اور سنجے گاندھی نیشنل پارک کے عملے کے ہمراہ اسپتال پہنچے اور پھر وہاں سے اس جگہ گئے جہاں تیندوے نے خاتون پر حملہ کیا تھا۔ محکمۂ جنگلات نے تیندوے کوپکڑنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ علاقے میں ۳۰؍ سے زائد ٹریپ کیمرے نصب کئے گئے اور ۴؍ پنجرے بھی رکھے گئے ہیں۔
 یاد رہے کہ اس سے قبل ۴؍اکتوبر کو آدرش نگرکےرہنے والے ہمانشو اودیش یادو پر تیندوے نے حملہ کیا تھا۔ ۲۴؍ اکتوبر کو ۶؍ مہینے کی اتیکااکھلیش لاٹ پر آرے کالونی یونٹ ۱۵؍ میں حملہ کرکے تیندوے نے اسے موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔ ۶؍ نومبر کو اسی یونٹ کے قریب رام یادو (۶۱) کودرندے نے حملہ کرکے زخمی کردیاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK