• Thu, 27 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندی زبان ’’تھوپنے‘‘ کی کوششوں پر جنوبی ہند میں سخت برہمی

Updated: February 27, 2025, 11:59 AM IST | Agency | Chennai/Hyderabad

ایم کے اسٹالن نئی ایجوکیشن پالیسی کے تحت سہ لسانی فارمولہ نافذ نہ کرنے پر بضد، تلنگانہ حکومت نے ریاست کے سی بی ایس ای اسکولوں میں بھی تیلگو کو لازمی کردیا۔

Strong protests against Amit Shah were held in South Indian states on Wednesday. Photo: PTI
بدھ کو امیت شاہ کے خلاف جنوبی ہندکی ریاستوں میں پُرزور احتجاج کیاگیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

مرکزی حکومت پر نئی ایجوکیشن پالیسی (این ای پی) کے ذریعہ جنوبی ہند پر ہندی تھوپنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تمل ناڈو کےو زیراعلیٰ  ایم کے اسٹالن نے بدھ کو پھر اعلان کیا کہ ’’ہم کسی کو بھی تمل عوام کی عزت نفس کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں  دیں گے۔ ‘‘ اُدھر تلنگانہ میں  کانگریس حکومت نے ہندی کے مقابلے ریاستی زبان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ریاست کی تمام اسکولوں  میں  تیلگو کو لازمی کردیا ہے۔ تلنگانہ میں  موجود مرکزی بورڈ ’سی بی ایس ای‘ سے وابستہ اسکولوں  کیلئے بھی تیلگو زبان کو ایک مضمون کے طور پر پڑھانا لازمی ہوگا۔ 
 ایم کے اسٹالن کا سخت موقف
  تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ’’ہندی تھوپے جانے‘‘کو تمل عوام کی عزت نفس کے ساتھ کھلواڑ قرار دیتے ہوئے بدھ کو کہا ہے کہ ’’اگر آپ تھوپیں  گے نہیں تو ہم مخالفت بھی نہیں  کریں  گے۔ ‘‘ وزیراعلیٰ نے ڈی ایم کے کارکنوں کو لکھے گئے ایک مکتوب میں  پارٹی کے موقف کو واضح  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کچھ لوگ پوچھ رہے ہیں   کہ ڈی ایم کے اب بھی ہندی کی مخالفت کیوں  کررہی ہے، ان کیلئے میرا بہت ہی مؤدبانہ جواب ہے...اس لئے کہ آپ اب بھی اسے تھوپ رہے ہیں۔ ‘‘انہوں  نے مزید کہا کہ ’’اگر آپ تھوپیں  گے نہیں  تو ہم مخالفت بھی نہیں  کریں گے۔ ہم تمل ناڈو میں  ہندی لفظوں  پر کالک نہیں  پوتیں گے۔ عزت نفس تمل ناڈو کے کردار کا بہت ہی ممتاز پہلو ہے، کوئی بھی ہو، ہم اسے اپنی عزت نفس کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں  گے۔ ‘‘
سہ لسانی فارمولہ نافذ کرنے سے انکار
 تمل ناڈو میں  ڈی ایم کے حکومت کا الزام ہے کہ نئی ایجوکیشن پالیسی کے تحت سہ لسانی فارمولہ نافذ کرکے چوردروازہ سے مرکزی حکومت جنوبی ہند پر ہندی تھوپنے کی کوشش کررہی ہے۔ پورے ملک میں  تمل ناڈو واحد ریاست ہے جہاں ۱۹۶۸ء سے  دو لسانی پالیسی نافذ ہے، یعنی تمل ناڈو کے اسکولوں  میں  صرف تمل اور انگریزی پڑھائی جاتی ہے۔ تمل ناڈو جنوبی ہند کی وہ اہم ریاست ہے جو ۱۹۳۰ء سے ہندی تھوپے جانے کی پوری شدت سے مخالفت کررہی ہے۔ ایم کے اسٹالن نے اپنے مکتوب میں  لکھا ہے کہ مرکزی حکومت ایک بار پھر سہ لسانی فارمولہ کے ذریعہ ہندی تھوپنے کی کوشش کررہی ہے۔ دوسری جانب مودی حکومت نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ 
 ہندی پر کالک پوتنے کی مہم
  ہندی تھوپے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے بطور احتجاج تمل ناڈو میں   ریلوے اسٹیشنوں   پر ہندی میں  لکھے ہوئے ناموں  پر کالک پوتی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ریاست کی  ۳۹۔ ۱۹۳۷ء کی ہندی مخالف تحریک کا بھی حوالہ دیا ہےا ور نشاندہی کی ہے کہ اس میں  ای وی راما سوامی جو ’پیریار‘ کے طور پر مشہور ہیں، ان جیسی قدآور شخصیات نے شرکت کی تھی۔ اسٹیشنوں   پر ہندی پر کالک پوتنے کی مہم کا دفاع کرتے ہوئے اسٹالن نے کہا ہے کہ ’’کچھ لوگ کہہ رہے ہیں  کہ اس سے جنوبی ہند آنے والے شمالی ہند کے مسافروں کو پریشانی ہوگی، انہیں ایسی ہی فکر تمل عوام کے تعلق سے بھی ہونی چاہئے۔ ‘‘ واضح رہے کہ بی جےپی کی ریاستی اکائی نے کالک پوتنے کی مہم کی پُرزور مخالفت کی ہے۔ اس کی قیادت تمل ناڈو میں بی جےپی کے سربراہ کے انّا ملائی کررہے ہیں۔ ایم کے اسٹالن نے ہندی مخالف مہم پر اعتراض کرنےوالوں  کو انہیں  مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’انہیں  یہ سوال وزیراعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے سامنے رکھنا چاہئےکہ کیا جنوبی ہند کے مسافروں   کی سہولت کیلئے جو کاشی یا الہ آباد میں  کمبھ میں  شرکت کیلئے جاتے ہیں یوپی میں  تمل یا جنوبی ہند کی کسی اور زبان میں  نام لکھا جاتاہے؟‘‘ انہوں  نے سوال کیا کہ ’’کیا کسی اور ہندوستانی زبان میں ریلوے اسٹیشن پر اعلان ہوتاہے؟‘‘
 تلنگانہ کے اسکولوں میں تیلگو لازمی
  اس بیچ اس تنازع میں  تلنگانہ حکومت براہ راست تو نہیں  کودی تاہم اس نے ریاستی زبان کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے بدھ کو تلنگانہ میں سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای، آئی بی اور دیگر بورڈ کے اسکولوں میں بھی تیلگو زبان کی تعلیم کو لازمی کردیا۔ 
  ریاست میں تعلیمی سال۲۶-۲۰۲۵ء سے کلاس۹؍ کے طلبہ کیلئے تیلگو کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرایا جائے گا۔ ساتھ ہی تعلیمی سال ۲۷-۲۰۲۶ء سے ۱۰؍ویں جماعت کے طلبہ کیلئےیہ مضمون لازمی ہوگا۔ تدریس کو آسان بنانے اور زبان میں دلچسپی کو فروغ دینے کیلئے ۹؍ویں اور۱۰؍ویں جماعت کیلئے آسان تیلگو `وینیلا نصابی کتاب کا استعمال کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK