• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

عتیق احمد اوراشرف احمد قتل معاملے کے ملزمین پر فردجرم عائد نہیں ہوسکی

Updated: November 18, 2023, 9:18 AM IST | Abdullah Rashid | Lucknow

سیشن کورٹ میں ملزمین کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پیشی ہوئی ، آئندہ سماعت ۴؍دسمبر کو ہوگی۔

Atiq Ahmed and Ashraf Ahmed. Photo: INN
عتیق احمداور اشرف احمد۔ تصویر : آئی این این

سابق ممبر پارلیمنٹ عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف احمد قتل معاملہ کے ملزمین کو جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پریاگ راج ضلع کی سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔ قوی امکانات تھے سماعت کے دوران تینوں ملزمین کے خلاف فرد جرم عائد کی جائے گی لیکن ملزم شنی سنگھ کے وکیل رتنیش شکلا نے عدالت میں درخواست دے کر مہلت طلب کی، جس پر سیشن کورٹ کے جج سنتوش رائے نے ان کی عرضی منظور کی اور معاملہ کی آئندہ سماعت ۴ ؍ دسمبر طے کردی ہے۔ 
سابق ممبر پارلیمنٹ عتیق احمد اور اشرف قتل معاملہ میں گرفتار ملزمین لولیش تیواری، شنی سنگھ اور ارون موریہ پرتاپ گڑھ جیل میں بند ہیں، جمعہ کو اس معاملہ کی سماعت پریاگ راج سیشن کورٹ میں ہوئی ، تینوں ملزمین آن لائن عدالت میں پیش ہوے، سماعت کے دوران ملزم شنی سنگھ کے وکیل رتنیش کمار شکلا پیش ہوئےاورانہوں نے درخواست دے کر جج سے معاملہ کی سماعت کے لیے مہلت طلب کی ،جس کو جج سنتوش کمار رائے نے منظور کرتے ہوئے معاملہ کی اگلی تاریخ دے دی۔ پچھلی سماعت کے دوران عدالت نے ملزم شنی سنگھ کے وکیل کو’ ایمیکس کیوری‘ کے طور پر رتنیش کمار شکلا کو مقرر کیا تھا تاکہ وہ اپنی بات عدالت کے سامنے رکھ سکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اگلی سماعت پر عدالت تینوں ملزمین کے خلاف فرد جرم عائد کرسکتی ہے۔ معاملہ کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی گزشتہ ۱۳؍ جولائی کو دفعہ ۳۰۲، ۳۰۷ ، ۱۲۰؍ بی ، ۴۱۹ ، ۴۲۰ ، ۴۶۷ ، ۴۶۸ ؍اور آرمس ایکٹ کے تحت تینوں ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کر چکی ہے ۔ ایس آئی ٹی کی چارج شیٹ کی بنیاد پر عدالت ان تینوں پر فرد جرم عائد کرے گی۔  واضح رہے کہ گزشتہ ۱۵ ؍اپریل کو سابق ممبر پارلیمنٹ عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کو پولیس حراست میںتینوں بدمعاشوںنے اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK