• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹرمپ عہدہ سنبھالتے ہی سرگرم، امریکہ سمیت دُنیا بھر میں ہلچل

Updated: January 22, 2025, 2:05 PM IST | Agency | Washington

ڈبلیو ایچ او اور ماحولیاتی معاہدہ سےعلاحدگی کا فیصلہ، کیپٹل ہل تشدد کے ملزمین کو معافی، بائیڈن کے ۷۸؍ فیصلے منسوخ، میکسیکو کی سرحد سیل، تارکین وطن کیخلاف کارروائی شروع۔

Trump signed a series of executive orders as soon as he took office on Monday. Photo: AP/PTI
ٹرمپ نے پیر کو صدارتی عہدہ سنبھالتے ہی یکے بعد دیگرے کئی صدارتی حکم ناموں پر دستخط کئے۔ تصویر: اے پی/ پی ٹی آئی

امریکہ کے ۴۷؍ ویں  صدر ڈونالڈ ٹرمپ پیرکو عہدہ سنبھالتے  ہی حرکت میں آگئے۔انہوں نے پہلے ہی دن کئی صدارتی  حکم ناموں پر دستخط کرکے امریکہ ہی نہیں پوری دنیا میں ہلچل مچادی۔  ایک طرف جہاں ٹرمپ  نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)  اور ماحولیاتی  معاہدہ سے علاحدگی کے فیصلے پر دستخط کئے وہیں  انہوں  نے  سابقہ صدارتی الیکشن  میں ان کی شکست کے بعد کیپٹل ہل پر ان کے حامیوں کے ذریعہ تشدد برپا کرنے کے تمام ملزمین کیلئے عام معافی کا اعلان کردیا۔ اس پر دستخط کے ساتھ ہی محروسین کی رہائی شروع ہوگئی۔دوسری طرف انہوں نے   تارکین وطن کو روکنے کیلئے میکسیکو کی سرحد  سیل کر دی اور وہاں ایمرجنسی نافذ کردی۔ ٹرمپ نے حلف لیتے  ہی کئے گئے فیصلوں میں یہ فیصلہ بھی کیا کہ امریکہ میں خاتون اور مرد یہ دو جنسیں ہی قابل قبول ہیں، اس کے علاوہ کوئی تیسری جنس قابل قبول نہیں ہے۔ 
 کئی مقدمات، ۲؍مواخذے ،اقدام قتل کے ۲؍ مقدموں کا سامنا کرنے  اور ایک معاملہ میں مجرم قرار دیئے جانے  کے بعد   اقتدار تک حیرت انگیز واپسی کرنےوالے ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے ایسے پہلے صدر بن گئے ہیں  جو مجرم ثابت ہونے کے بعد عہدہ صدارت سنبھالاہے۔   ڈونالڈ ٹرمپ نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں امریکہ کی جنوبی سرحد پر قومی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ امریکہ کی جنوبی سرحد میکسیکو سے ملتی ہے۔ امریکہ کو میکسیکو کی سرحد سے غیر قانونی تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر دراندازی کا سامنا ہے۔ غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے  کیلئے سرحد پر فوج کی تعیناتی کے فیصلے کے ساتھ ہی منگل کی صبح سے امریکہ میں مقیم ایسے  غیر امریکی شہریوں کی تلاش شروع ہوگئی ہے جن کے پاس ملک میں قیام کے دستاویز موجود نہیں ہیں۔ 
 ڈونالڈ ٹرمپ نے ملک میں تیسرا جنس یعنی تھرڈ جینڈر ختم  کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ میں اب صرف مرد اور عورت کی جنس ہوگی۔ اس کے علاوہ کووڈ مینڈیٹ کی خلاف ورزی کی وجہ سے نکالے گئے ملازمین کی نوکریاں بحال کی جائیں گی اور معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے خلیج میکسیکو کا نام بدل کر خلیج امریکہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور  پناما  نہر کو ایک بار پھر امریکی قبضے میں لینے کافیصلہ کیا۔انہوں نے  کہا کہ دوسرے ممالک کو مالا مال کرنے کیلئے اپنے شہریوں پر ٹیکس لگانے کے بجائے، ہم اپنے شہریوں کو مالا مال کرنے کیلئے  بیرونی ممالک پر محصولات اور ٹیکس عائد کریں گے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ پناما نہرسے گزرنے والے امریکی بحری جہازوں سے زیادہ ٹول وصول  کئے  جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنامہ کینال پر چین نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ہم اسے واپس لے لیں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ وہ کام بہتر کرتا ہے جنہیں ناممکن سمجھا جاتا ہے۔
    ڈونالڈ ٹرمپ کے ڈبلیو ایچ او سے علاحدہ  ہونے کے فیصلے پر چین اور خود ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے نیز نظر ثانی کی اپیل بھی کی ہے۔  دوسری طرف ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کے حوالے سے امید ظاہر کی اور اس خواہش کااظہار بھی کیا کہ سعودی عرب بھی ابراہام معاہدے میں شامل ہوجائے۔ وائٹ ہاوس میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ابراہام معاہدہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کے قیام سے متعلق ہے۔
 ٹرمپ  نے حیرت انگیز طو رپر روایت کے برعکس  بائبل پر ہاتھ رکھ کر حلف نہیں لیا حالانکہ ان کی اہلیہ بائبل لے کر کھڑی ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ ان کے دست راست ایلون مسک بھی  حلف برداری کی تقریب کے دوران نازیوں جیسا سلام کرنے کی وجہ سے تنقیدوں کی زد پر آگئے ہیں تاہم مسک نے انہیں مسترد کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK