پنجاب کے وزیر اعلیٰ نےکہا کہ کیجریوال کوعام سہولیات بھی نہیںدی جا رہی ہیں۔
EPAPER
Updated: April 16, 2024, 7:58 AM IST | Agency | New Delhi
پنجاب کے وزیر اعلیٰ نےکہا کہ کیجریوال کوعام سہولیات بھی نہیںدی جا رہی ہیں۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ساتھ جیل میں دہشت گرد جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ پیر کو جیل میں کیجریوال سے ملاقات کے بعد بھگونت مان نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ اروند کیجریوال کو وہ سہولیات نہیں دی جارہی ہیں جو عادی جرائم پیشہ افراد کو بھی دی جاتی ہیں۔ اروند کیجریوال کا قصور کیا ہے ؟ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے لوگوں کیلئے اسپتال، محلہ کلینک اور اسکول بنائے،بجلی اور پانی سب کیلئے مفت کر دیا۔ آپ ان کے ساتھ ایسا سلوک کر رہے ہیں جیسے آپ نے کوئی بڑا دہشت گرد پکڑا ہو۔
یہ بھی پڑھئے: کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کا فوری سماعت سے انکار ،ای ڈی کو نوٹس
بھگونت مان نے کہا کہ جیل مینوئل کے قواعد کے مطابق اگر ملزم جیل میں حسن اخلاق کا مظاہرہ کررہا ہو تو ان سے آمنے سامنے ملاقات کی اجازت دی جا سکتی ہے۔جب پی چدمبرم جیل میں تھے اور سونیا گاندھی ان سے ملنے آتی تھیں تو انہیں ایک کمرے میں آمنے سامنے بٹھایا گیا تھا۔ یہاں تک کہ پرکاش سنگھ بادل سے بھی آمنے سامنے ملاقات کرائی گئی لیکن آج ملاقات شیشے کے پیچھے سے کرائی گئی اور فون کے ذریعے بات کرائی گئی جیسے سامنے کوئی بڑا مجرم بیٹھا ہو ۔ اتنی دشمنی کیوں ہے کہ ہمارے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ ایسا سلوک انہیں مہنگا پڑے گا۔ اروند کیجریوال ایک کٹر ایماندار شخص ہیں جنہوں نے شفافیت کی سیاست شروع کی اور بی جے پی کی سیاست کا خاتمہ کیا۔
عام آدمی پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری آر گنا ئزیشن ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے کہا کہ ہمیں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کیلئے ۳۰؍ منٹ کا وقت ملا جیسے ہی ہم ان سے ملنے گئے تو بھگونت مان انہیں دیکھ کر جذباتی ہو گئے اور جب ہم نے ان کی صحت کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میری فکر کرنا چھوڑ دیں اور بتائیں کہ عوام کیسے ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا عوام کو مفت بجلی مل رہی ہے اور کیا بجلی کی کٹوتی ہوئی؟ انہوں نے سوال کیا کہ جو ادویات اسپتالوں میں فراہم کی جارہی تھیں کیا وہ اب بھی فراہم کی جارہی ہیں، کیا خواتین کو مفت بس سروس کی سہولت بھی میسر ہے؟ پاٹھک کے مطابق کیجریوال نے کہا کہ وہ جلد باہر آئیں گے اور خواتین کو ماہانہ ایک ہزار روپے دینے کا وعدہ ضرور پورا کریں گے۔