• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

عارف محمد خان نے بہار کے گورنرکا حلف لیا

Updated: January 03, 2025, 12:08 PM IST | Javed Akhtar | Patna

پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ونود چندرن نے حلف دلایا، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے علاوہ دونوں نائب وزرائےاعلیٰ، سیاسی لیڈران اور افسران موجود تھے۔

Arif Muhammad Khan can be seen taking oath as the Governor of Bihar. Photo: INN
عارف محمد خان کو بہار کے گورنر کے طور پر حلف لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

سابق مرکزی وزیر اور کیرالہ کے سابق گورنر عارف محمد خان نے جمعرات کوبہارکے۴۲؍ویں گورنر کے طور پر حلف لیا۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ونودچندرن نے راج بھون کے راجندر منڈپ ہال میں ایک تقریب کے دوران انہیں عہدے اور راز داری کا حلف دلایا۔ عارف محمد خان نے رخصت پذیر گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر کی جگہ لی ہے۔ راجندر وشوناتھ آرلیکر کو کیرالہ کا گورنر بنایا گیا ہے۔ نئے گورنر عارف محمد خان کی حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے علاوہ دونوں نائب وزراءاعلیٰ، سیاسی لیڈران اور افسران بھی موجود تھے۔ 
 عہدہ کا حلف لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے گورنر عارف محمد خان نے کہا کہ بہار کی شاندار تاریخ ہے۔ بہار کے لوگوں میں زبردست صلاحیت ہے۔ اگر آپ توجہ دیں تو پورےملک کانظام بہار کے لوگ چلا رہے ہیں۔ بہار کے لوگوں میں جو صلاحیت ہے اس کے ساتھ بہار بہت آگے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں خادم بن کر آیا ہوں۔ بہار کے عوام کی خدمت اور فلاح وبہبود کے لیے لگاتار کام کروں گا۔ ان سے جب آر جے ڈی کےصدر لالویادو سے ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں سے ملنے گئے تھے جن سے ان کی پرانی شناسائی تھی۔ عارف محمد خان نے کہاکہ ’’ہمیں ہر چیز میں سیاست نہیں تلاش کرنی چاہیے۔ ‘‘
 عارف محمد خان کا آبائی وطن اتر پردیش ہے۔ انہوں نے ۲۶؍ سال کی عمر میں طلبہ لیڈر کے طورپرسیاسی سفرشروع کیاتھا۔ وہ اتر پردیش اسمبلی اور لوک سبھا کے رکن رہ چکے ہیں اور سابق وزیر اعلیٰ راجیو گاندھی اور وشوناتھ پرتاپ سنگھ کی کابینہ میں مرکزی وزیر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ وہ جنتاپارٹی، لوک دل، بہوجن سماج پارٹی، کانگریس اورجنتادل ہوتے ہوئے بی جےپی میں آئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK