Inquilab Logo

اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ اعظم خان کی عدالت میں حاضری

Updated: March 18, 2023, 12:50 PM IST | Rampur

میڈیا کو نشانہ بنایا، کہا کہ ’’اتنا کووریج تو شاہ رخ خان کو بھی نہیںملتا۔‘‘ حامیوں کی بڑی تعداد بھی اپنے لیڈر کو حوصلہ دینے کیلئے کورٹ پہنچی مگر کئی روپڑے، اعظم خان نے ہی انہیں تسلی بھی دی

As Azam Khan reached the court in Rampur, he was surrounded by media representatives. (Photo: PTI)
اعظم خان رام پور میں جیسے کورٹ پہنچے، میڈیا کے نمائندوں نے انہیں گھیر لیا۔(تصویر: پی ٹی آئی)

سماج وادی پارٹی (ایس پی) لیڈر اور سابق وزیر محمد اعظم خان برتھ سرٹیفکیٹ  اور دیگر ۳؍ معاملوں کی سماعت کیلئے جمعہ کو رام پور  کی ضلع عدالت پہنچے۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹا عبداللہ اعظم بھی تھے۔ ایم پی ایم ایل اے کورٹ میں  پیدائش سرٹیفکیٹس  کے ۲؍ معاملوں سمیت ۴؍ مقدموں کی  سماعت ہوئی۔ دونوں برتھ سرٹیفکیٹس میں تمام ملزمان کے بیانات جمعہ کو ہی درج ہونے تھے۔ کورٹ کے باہر جمع ہونے والے  صحافیوں پر طنز کرتے ہوئے اعظم نے کہا کہ’’ شاہ رخ خان کو بھی اتنی کوریج نہیں ملتی۔‘‘
 رام پور میں، سوار ٹانڈہ کے سابق ایم ایل اے عبداللہ اعظم کے ۲؍پیدائش سرٹیفکیٹس کے بارے میں ایم پی ایم ایل اے کورٹ میں مقدمہ زیر غور ہے۔ اس میں عبداللہ اعظم کے ساتھ سابق کابینی وزیر اعظم خان اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر تزئین فاطمہ بھی ملزم ہیں۔ جمعہ کو ایم پی ایم ایل اے کورٹ نے اعظم خان کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنابیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور عبداللہ اعظم کو پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرانے کو کہا گیا تھا لیکن آج اعظم خان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہونے کے بجائے خود عدالت پہنچ گئے۔  
 ان کے ساتھ عبداللہ اعظم اور ڈاکٹر تزئین فاطمہ بھی  تھیں۔  پولیس ان تینوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کرچکی ہے۔  عدالتی کارروائی کے دوران اعظم خان کافی کمزور اور بیمار نظر آئے۔ واضح رہے کہ دو سال سے زائد عرصہ جیل میں  رہنے  کے بعداعظم خان بیمار رہنے لگے ہیں۔  جمعہ کو انہوں نے میڈیا سے کہا کہ’’ آپ اپنا وقت کیوں ضائع کر رہے ہیں۔ شاہ رخ خان کو بھی اتنی کوریج نہیں ملتی۔‘‘ اس بیچ کورٹ میں اعظم خان کے حامیوں  کی بھی بڑی تعداد پہنچی تھی جو اپنے لیڈر کو دیکھ کر اشک بار ہوگئے۔ تاہم سابق وزیر نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ’’کوئی پروا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ روتے کیوں  ہو؟ کیوں  ادا ہوکر کھڑے ہو؟ہم لڑیں گے، پوری طاقت سے لڑیں گے، سب کچھ ٹھیک ہوجائےگا۔ مقدمے کی کارروائی میں شرکت کی وجہ سے اعظم خان کے خاندان کا کوئی بھی فرد کولکاتا میں سماجوادی پارٹی کی قومی مجلس عاملہ میں شریک نہیں ہوسکا۔ 

Azam Khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK