Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ایان شیخ نے ’گیٹ‘ امتحان میں ۱۲؍واں مقام حاصل کیا

Updated: March 23, 2025, 9:50 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بائیکلہ کے چھوٹے سے مکان میں پڑھائی کرکے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ایان شیخ کو بامبے آئی آئی ٹی میں داخلہ ملنے کی امید۔

Ayan Sheikh studying on the scaffolding of his house. Photo: INN.
ایان شیخ اپنے گھر کے مچان پر پڑھائی کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

بڑے بھائی امان شیخ کی جے ای ای کےقومی انٹرنس کے مشکل ترین امتحان میں کامیابی کے بعد ۲۰؍سالہ چھوٹے بھائی ایان شیخ نےبائیکلہ کے ۹۶؍ مربع فٹ مکان کےمچان سے پڑھائی کر کے’ گیٹ‘ کے مشکل ترین امتحان میں پہلی مرتبہ میں ہی قومی سطح پر ایک لاکھ ۸۰؍ ہزاراُمیدواروں کے دریان۱۲؍واں رینک حاصل کرکے نمایاں کامیابی درج کرائی ہے۔ بڑے بھائی کی طرح ایان کوبھی بامبے آئی آئی ٹی میں داخلہ ملنے کی پوری اُمیدہے۔ وہ فی الحال کمپیوٹر سائنس کے تیسرے سال میں زیرتعلیم ہیں۔ بڑے بھائی نے بامبے آئی آئی ٹی سے تعلیم مکمل کرکے بنگلور میں ایک امریکی کمپنی میں ملازمت حاصل کرلی ہے۔ 
مصطفیٰ بازار کے حاجی الانا چال میں ۹۶؍ مربع فٹ کے تنگ مکان میں والدین اوربڑے بھائی امان شیخ کے ساتھ رہنےوالے ایان شیخ نے کمپیوٹر سائنس میں ماسٹر کرنے کیلئے قومی سطح پر ہونےوالے گریجویٹ اپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ اینڈ ٹریننگ (گیٹ )کے امتحان میں ۱۰۰؍ نمبر کے امتحانی پرچہ میں ۸۹ء۰۴؍مارکس حاصل کرکے پہلی مرتبہ میں نمایاں کامیابی درج کی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ایان کو بامبے آئی آئی ٹی میں داخلہ ملنے کی پوری اُمید ہے۔ جہاں سے وہ کمپیوٹر سائنس میں ماسٹر کرناچاہتےہیں۔ 
 بائیکلہ میں واقع اینزا انگلش ہائی اسکول سے ایان شیخ نے ۹۰؍فیصد مارکس سے ایس ایس سی میں کامیابی حاصل کی تھی۔ دادر کے پیس کالج سےایچ ایس سی امتحان ۷۸؍فیصد مارکس سے پاس کرنےکےبعد ڈی جے سنگھوی کالج ولے پارلے سے کمپیوٹر سائنس میں ڈگری کورس کر رہے ہیں۔ کمپیوٹر سائنس کا ۴؍ سالہ ڈگری کورس آئندہ سال مکمل ہوجائے گا۔ اس دوران ایان نے گیٹ کاامتحان دے کر بامبے آئی آئی ٹی سے ماسٹر کرنےکیلئے زمین ہموارکرلی ہے۔ 
ایان شیخ نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’’ میری کامیابی والدین کی دعائوں اور ان کی ہمہ وقت محنت کا نتیجہ ہے۔ محدود آمدنی میں بھی میرے والد نے ہم دونوں بھائیوں کو بہتر اور اعلیٰ تعلیم دینے کی بھرپور کوشش کی۔ چھوٹے سے گھر میں پڑھنے کیلئے جگہ کی قلت ہونے پرانہوں نے اسی مکان میں ایک چھوٹا سامچان بنادیاتھا، حالانکہ مچان اور چھت کےدرمیان کم جگہ ہونے سےاُٹھنے بیٹھنےمیں تکلیف ہوتی ہے، اس کےباوجود ہم بھائیوں کااس مچان سے بہت گہرا تعلق ہے۔ کالج کے بعد گھر آنے کےبعد بیشتر وقت اسی مچان پر پڑھائی کرنا یہی ہمارا معمول رہا۔ آج بھی روزانہ تین سے چار گھنٹے اسی مچا ن پر کسی طرح بیٹھ کر پڑھائی کرتاہوں۔ اُمید ہےکہ جس طرح میرے بڑے بھائی امان شیخ کو بامبے آئی آئی ٹی میں جے ای ای میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی وجہ سےداخلہ ملاتھا، مجھے بھی گیٹ میں امتیازی کامیابی ملنے سے یہاں داخلہ ملنےکی اُمید ہے۔ ‘‘
بی ای ایس ٹی، ممبئی سینٹرل ڈپو میں سینئر فٹر کی حیثیت سے ملازمت کرنےوالے ایان شیخ کے والد اختر شیخ نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئےکہاکہ ’’ گیٹ کا رزلٹ گزشتہ روز جاری ہوا، جس میں قومی سطح پر ایان کا ۱۲؍واں رینک آیا ہے۔ ایان کا رزلٹ ہمارے لئے رمضان المبارک کی برکتوں جیسا ہے۔ ایک لاکھ ۸۰؍ ہزار طلبہ نے گیٹ امتحان دیاتھا، جن میں ایان کی پوزیشن ۱۲؍ ویں آئی ہے جو ہمارے لئے بڑی کامیابی ہے۔ ۱۰۰؍مارکس کےپیپر میں اس نے ۸۹ء۰۴؍ مارکس حاصل کئے ہیں ورنہ اس امتحان میں طلبہ ۴۰؍ مارکس حاصل کرکے بھی خوش ہو جاتے ہیں ۔ ‘‘
واضح رہےکہ ایان کے بڑے بھائی امان شیخ کی کامیابی کی بھی روداد کچھ ایسی ہی ہے۔ امان شیخ نے بھی اینز انگلش اسکول سے ایس ایس سی میں ۹۰؍فیصد مارکس سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پیس کالج دادر سے ۸۹؍فیصد سے ایچ ایس سی پاس کرنےکے بعد جے ای ای کے قومی انٹرنس امتحان میں ۱۵؍ لاکھ اُمیدوارو ں کےدرمیان ایک ہزار ۲۳؍ویں ٖپوزیشن حاصل کی تھی جس کی بنیاد پر انہیں بامبے آئی آئی ٹی میں الیکٹریکل انجینئرنگ میں داخلہ ملاتھا۔ یہاں سے انہوں نے بی ٹیک اور ایم ٹیک مکمل کیا۔ فی الحال وہ بنگلور میں ایک امریکن کمپنی کیلئے اپنی خدمات پیش کررہےہیں۔ ان کا سالانہ پیکج ۱۲؍لاکھ روپے ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK