• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آسٹریلیا : یہودی عبادتگاہ پر نامعلوم افراد کاحملہ، آتشزنی، ۶؍افراد زخمی

Updated: December 07, 2024, 1:02 PM IST | Agency | Melbourne

ملبورن میں واقع سیناگوگ پر نقاب پوش حملہ آوروں نے آتش گیرمادہ پھینکا اور فرار ہوگئے۔

The Jewish synagogue in Melbourne where the attack caused the fire. Photo: INN
ملبورن میں واقع یہودیوں کی وہ عبادت گاہ جہاں حملے کے سبب آگ لگی تھی۔ تصویر: آئی این این

آسٹریلیا میں یہودی عبادتگاہ( سینا گوگ) میں حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی ہے۔ خبر رساں  ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں واقع اڈاس اسرائیل سیناگوگ پرلگنے والی آگ اتنی خوفناک تھی کہ درجنوں فائر فائٹرز اور ٹرکوں نے بمشکل قابو پایا۔ آتشزدگی میں یہودی عبادت گاہ کا ایک حصہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے سیناگوگ میں پھنسے شہریوں کو نکالا۔ پانچ افراد جھلس جانے کے باعث زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ درجن سے زائد افراد کی دھوئیں کے باعث حالت غیر ہوگئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنے دو حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینکا اور آگ لگا کر فرار ہوگئے۔یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کو علی الصبح چار بجے کیا گیا ہے۔
 ملبورن پولیس نے دو مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی تاہم اب تک انہیں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یاد رہے کہ اس سیناگوگ کو ہولوکاسٹ سے بچنے والے یہودیوں نے ۱۹۶۰ء  میں تعمیر کرایا تھا جس سے اسے تاریخی اہمیت بھی حاصل ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے تحریری بیان میں اس حملے کی مذمت کی اور اسے یہود مخالف کارروائی قرار دیا۔ کہا کہ یہ حملہ یہودی سماج میں خوف پیدا کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ خیال رہے کہ اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت کے سبب  متعدد ممالک میں اسرائیلی سفارتخانوں پر حملوں کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK