• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ مجھے منہ کھولنے پر مجبور مت کرو‘‘، اسدالدین اویسی کا انوراگ ٹھاکر کو سخت جواب

Updated: April 29, 2024, 11:02 AM IST | Haidrabad

اورنگ زیب کے حوالے سے انوراگ ٹھاکر کی تنقید کے جواب میں ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا کہ کیا آپ آرین اس ملک کے نہیں ہیں جو روس اور ایران سے آئے تھے۔

Member of Parliament Asaduddin Owaisi. Photo: INN.
رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی۔ تصویر: آئی این این۔

حیدرآباد میں مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے ذریعے مغل بادشاہ اورنگ زیب کے حوالے سے کئے گئے حملے کا ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے سخت لفظوں میں جواب دیا ہے۔ اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ’’ بابر اور اورنگ زیب سے ہمارا کیا تعلق، کیا آپ آرین اس دیش کے نہیں ہیں جو ایران سے آئے تھے؟ مجھے منھ کھولنے پر مجبور مت کرو، اگر میں نے اپنا منھ کھولا تو تمہارا چٹا بٹا گیلا کردوں گا۔ ‘‘
انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا کہ’’ حیدرآباد آکر ایک وزیر کہتا ہےکہ اسد الدین اویسی کا اورنگ زیب سے تعلق ہے۔ یہ وہی وزیر صاحب ہیں جنہوں نے دہلی میں ’دیش کے غداروں کو گولی مارو‘ کہا تھا۔ یہ بات انہوں نے گالی دے کر کہی تھی۔ مجھے اورنگ زیب اور بابر جیسے شہنشاہوں سے کیا لینا دینا۔ مجھے کیا کرنا ہے ان سے۔ کیا تم آریائی ملک کے لوگ نہیں ہو؟ مجھے منھ کھولنے پر مجبور مت کرو، اگر میں منھ کھولوں گا تو تمہارا چٹا بٹا گیلا کردوں گا۔ ‘‘
اسدالدین اویسی نے مزید کہا کہ اگر یہ ملک واقعی کسی کا ہے تو یہ قبائلیوں اور دراوڑوں کا ہے، سب سے پہلے یہ اس ملک میں آئے۔ یہ جو اَپر کاسٹ اور اونچی ذات کے لوگ ہیں وہ سب آریائی ہیں۔ وہ روس اور ایران سے آئے تھے۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو یہ ملک دراوڑین اور آدیواسیوں کا ہے۔ یہ ان لوگوں کی متکبرانہ ذہنیت ہے کہ یہ ہمیں بابر کی اولاد کہتے ہیں۔ اس ملک کو آر ایس ایس نے آزادی نہیں دلائی۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے حیدرآباد سے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کی انتخابی مہم کے تحت ایک جلسہ ٔ عام میں کہا تھا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور ایم آئی ایم کے لیڈر اسد الدین اویسی دونوں ہی ’اورنگ زیب کے نظریے‘ کو ماننے والے ہیں جن کی زبان پر جمہوریت ہے لیکن ان کے دل و دماغ میں شریعت ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے حیدر آباد سے اویسی کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے پرراہل گاندھی پر تنقید بھی کی۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا راہل گاندھی اویسی کی بی ٹیم ہیں یا اویسی راہل گاندھی کی بی ٹیم ہیں ؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK