قانون ساز اسمبلی میں ممبئی کے اراکین اسمبلی کا سڑکوں کے کام میں سست روی پر ہنگامہ۔اسپیکر کا حلقہ بھی متاثر۔اسپیکر نے پیر کوممبئی کے اراکین اسمبلی کی خصوصی میٹنگ طلب کی۔
EPAPER
Updated: March 22, 2025, 9:43 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
قانون ساز اسمبلی میں ممبئی کے اراکین اسمبلی کا سڑکوں کے کام میں سست روی پر ہنگامہ۔اسپیکر کا حلقہ بھی متاثر۔اسپیکر نے پیر کوممبئی کے اراکین اسمبلی کی خصوصی میٹنگ طلب کی۔
ممبئی کی سڑکوں کو سیمنٹ کنکریٹ(سی سی )کا تعمیر کرنے کےبہانےممبئی کے کئی علاقے کھود دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں اور ٹریفک کے آمد و رفت میں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔ متعدد سڑکوںکی تعمیر کا کام انتہائی سست رفتاری سے جاری ہے۔ ان میں قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر کا حلقہ بھی شامل ہیں۔ ان ہی مسائل پر جب جمعہ کو قانون ساز اسمبلی میں ممبئی کے اراکین اسمبلی نے اپنی شدید برہمی کا مظاہرہ کیا تو اسپیکر بھی اپنا درد چھپا نہیں سکے۔اراکین اسمبلی کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے اسپیکر نے حکومت کو ہدایت دی کہ پیر کی دوپہر ۳؍بجے نائب وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں اسپیکر کے آفس میں ہنگامی میٹنگ منعقد کی جائےجس میں ممبئی کے اراکین اسمبلی شریک ہو کر اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ممبئی کی سڑکوں کو سیمنٹ کنکریٹ کا تعمیرکرنے کا کام ۲؍ مرحلوں میں میںجاری ہے جس پر بی ایم سی کا کروڑوں روپے خرچ ہو رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہےکہ ان کی تعمیرمیں ڈھیل برتنے پر ٹھیکیداروں سے ۳؍ کروڑ ۶۸؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔
جمعہ کو وقفہ ٔسوالات میں رکن اسمبلی اتل بھاتکھلکر نے ممبئی میں زیر تعمیر سیمنٹ کنکریٹ کے روڈ کیلئے کی گئی کھدائی کا معاملہ ایوان اسمبلی میں اٹھایا۔ اس معاملے میں اراکین اسمبلی امت ساٹمکر، یوگیش ساگر،امیت دیشمکھ،امین پٹیل ، ورن سر دیسائی ، آدتیہ ٹھاکرے اور دیگر نے بحث میں حصہ لیا ۔اراکین نے بتایاکہ شہر کے کئی علاقوں کی سڑکوں کو کھود کر چھوڑ دیا گیا ہے جس سے شہریوں کو شدید دقتوں کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہاکہ ’’بر سر اقتدار پارٹی کےاراکین بھی ممبئی میں جاری سی سی روڈ کی تعمیر سے مطمئن نہیں اور معیار پر شبہات اور بدعنوانی ہونے کا اندیشہ ظاہرکر رہے ہیں۔ اس لئے میرا مطالبہ ہےکہ اس معاملے کی ویجلینس کے ذریعے جانچ کی جائے ،اراکین اسمبلی پرمشتمل ایک کمیٹی بھی بنائی جائے اور جو کام بند ہے اسے تیزی سےمکمل کرنے کیلئے اقدام کئے جائیں۔‘‘
اس ضمن میں اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے کہاکہ ’’میرے حلقہ انتخاب میں ۲؍ تا ڈھائی سال قبل سیمنٹ کنکریٹ کے روڈ کی تعمیر کا پہلا ٹینڈر جاری کیاگیا تھا لیکن ٹھیکیدار نے کچھ نہیں کیا۔ ۶؍ ماہ قبل بھی ٹینڈر ہوا اس کا بھی اب تک کام شروع نہیں ہوا ہے۔ جس ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کر کے نکال دیا گیا تھااس کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ، جرمانہ نافذ کیا گیا ہے لیکن شہری انتظامیہ کی جانب سے جرمانہ وصول کرنے کی بھی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ممبئی کی سڑکوں کو سیمنٹ کنکریٹ کا تعمیر کرنے کی وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کی پالیسی بہت اچھی ہے کہ ممبئی کے سڑکوں کو گڑھے سے پاک کیا جائے لیکن انتظامیہ کی جانب سے جس طرح کی کارروائی کی جارہی ہے اس سے سوال اٹھانا لازمی ہے۔
حکومت کی جانب سے کابینی وزیر ادے سامنت نے سست رفتار سے ہونے والے کاموں کی جانچ کرنے کا یقین دلایا اور درخواست کی کہ اس ضمن میں اسپیکر خود اپنی صدارت میں ایک میٹنگ طلب کریں۔
سڑکوں کی تعمیر کےتعلق سے اسپیکر کا حکم
اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے ہدایت دی کہ پیر کی دوپہر ۳؍بجے ممبئی کی سڑکوںکی تعمیر کے تعلق سے نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے گی اس میں جن اراکین اسمبلی کو اظہار خیال کرنا ہے وہ شریک ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس سےقبل بھی سڑکوں کی تعمیر کے تعلق سے ایسے ہی سوالات اٹھائے گئے تھے اس وقت ای او ڈبلیو کی معرفت ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی اور اس کی باریکی سے جانچ کی گئی تھی ۔اسی طرح کی جانچ اب بھی کی جائے گی؟ اسے بھی ذہن میں رکھ کر اراکین میٹنگ میں شرکت کریں۔