ایودھیا سے ایم پی اودھیش پرساد نے پریس کانفرنس میں کہا’’ میں لڑکی کو بچا نہیں سکا، اگر میں اسے انصاف نہیں دلاپایا تو استعفیٰ دے دوں گا۔‘‘
EPAPER
Updated: February 03, 2025, 12:26 PM IST | Agency/ Hameedullah Siddiqui | Lucknow
ایودھیا سے ایم پی اودھیش پرساد نے پریس کانفرنس میں کہا’’ میں لڑکی کو بچا نہیں سکا، اگر میں اسے انصاف نہیں دلاپایا تو استعفیٰ دے دوں گا۔‘‘
اتر پردیش کے ایودھیا ضلع میں پولیس نے سنیچر کو ایس سی طبقےسے تعلق رکھنے والی ایک ۲۲؍ سالہ لڑکی کی لاش برآمد کی جوگزشتہ تین دنوں سے لا پتہ تھی۔ پولیس کو لاش برہنہ حالت میں ملی، اس کی آنکھیں نکلی ہوئی تھیں اور اس کے جسم پر کئی زخم تھے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی اور پھر اسے قتل کر دیا گیا۔ اس معاملے پر یوپی کی سیاست ہنگامہ خیز ہوچکی ہےکیونکہ ایودھیا کے ملکی پور میں ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس معاملے میں ایودھیا کے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد شرما لڑکی کے ساتھ ہوئی اس درندگی پرپریس کانفرنس میں روپڑے اورکہا کہ اگروہ لڑکی کے گھروالوں کو انصاف نہیں دلا پائیں گےتو استعفیٰ دے دیں گے۔
’’میں اسے بچانے میں ناکام رہا ‘‘
اودھیش پرساد نے پریس کانفرنس میں لڑکی کے ساتھ ہوئی زیادتی کا ذکر کرتے ہوئےروپڑےاورکہاکہ میں اسے بچانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ میں وزیر اعظم مودی سے ملاقات کروں گا اوران کے سامنے یہ معاملہ رکھوں گا۔ میں پارلیمنٹ میں بھی یہ معاملہ اٹھاؤں گا۔ اگر لڑکی کے گھروالوں کو انصاف نہیں ملا تو میں استعفیٰ دے دوں گا۔ میں لڑکی کو بچا نہیں سکا، تاریخ کیا کہے گی ؟ایک دلت بچی کے ساتھ یہ کیسے ہوگیا؟‘‘ ان کے ساتھ دوافراد بیٹھے تھے جنہوں نے انہیں تسلی دی۔ ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنایا گیا ’’ یہ بہت سنگین معاملہ ہےاور یہ بہت بڑا معاملہ بن چکا ہے۔ ‘‘ انہوں نے رکن پارلیمنٹ کو تسلی دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپ عوام کو کیلئے لڑنے کی خاطر ایم پی منتخب کیاگیا ہے۔ آپ لڑیں گےاور انصاف لے کر رہیں گے۔ ‘‘ اس کے بعد انہوں نے اودھیش پرساد کو آنسوپونچھنے کیلئے ٹشوپیپر دیا۔
اکھلیش کا مقامی پولیس پر لا پروائی کا الزام
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے قتل کیس میں مقامی پولیس کی لاپروائی پرکارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی متاثرہ کنبہ کو ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ملکی پور کا ضمنی الیکشن وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے درمیان وقار کی جنگ بن گیا ہے۔ انتخابی مہم کے آخری دن دو نوں لیڈران پوری طاقت لگانے کیلئے تیار ہیں ۔ بی جے پی جہاں فیض آبادپارلیمانی الیکشن میں شکست کا بدلہ، اس ضمنی الیکشن میں لینے پرآمادہ ہے، وہیں سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اپنی اس سیٹ کو بچانے کی پوری کوشش کررہےہیں۔ مگر ان سب کے درمیا ن ضلع میں ایک دلت لڑکی کےساتھ کی گئی حیوانیت موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
اکھلیش یادو نےاپنے’ایکس‘ اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’’ یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے کہ ایودھیا کی سہنواں گرام سبھا کےسردار پٹیل وارڈ میں ۳؍ دن سے لاپتہ ایک دلت خاندان کی بیٹی کی لاش برہنہ حالت میں ملی ہے اور اس کی دونوں آنکھیں نکال دی گئیں ۔ اگر انتظامیہ تین دن قبل اہل خانہ کی طرف سے دی گئی اطلاع پر توجہ دیتی تو بچی کی جان بچائی جا سکتی تھی۔ ‘‘ اکھلیش یادو نے اتر پردیش حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قصورواروں کے ساتھ، مقامی پولیس والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے جنہوں نے اس معاملے میں لاپروائی برتی ہے۔
لواحقین کا پولیس پرالزام
لواحقین کا الزام ہے کہ شکایت درج کرنے کے بعد بھی پولیس نے لڑکی کی تلاش میں مستعدی نہیں دکھائی۔ غورطلب ہے کہ ایودھیا ضلع کی ملکی پور اسمبلی سیٹ پر ۵؍ فروری کو ووٹنگ ہونے والی ہے۔ اودھیش پرساد کا بیٹا اجیت پرساداس الیکشن میں سماجوادی پارٹی کے امیدوار کے طور پر میدان میں ہے۔ ایسے میں ان کے رونے کا ویڈیو وائرل ہوا ہےجس کے سیاسی معنی بھی نکالے جارہے ہیں ۔ اسی اثنا، ، وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر مملکت برائے محنت و روزگارمنوہر لال کوری کو متاثرہ خاندان سے ملاقات کےلئےبھیجنے کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے خود بھی متاثرہ خاندان سے فون پر بات کی اور انہیں ہر ممکن مدد اور انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پولیس نے ایف آئی آر دج کی تھی
ایودھیا پولیس کے سرکل آفیسر (سی او) آشوتوش تیواری نے کہاکہ پولیس نے جمعہ کو۲۲؍ سالہ لڑکی کے لاپتہ ہونے کی شکایت موصول ہونے کے بعد ایف آئی آر درج کی تھی۔ لڑکی کی برہنہ لاش سنیچر کی صبح برآمد ہوئی۔ پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے جس کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔