۶۰؍ سال سے زیادہ عمر کے شہری اس اسکیم سے استفادہ کر سکیں گے۔
EPAPER
Updated: December 19, 2024, 11:09 AM IST | New Delhi
۶۰؍ سال سے زیادہ عمر کے شہری اس اسکیم سے استفادہ کر سکیں گے۔
عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے بدھ کومعمر افرادکیلئے سنجیونی اسکیم کا اعلان کیا۔ دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل لائی گئی اس اسکیم کے تحت دہلی میں ۶۰؍ سال سے زیادہ عمر کےشہریوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ کیجریوال نے واضح کیا کہ یہ علاج تمام معمر شہریوں کیلئے مفت ہوگا، چاہے وہ کسی بھی زمرے میں آتے ہوں۔ اس سے قبلکیجریوال بزرگوں کیلئے ۲۵۰۰؍ روپے پنشن، آٹو ڈرائیوروں کیلئے ۵؍ لاکھ روپے تک کا بیمہ اور خواتین کیلئے ایک ہزار روپے ماہانہ کا اعلان کر چکے ہیں۔ دہلی اسمبلی کی موجودہ میعاد ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء کو ختم ہو رہی ہے۔ اگلے دو ماہ میں انتخابات ہو سکتے ہیں ۔ آخری اسمبلی انتخابات فروری ۲۰۲۰ء میں ہوئے تھے، جس میں عام آدمی پارٹی نے۷۰؍ میں سے ۶۲؍نشستیں حاصل کی تھیں۔
اس سے قبل ۱۲؍دسمبر کوکیجریوال نے خواتین کو ہر ماہ ایک ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم کو مہیلا سمان یوجنا کا نام دیا گیا ہے۔ ۱۸؍سال کی عمر پوری کرنے والی ہر خاتون اس اسکیم کے دائرے میں آئے گی۔ کیجریوال نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کے بعد خواتین کو ہر ماہ دی جانے والی رقم کو بڑھا کر۲۱۰۰؍روپے کردی جائیگی۔
اس سے قبل ۱۰؍ دسمبر کوآٹو ڈرائیوروں کیلئے ۴؍ ا علانات کئے گئے تھے۔ کیجریوال نے کہا تھا کہ آٹو ڈرائیور کی بیٹی کی شادی کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ ہولی اور دیوالی پر یونیفارم بنانے کیلئے ڈھائی ہزار روپے دیے جائیں گے۔ ۱۰؍ لاکھ روپے کا لائف انشورنس اور۵؍ لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آٹو ڈرائیوروں کے بچوں کی کوچنگ کیلئے بھی رقم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ۲۱؍ نومبر کو بزرگوں کیلئے پنشن اسکیم کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔