• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی جے پی کی پہلی فہرست میں نام نہ آنے پر اراکین اسمبلی کی ساگر بنگلے پر بھیڑ

Updated: October 22, 2024, 1:38 PM IST | Agency | Mumbai

پہلی فہرست میں نام نہ آنے سے پریشان اور ناراض متعدد اراکین اسمبلی فرنویس سے ملاقات کرنے پہنچ گئے، صبح سے رات تک ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔

Deputy Chief Minister Devendra Farnavis. Photo: INN
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئےبی جے پی کی جانب سے  ۹۹؍  امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست اتوار کو جاری کی گئی تھی۔ جن امیدواروں کےنام اس لسٹ میں موجود تھےانہوں نےراحت کی سانس لی لیکن جن کا نام اس فہرست میں نہیں تھا ان میں سے متعدد اراکین اسمبلی ناراض ہو گئے اور پریشان ہو کر پیر کو بی جےپی کے سینئر لیڈر و نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے بنگلے ساگر پر پہنچے جس کےسبب یہاں ان اراکین کی بھیڑ ہو گئی تھی۔ صبح سے رات گئے تک بنگلے پر خواہشمند امیدواروں اور ان کے حامیوں کا ہجوم لگا رہا۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو ٹکٹ نہ ملنے پر پریشان تھے۔ اس میں پونے کے کھڑکواسلا حلقہ کے موجودہ ایم ایل اے بھیم راؤ تاپکیر بھی شامل ہیں۔ وہ صبح دیویندر فرنویس سے ملنے پہنچے تھے۔ ماول کے ایم ایل اے سنیل شیلکے کے خلاف بی جے پی کے امیدوار بالا بھیگڑے بھی نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کرنے پہنچے تھے۔ اس لئے ماول کی امیدواری کو لے کر سخت رسہ کشی جاری ہے۔ اندھیری (ایسٹ) اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کےامیدوار مرجی پٹیل نے فرنویس سے بھی ملاقات کی جنہیں پارٹی کی ہدایت پر آخری وقت میں نام واپس لینا پڑا تھا۔ پٹیل اندھیری ایسٹ سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں۔ تاہم، اتوار کو بی جے پی کی طرف سے اعلان کردہ ممبئی کے امیدواروں کی فہرست میں انہیں شامل نہیں کیا گیا تھا، اس لیے پٹیل کے حامیوں میں بے چینی کا ماحول ہے۔ نیز، ورسووا اسمبلی حلقہ کی موجودہ ایم ایل اے بھارتی لوکر کا نام بھی بی جے پی کے امیدواروں کی پہلی فہرست میں نہیں تھا۔ یہ خبریں گشت کر رہی ہیں کہ ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے انہیں اس مرتبہ ٹکٹ نہیں ملے گااور یہ اندازہ بھی لگایاجارہا ہے کہ ان کی جگہ سنجے پانڈے کو موقع مل سکتا ہے۔ بی جے پی کی پہلی فہرست میں کی ۱۴؍ سیٹوں کا اعلان کیا گیا ہے لیکن ان میں ورسووا حلقہ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ چنانچہ بھارتی لوکر نے بھی دیویندر فرنویس سے ملاقات کی۔ 
بی جے پی کے درج ذیل اراکین اسمبلی ا ب بھی ویٹنگ لسٹ میں ہیں :رویندر پاٹل (پین حلقہ)۔ بھیم راؤ تاپکیر (کھڑک واسلا، پونے)، سنیل کامبلے (کنٹینمنٹ)، سمادھان اوتاڈے (پنڈھرپور)، رام ساتپوتے (مالشیرس)، پرکاش بھراساکلے (اکوٹ)، ہریش پمپلے (مرتیجا پور)، لکھن ملک (واشم)، داداراؤ کیچے(آروی) یہاں سے دیویندر فرنویس کے پی اے سومیت وانکھیڑے نے تیاری کی ہے۔ اس کے علاوہ دیورام ہولی (گڈ چرولی)، ڈاکٹر سندیپ دھروے (آرنی)، نامدیو سسانے (عمر کھیڈ)، کمارایلانی (الہاس نگر) بھی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK