• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شہرومضافات میں پولنگ کیلئے۱۰؍ ہزار ۱۱۱؍سینٹرس بنائے جائیں گے

Updated: October 18, 2024, 12:07 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

اسمبلی الیکشن میں ممبئی کے ایک کروڑ سے زائد رائے دہندگان ووٹ دیں گے۔ ان میں ڈیڑھ لاکھ سے زائدوو ٹرس پہلی بار حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

Municipal Commissioner Bhushan Gagrani giving details about the election in the press conference. Photo: PTI
میونسپل کمشنربھوشن گگرانی پریس کانفرنس میں الیکشن سے متعلق تفصیل بتاتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

آئندہ ماہ اسمبلی الیکشن کے پیش نظر بی ایم سی نے شہرو مضافات میں پولنگ سینٹروں کے قیام، مختلف سرکاری محکموں سے وابستہ افسران اور ٹیچروں کو الیکشن ڈیوٹی پر مامور کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح شہر ومضافات میں آویزاں سیاسی جماعتوں کے بینرس اور پوسٹرس کو بھی نکالنا شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے اسمبلی انتخابات میں قائم کئے جانے والے پولنگ سینٹروں اور حق رائے دہی کا استعمال کرنے والے رائے دہندگان کے اعداد شمار اور دیگر تفصیلات فراہم کی ہیں۔ 
بی ایم سی نے نومبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوران جہاں پولنگ سینٹروں میں اضافہ کیا ہے وہیں پولنگ سینٹروں پر سماج دشمن عناصر اور شر پسندوں پر فوری قابو پانے کے لئے پولیس کے علاوہ بی ایم سی کا حفاظتی اسکواڈ بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے ماہ اسمبلی الیکشن میں اب تک کے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق ایک کروڑ ایک لاکھ ۸۲؍ ہزار۲۴۳؍ رائے دہندگان حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں خواتین ووٹرس کی تعداد ۴۷؍ لاکھ ۳۳؍ ہزار ۳۹۵؍ جبکہ مرد رائے دہندگان کی تعداد ۵۴؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۴۷۴؍ ہے۔ 
اس ضمن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بی ایم سی کمشنر اور ضلع الیکشن افسران نے حق رائے دہی کا استعمال کرنے والوں کی جاری کردہ فہرست میں ایک لاکھ ۶۰؍ ہزار ۸۱۳؍پہلی بار ووٹ ڈالنے والے یا نئے ووٹروں کےموجود ہونے سے بھی آگاہ کیا ہے۔ بی ایم سی کے کمشنر کے بقول الیکشن کے پیش نظر سیاسی جماعتوں ، تاجروں اور ضاکاروں کی مدد سے کالے دھن کے لین دین پر نظر رکھنے والوں پر قدغن لگانے کے لئے الیکشن کمیشن کا خصوصی اسکواڈ جس طرح شہرو مضافات پر نظررکھے گا، اسی طرح ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بی ایم سی کی نظر ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولنگ سینٹروں پر شرپسندانہ سرگرمیوں میں ملوث اور سماج دشمن عناصر پر فوری قابو پانے کیلئے پولیس کی مدد کے ساتھ ساتھ بی ایم سی اسپیشل اسکواڈ بھی تعینات کرےگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عروس البلاد ممبئی کے ۳۶؍ اسمبلی حلقے ہیں۔ ان میں ۱۰؍ اسمبلی حلقے شہر اور ۲۶؍ مضافاتی علاقوں میں موجود ہیں ۔ شہر کے۱۰؍ اسمبلی حلقوں میں رائے دہندگان سے متعلق جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس حلقوں میں ۲۵؍ لاکھ ۳۴؍ ہزار ۲۷۶؍ اور مضافات کے۲۶؍اسمبلی حلقوں میں ۷۶؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۹۶۷؍ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ 
 بی ایم سی کے کمشنر نے اسمبلی حلقوں اور پولنگ سینٹروں کے تعلق سے رائے دہندگان کو ذرائع ابلاغ اور دیگر سوشل میڈیا ذرائع سے بھی تفصیلات فراہم کرنے کی اطلاع دی ہے۔ بی ایم سی کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ممبئی شہرو مضافات میں کل ۱۰؍ ہزار ۱۱۱؍ پولنگ سینٹرس قائم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رائے دہندگان کے ناموں کی فہرست اور کیو آر کوڈ کی مدد سے رجسٹرڈ الیکشن آفیسر کی دستخط کے ساتھ ہر ووٹر کو ووٹنگ سلپ بھیجنے کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔ پولنگ کے دن سینٹروں پر رائے دہندگان کے بیٹھنے، بیت الخلاء اور پینے کے پانی کا معقول انتظام کرنے کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK