• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آرین خان منشیات کیس : سمیر وانکھیڈے کے گرد سی بی آئی کا گھیرا تنگ

Updated: May 16, 2023, 9:50 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

شاہ رخ خان کے بیٹے کی رہائی کیلئے۲۵؍ کروڑ روپے رشوت مانگنے کا الزام لگایا گیا ، اس معاملے میںسی بی آئی نے سمیر وانکھیڈے کو سمن جاری کرتے ہوئے ۱۸؍ مئی کو ایجنسی کے روبرو حاضر ہونے کا حکم دیا ، ایجنسی نے آفیسر کا موبائل بھی ضبط کرلیا، بیرون ملک سفر اور اس پر ہونے والے اخراجات کی تفصیل بھی نہیں بتا سکے۔ سمیر اور ان کی بیوی نے الزامات کی تردید کی

Officer and others outside Sameer Wankhede`s residence in Gor Yagaon
گور یگا ؤ ں میں واقع سمیر وانکھیڈ ے کی رہائش گاہ کےباہر آفیسر اور دیگر ۔ ( تصویر ، انقلاب : سمیر مارکنڈے)

ارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کے سابق زونل ڈائریکٹر  سمیر وانکھیڈے کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا ہے جب سی بی آئی نے ان کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے۲۵؍ کروڑ رشوت مانگنے کے الزام کے تحت درج کردہ کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کر لیا ہے۔ سی بی آئی نے آفیسر سمیر وانکھیڈے کو سمن جاری کرتے ہوئے ۱۸؍ مئی کو ایجنسی کے روبرو حاضر ہونے اور بیان درج کرانے کاحکم دیا ہے ۔سی بی آئی کے ذریعہ درج کردہ کیس سے این سی پی کے سینئر لیڈر  اور سابق ریاستی وزیر نواب ملک کے اس دعوے کی ایک طرح سے توثیق ہوگئی ہے جس میں انہوںنے اپنی گرفتاری سے قبل سمیر وانکھیڈے پر آرین خان کی رہائی کیلئے کروڑوں روپے رشوت مانگنے کا الزام لگایا تھا۔ادھر  ان کے خلاف سمن جاری کرنے کے ساتھ ہی ان کا موبائل بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ 
    آرین خان سے رشوت طلب کرنے کے تحت درج کردہ کیس کے سلسلے میں ایجنسی نےپہلے سمیر وانکھیڈے ، این سی بی کے دیگر افسران  اور ایجنٹوں کے خلاف کیس درج کیا ۔گزشتہ روز سمیر وانکھیڈے  اور  دیگر افسران کے دفاتر  اور گھروں  کے ۲۹؍ مقامات پرچھاپہ مارا اور کئی دستاویزات ضبط کئے ۔  سی بی آئی کے ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق قابل ذکر اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ گزشتہ سال سمیر وانکھیڈے نے اپنی بیوی کے ساتھ کئی غیر ملکی دورے کئے تھے لیکن وہ ایجنسی کو اس دورہ پر ہونے والے اخراجات کی تفصیل بتانے میں اب تک ناکام رہے ہیں۔ یہی نہیں ایجنسی کی تفتیش میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ انہوںنے اپنے والدین یاکسی اور کو بطور تحفہ دینے کیلئے ایک پرائیویٹ کمپنی ویرل راجن سے کئی مہنگی گھڑیاں خریدیں اور فروخت کی تھیں لیکن آفیسر کے پاس لاکھوں روپے کی گھڑیاں خریدنے اور فروخت کرنے کا حساب کتاب بھی موجود نہیں ہے ۔اس کے علاوہ سی بی آئی نے تفتیش میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے سمیر وانکھیڈے کا موبائل ضبط کیا ہے اور اس کا ڈیٹا فورینسک جانچ کیلئے لیباریٹری بھیج دیا ہے ۔تفتیش کے دوران ایجنسی نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ کورڈیلیا کروز سے منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت کئی ا فرادکو حراست میں لیا گیا تھا لیکن انہیں چھوڑ دیا گیا اور شاہ رخ کے بیٹے آرین خان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ 
 یادر ہے کہ مذکورہ بیان کروڈیلیا کروز منشیات معاملہ میں این سی بی کے گواہ کے پی گوساوی نےدیا ہے جو کروز پر کئے گئے آپریشن میں سمیر وانکھیڈے اور دیگر افسران کے ساتھ موجود تھا اور آرین کو ایجنسی کے دفتر لانے میں بھی پیش پیش تھا ۔یاد رہے کہ سمیر وانکھیڈے اور ان کی ٹیم پر آرین کے خلاف جھوٹا کیس درج کرنے کے الزام کے بعد این سی بی کی خصوصی ویجلنس ٹیم نے اس معاملہ کی تحقیقات کے دوران جہاں ایک طرف آرین خان کو کلین چٹ دے دی تھی ، وہیں دوسری طرف جانچ کے دوران اس کیس کے گواہ کے پی گوساوی کے بیان کو بھی ریکارڈ کیا تھا ۔کے پی گوساوی کے بیان کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آرین کو کیس سے بری کرنے کے لئے ۲۵؍ کروڑ کا مطالبہ کیا گیا ، ۱۸؍ کروڑ میں معاملہ طے ہوا اور پہلی قسط کے طور پر ۵۰؍ لاکھ روپے گوساوی کو دیئےگئے تھے ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو کے ویجلنس کی ترتیب کر دہ رپورٹ کی بنیاد  ہی پر گزشتہ روز سی بی آئی نے سمیر وانکھیڈے کے علاوہ آفیسر  وشواس وجے سنگھ ،آشیش راجن ، کروڈیلیا کیس کے گواہ کے پی گوساوی اور سن ویل ڈیسوزاکے خلاف ۲۵؍ کروڑ ر روپےشوت مانگنے کے تحت کیس درج کیا ہے ۔
  دریں اثناءسمیر وانکھیڈے نے اپنے اوپر لگائے گئے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے   اپنے گھر میں بیوی اور بچوں کے سامنے ۱۲؍ گھنٹے سی بی آئی کے سرچ آپریشن کی اطلاع دی اور ۳؍ جائیدادوں کے کاغذات بھی ضبط کئے جانے کا اعتراف کیا ہے جو ان کی ملازمت سے  پہلے کے ہیں۔ ان کی بیوی نے بھی الزام کو  بے بنیاد قرار دیتے ہوئے قانون پر یقین ہونے  اور تفتیش میں تعاون کرنے کا یقین دلایا  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK