ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ مرکزی وزیر برائے کھیل کود رکھشا کھڑسے کی بیٹی اور اس کی سہیلوں کے ساتھ جلگائوں کے مکتائی نگر میں لگنے والے ایک مذہبی پروگرام کے میلے میں چھیڑ خانی کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: March 04, 2025, 10:36 AM IST | Agency | Jalgaon/Mumbai
ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ مرکزی وزیر برائے کھیل کود رکھشا کھڑسے کی بیٹی اور اس کی سہیلوں کے ساتھ جلگائوں کے مکتائی نگر میں لگنے والے ایک مذہبی پروگرام کے میلے میں چھیڑ خانی کی گئی ہے۔
ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ مرکزی وزیر برائے کھیل کود رکھشا کھڑسے کی بیٹی اور اس کی سہیلوں کے ساتھ جلگائوں کے مکتائی نگر میں لگنے والے ایک مذہبی پروگرام کے میلے میں چھیڑ خانی کی گئی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے اب تک ۳؍ لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا تھا کہ اس جرم میں ایک مخصوص پارٹی کے لوگ شامل ہیں ۔ ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کسی بھی مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔
دیویندر فرنویس نے یہ نہیں بتایا کہ ان ملزمین کا تعلق کس پارٹی سے ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ ان میں سے بیشتر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی پارٹی شیوسینا میں ہیں۔ یاد رہے کہ پولیس نے ۷؍ لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ ان میں سے ۳؍ کو گرفتار کیا جا چکاہے۔ ملزمین میں شامل انیکیت بھوئی، جلگائوں ضلع سے شیوسینا (شندے) کےضلع نائب صدر چھوٹی بھائی کا بھتیجا ہے۔ چھوٹو بھائی رکن اسمبلی چندر کانت پاٹل کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ انیکیت پر اس سے پہلے غنڈہ گردی اور مارپیٹ کے ۴؍ معاملے مکتائی نگر پولیس اسٹیشن میں درج ہیں۔ اس کے علاوہ پیوش مورے نامی ملزم تو بی جے پی کا کارپوریٹر رہ چکا ہے۔ وہ کچھ عرصہ قبل ہی رکن اسمبلی چندر کانت پاٹل کے ساتھ شیوسینا ( شندے) میں شامل ہوا ہے۔ فی الحال وہ کسی بھی عہدے پر نہیں ہے۔ اس کے علاوہ سچن پالوے نامی ملزم شندے کی پارٹی کا شہر صدر ہے۔ دیگر ملزمین شیوسینا (شندے ) کے کسی عہدے پر فائز نہیں ہیں لیکن وہ کسی نہ کسی طرح پارٹی سے وابستہ ہیں۔ لہٰذا اب سوال کیا جا رہا ہے کہ اقتدار کے نشے میں ان لوگوں نے یہ جرم کیا ہے؟
’’یہ لوگ خود کو شیوسینا کا وارث کہتے ہیں ‘‘
اس دوران شیوسینا (ادھو) کے ترجمان اور’ سامنا‘ اخبار کے ایڈیٹر سنجے رائوت کا کہنا ہے کہ ’’ والمیک کراڈ، کرشنا اندھارے اور دھننجے منڈے جیسے سماجی کارکنان ہی نے رکھشا کھڑسے کی بیٹی کے ساتھ چھیڑ خانی کی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ چھیڑ خانی میں ملوث یہ افراد کون ہیں ؟ کس لیڈر کے قریبی ہیں یہ ہم نے سامنا اخبار کے صفحۂ اول پر شائع کیا۔ موجودہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ اس کی کئی تصاویر ہیں ان میں سے ایک تصویر ہم نے سامنا میں شائع کی ہے۔ ‘‘ رائوت نے طنز کیا کہ ’’ اس طرح کی ذہنیت کے لوگ خود کو شیوسینا کا وارث کہتے ہیں۔ یہ لیڈر جس طرح کا ہے اس کے کارکنان بھی اسی طرح کے ہیں۔ یہ سارے مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے لوگ ایک ہی نظریے کے حامل ہیں۔
رائوت نےکہا ’’ وزیر اعلیٰ کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ ریاست کے نظم ونسق پر توجہ دیں کیونکہ وہ سیاست میں مصروف رہتے ہیں۔ مجھ ان لوگوں سے پوچھنا ہے کہ مہاراشٹر میں آپ اقتدار کے دم پر کیا کرنا چاہتے ہیں ؟ ‘‘ کانگریس کے سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار نے بھی واقع پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ مرکزی وزیر کو خود پولیس اسٹیشن جا کر مطالبہ کرنا پڑ رہا ہے کہ پولیس ملزمین کو گرفتار کرے۔ ہم پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ اس وقت ریاست میں پولیس غیر جانبدار نہیں ہے کیونکہ مہایوتی میں بیٹھے لیڈران غنڈوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ ‘‘ رکھشا کھڑسے کی نند روہنی کھڑسے این سی پی (شرد) کی خاتون سیل کی ریاستی صدر ہیں، وہ بھی کہتی ہیں کہ ملزمین کا تعلق ایکناتھ شندے کی پارٹی سے ہے جو اس وقت حکومت میں شامل ہے۔