Updated: November 15, 2024, 11:03 PM IST
| Mumbai
امیت شاہ نے وقف بل کا معاملہ اُٹھایا، ہر حال میں ترمیم کی دھمکی دی، نفرت انگیز نعروں پر مہایوتی کے لیڈروں میں جوتم پیزار، راہل گاندھی نے وزیراعظم کو’ ’کروڑ پتی صنعتکاروں کے ہاتھوں کی
کٹھ پتلی‘‘ قراردیا، شرد پوار نے مودی پر سماج میں انتشار پھیلانے کا الزام عائد کیا، اجیت پوار سے اتحاد کے امکان کو خارج کیا، کہا کہ ’’جو بی جےپی کے ساتھ ہیں ان سے تعلق کا سوال ہی نہیں اٹھتا‘‘
سپریہ سُلے نے تھانے میں پارٹی کے امیدوار کے لئے انتخابی ریلی میں شرکت کی۔(تصویر: پی ٹی آئی )
مہاراشٹر میں انتخابی مہم اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہےجس کی وجہ سے پارٹی لیڈروں کے ایک دوسرے پر حملوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ انتخابی مہم کی کڑواہٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور بی جے پی کی بے چینی اور گھبراہٹ میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کا واضح ثبوت وزیر داخلہ امیت شاہ وہ بیان ہے جو انہوں نے ایوت محل میں دیا ۔ انہوں نے وقف ترمیمی بل کے تعلق سے ایک مرتبہ پھریہ دھمکی دی کہ اس بل کو ہر حال میں منظور کروالیا جائے گا۔واضح رہے کہ مہاراشٹر میں انتخابی مہم پیر ۱۸؍ نومبر کو شام ۶؍ بجے ختم ہو جائے گی جبکہ پولنگ ۲۰؍ نومبر کو ہو گی۔
امیت شاہ ایوت محل میں
وزیر داخلہ امیت شاہ نے خطہ ودربھ کے اہم ضلع ایوت محل میں ایک ریلی سے خطاب کرتےہوئے یہ دھمکی دی کہ اپوزیشن چاہے جس قدر احتجاج کرلے وزیر اعظم مودی وقف ترمیمی بل پاس کراکر دم لیں گے۔ وقف بورڈ کی دھاندلیاں ختم کرنے کے لئے یہ بل لایا گیا تھا اور اسے ہم منظور کروانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ امیت شاہ کے مطابق وزیر اعظم مودی وقف بورڈ کے قوانین میں تبدیلی چاہتے ہیں لیکن ادھو ٹھاکرے،شرد پوار اور سپریہ سلے ایسا نہیں چاہتے ۔ انہوںنے ادھو ٹھاکرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہے اس بل کی جس قدر مخالفت کرلیں، لیکن وزیر اعظم مودی نے جو ٹھان لیا ہے وہ کر کے رہیں گے ۔ ہنگولی میں ریلی میں امیت شاہ نے کہا کہ مہاراشٹر کا اسمبلی الیکشن یہ طے کرے گا کہ یہ ریاست اورنگ زیب کے راستے پر چلے گی یا شیواجی مہاراج کے راستے پر چلے گی۔
راہل گاندھی نے مودی پر نشانہ لگایا
راہل گاندھی نے ملک کے ۲؍ صنعتکاروں کے مودی حکومت سے تعلق پر اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے مودی حکومت کو ان دونوں صنعت کاروں کی کٹھ پتلی قرار دیا۔ راہل نے کہا کہ مودی حکومت صرف اور صرف چند صنعتکاروں کے مفادات کی حفاظت کررہی ہے اور اس کے لئے وہ ملک کے غریب اور پسماندہ افراد کا حق مار رہی ہے۔ راہل کے مطابق کانگریس پارٹی یہ کوشش کررہی ہے کہ غریبوں کو ان کا حق ملے ، ذات پر مبنی مردم شماری ہو تاکہ سبھی کو ان کی تعداد کے مطابق فائدہ پہنچایا جاسکے لیکن بی جے پی والے اور مودی حکومت ا س معاملے میں اڑچنیں ڈال رہی ہے۔ نہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کی بات کرتی ہے اور نہ صنعتکاروں کی در پردہ مدد کرنےسے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ اسی لئے ہم بی جے پی کی اتنی شدت سے مخالفت کررہے ہیں۔
نفرت انگیز نعروں پر اعتراض
جہاں ایک طرف انتخابی مہم شباب پر پہنچ گئی ہے وہیں دوسری طرف بی جے پی کے اسٹار پرچارکوں کی جانب سے لگائے جارہے نفرت انگیز نعروں جیسے ’بٹیں گے تو کٹیں گے‘ پر شدید اعتراض بھی کیا جارہا ہے۔ اس پر مہایوتی کی پارٹیوں میں جوتم پیزار کی حالت ہو گئی ہے کیوں کہ گزشتہ روز ہی مہاراشٹر میں بی جے پی کے اہم لیڈروں پنکجا منڈے ، نتن گڈکری اور اشوک چوان نے اس نعرے پر اعتراض کیا جبکہ اجیت پوار بھی اس پر کھل کر ناراضگی ظاہر کررہے ہیں جس کے بعد دیویندر فرنویس کو صفائی پیش کرنی پڑرہی ہے لیکن اس کی وجہ سے مہایوتی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آرہے ہیں۔
شرد پوار نے سنگین الزامات عائد کئے
سینئر اپوزیشن لیڈر شرد پوار نے وزیر اعظم مودی پر سماج کو تقسیم کرنے کا سنگین الزام لگایا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو ایک انٹر ویو دیتے ہوئے وزیراعظم کی انتخابی تقاریر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اشتعال انگیز نعرے اور باتیں مہاراشٹر میں نہیں چلیں گی۔ پوار نے یوگی آدتیہ ناتھ پر بھی تنقید کی اور پوچھا کہ انہیں اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے؟ میں ان کے بارے میں ایک جملہ بھی نہیں کہنا چاہتا۔ یہ وہ لوگ ہیں جو بھگوا لباس پہن کر فرقہ واریت پھیلاتے ہیں۔ شرد پوار کے مطابق وزیر اعظم خود معاشرے کو بانٹ رہے ہیں۔ آپ ان کی گزشتہ چند دنوں کی تقریریں اور وہ ایشوز دیکھ سکتے ہیں جو وہ اپنے سیاسی مفادات کے لئے اٹھا رہے ہیں۔
اجیت پوار پر وضاحت
شرد پوار نے بھتیجے اجیت پوار سےمفاہمت کے سوال پر کہا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے والوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رکھیں گے۔ شرد پوار کے مطابق اجیت پوار نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے۔ وہ بی جے پی اور اس کی آئیڈیالوجی کے ساتھ ہیں ۔ ایسے میں میرا ان سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا ۔ شرد پوار نےیہ بھی کہا کہ مہایوتی سرکار انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لئے بڑی رقم استعمال کر رہی ہے، لیکن عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔