• Sun, 10 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی ماؤں نے بھی دونوں طرف کے دِل جیت لئے!

Updated: August 10, 2024, 11:07 AM IST | Agency | New Delhi

ہند پاک دوستی :سروج دیوی نے ارشد ندیم کو بھی اپنا بیٹا قرار دیا جبکہ رضیہ پروین نے کہا کہ وہ نیرج کی کامیابی کیلئے ہمیشہ دُعاگو رہیں گی۔

Saroj Devi and Razia Parveen. Photo: INN
سروج دیوی اور رضیہ پروین۔ تصویر : آئی این این

اولمپکس میں پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ مقابلہ میں شامل دفاعی چمپئن نیرج چوپڑا کو چاندی  کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا لیکن میدان پر دونوں کی دوستی قابل دید تھی اور کچھ ایسا ہی میدان کے باہر ارشد اور نیرج کی مائوں نے بھی کیا۔ نیرج کی والدہ سروج دیوی اور ارشد کی والدہ رضیہ پروین نے اپنے بیانات سے دونوں طرف سب کے دل جیت لئے۔ جہاں سروج دیوی نے ارشد کو بھی اپنا بیٹا قرار دیا  وہیں رضیہ پروین نے کہا کہ وہ نیرج چوپڑا کی کامیابی کیلئے ہمیشہ دعاگو رہیں گی۔ 
میڈیا سے گفتگو میں نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی بیٹے کے چاندی کے تمغے پر خوش دکھائی دیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’اس کامیابی پر ہم بے حد خوش ہیں۔ ہمارے لئے چاندی کا تمغہ بھی سونے کے مترادف ہے جبکہ سونے کا تمغہ حاصل کرنے والا بھی میرے بیٹے جیسا ہی ہے، وہ بھی سخت محنت کرتا ہے۔ جب نیرج واپس آئے گا تو میں اپنے بچے کیلئے اس کی پسندیدہ ڈش بناؤں گی۔‘‘نیرج کے والد کا کہنا تھا کہ مجھے میرے بیٹے کے مظاہرہ پر فخر ہے۔ حالانکہ آج پاکستان کا دن تھا لیکن میرے بیٹے کی ہار زخمی ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ بہر حال ارشد کو طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد۔  
پاکستانی پنجاب کے میاں چھنو گائوں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم کی والدہ رضیہ پروین نے میڈیا سے کہا کہ ’’میں بہت دعائیں کرتی تھی اور میرے دل کی خواہش تھی کہ میرا بیٹا میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرے۔ پھر جیسے ہی ارشد ندیم نے طلائی تمغہ جیتا تو میں نے اپنے بیٹے کے  لئے شکرانے کے نفل ادا  کئے۔‘‘ نیرج چوپڑا  کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ’’وہ (نیرج چوپڑا) بھی میرے بیٹا جیسا ہے۔ وہ ندیم کا دوست بھی ہے اور بھائی بھی ہے۔ ہار اور جیت توہوتی رہتی ہے۔ اللہ اسے بھی کامیاب کرے۔ میں ہمیشہ نیرج کی کامیابی کیلئے دعا گو رہوں گی۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK