• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عالمی مقابلہ میں جے جے اسپتال کے ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر سپریہ بھونڈوے کوایوارڈ

Updated: July 06, 2024, 9:44 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

نیدرلینڈ میں منعقدہ یوروپین اسوسی ایشن فار اینڈواسکوپک سرجری کے ۳۲؍ ویں سالانہ مقابلہ میں عالمی سطح پر ۹؍بہترین ویڈیوز کا انتخاب کیاگیاجن میں جے جے اسپتال کے ۲؍ویڈیوز شامل تھے۔

This photo is from the program held in the Netherlands where (from right to left) Dr. Arshad Khan, Dr. Ajay Bhandaroor, Dr. Supriya Bhondwe, Dr. Kashif Ansari and Dr. Amol Wagh can be seen. Photo: INN
یہ تصویرنیدرلینڈمیں منعقدہ پروگرام کی ہے جس میں ( دائیں سے بائیں ) ڈاکٹر ارشد خان، ڈاکٹر اجے بھنڈارور، ڈاکٹر سپریہ بھونڈوے، ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر امول واگھ کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

 نیدرلینڈ میں منعقدہ یوروپین اسوسی ایشن فار اینڈواسکوپک سرجری  (ای اے ای ایس ) کے ۳۲؍ ویں سالانہ مقابلہ میں جے جے اسپتال  کے ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر سپریہ بھونڈوے کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ’اینڈو اسکوپک سرجری‘ کے اس عالمی مقابلے میں جے جے اسپتال کے  ۵؍ ڈاکٹروں کی سرجری کے ۱۳؍  ویڈیوز پیش کئے گئے اور عالمی سطح پر منتخب کئے جانے والے  ۹؍بہترین ویڈیوز میں ۲؍ ویڈیوز جے جے اسپتال کے ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر سپریہ بھونڈوے کے ذریعے پیش کئےگئے تھے جنہیں ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔
نیدرلینڈ میں گزشتہ دنوں ای اے ای ایس کے ۲۴؍ ویں سالانہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں گرانٹ میڈیکل کالج اینڈ سرجے جے اسپتال کےڈپارٹمنٹ آف جنرل سرجری کے پروفیسر اینڈ ہیڈآف دی ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر اجے بھنڈارور کی قیادت میں جے جے اسپتال کے ۵؍ ڈاکٹروں اجے بھنڈارور، ارشد خان ( اعزازی پروفیسر )، امول واگھ (اسسٹنٹ پروفیسر)، کاشف انصاری ( اسسٹنٹ پروفیسر ) اور سپریہ بھونڈوے (اسسٹنٹ پروفیسر ) نے شرکت کی۔ اس موقع پر ان سبھی ڈاکٹروں نے مذکورہ مقابلے میں اپنی سرجری کے ۱۳؍ ویڈیوز پیش کئے جن میں سے ڈاکٹر کاشف انصاری  اور ڈاکٹر سپریہ بھونڈوے  کے ۲؍ ویڈیوز کو  ۹؍بہترین ویڈیوز میں شامل کیا گیا۔
 اس تعلق سے ڈاکٹر اجے بھنڈارور نے اس نمائندے کو بتایاکہ ’’ مذکورہ مقابلے میں ہم نے ۱۳؍ ویڈیوز اور ۵؍ پوسٹرس اس طرح مجموعی طور پر ۱۸؍ قسم کی سرجری سے متعلق پرزنٹیشن دیا تھا جن میں سے ڈاکٹر کاشف انصاری اور سپریہ بھونڈوے کے پرزنٹیشن کو عالمی سطح پر منتخب ہونے والے ۹؍ بہترین پرزنٹیشن میں شامل کیا گیا ہے۔ جو ہمارے  ڈپارٹمنٹ کیلئے غیرمعمولی کامیابی ہے ۔ یہ پروگرام گزشتہ مہینے ۱۱؍تا ۱۵؍ جون   منعقد کیا گیاتھا۔‘‘
یہ اعزاز  جے جے اسپتال کے ڈاکٹروں کی سخت محنت اور لگن کی وجہ سے حاصل ہوا ہے۔ اس کامیابی سے صحت کے شعبہ میں ان کی نمایاں خدمات کا اظہار ہوتا  ہے۔  ڈین ڈاکٹر پلوی ساپلے اور ڈپارٹمنٹ آف جنرل سرجری کے سربراہ ڈاکٹر اجے بھنڈارور کی قیادت میں گرانٹ میڈیکل کالج اینڈ سرجے جے اسپتال نے کئی بڑے مراحل طے کئے ہیں ۔قومی اور بین الااقوامی سطح پر متعدد ایوارڈز حاصل کرکے  نام روشن کیا ہے۔ 
 اس کامیابی کیلئے ڈپارٹمنٹ آف جنرل سرجری نے میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ڈرگس کے سیکریٹری دینش واگھمارے، میڈیکل ایجوکیشن کے کمشنر راجیو نیواٹکر، ڈائریکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دلیپ مہیسکر، جے جے اسپتال کی ڈین ڈاکٹرپلوی ساپلے، وائس ڈین ڈاکٹر گجانن چوان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنجے سوراسے اور پروفیسر آف جنرل سرجری ڈاکٹر گریش بخشی کا ان کے مستقل تعاون کیلئے شکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK