• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایودھیا : ملکی پور میں ضمنی انتخابات کا اعلان

Updated: January 08, 2025, 2:07 PM IST | Agency | New Delhi

بی جے پی اورایس پی ایڑی چوٹی کا زور لگانے کیلئے تیار، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے خود اس سیٹ کی ذمہ داری لے لی ہے۔

Udhish Prasad`s son Ajit Prasad is busy in the election campaign.  Photo: INN
اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد انتخابی مہم میں مصروف۔ تصویر: آئی این این

ایودھیا کی ملکی پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس میں منگل کو کیا گیاجس کے مطابق  ملکی پور اسمبلی حلقے  میں ۵؍ فروری کو ووٹنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی۸؍ فروری کو ہوگی۔ تاریخ کے اعلان کے بعد بی جے پی اور ایس پی کے لیڈر سر گرم ہوگئےہیں۔
پوری ریاست کی نظر اس سیٹ پر ہے۔ جہاں ایک طرف وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے خود اس سیٹ کی ذمہ داری لے لی ہے، وہیں دوسری طرف سماجوادی پارٹی بھی یہ سیٹ حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔
 بی جے پی نے گزشتہ دنوںیوپی  کے ضمنی اسمبلی انتخابات میں  ۹؍ میں سے۶؍ اسمبلی سیٹیں جیتی ہیں۔ اس بار ملکی پور سیٹ جیت کر فیض آباد سیٹ پر شکست کا بدلہ لینے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب ایس پی نے بھی ضمنی انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ملکی پور سیٹ کو اس لئے بھی اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں ایس پی کے اودھیش پرساد کے ایم پی منتخب ہونے کے بعد یہ خالی ہوئی تھی۔ اس سے پہلے  اودھیش پرساد ملکی پور سیٹ سے ایم ایل اے تھے۔ اب اس سیٹ پر بی جے پی اور ایس پی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
ماہرین کا کیاکہنا ہے؟
ملکی پور میں دلت ووٹر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس سیٹ پر۳ء۵؍ لاکھ ووٹروں میں سے ۱ء۲؍ لاکھ دلت، تقریباً۵۵؍ ہزار یادو (او بی سی) اور ۳۰؍ہزار مسلم ووٹر ہیں۔اس کے علاوہ یہاں ۶۰؍ ہزار برہمن،۵۵؍ ہزار پاسی،۲۵؍ ہزار ٹھاکر، ۵۰؍ ہزار کوری، چورسیا، پال اور موریہ  ووٹر ہیں۔ سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ جو بھی پارٹی دلتوں کے ساتھ ساتھ برہمنوں،چھتریوں اور دیگر پسماندہ طبقات کی حمایت حاصل کرے گی ،وہ جیت جائے گی۔
 ملکی پور سیٹ پر برسوں سے سماج وادی پارٹی کا قبضہ ہے۔ اس سیٹ کو ایس پی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ ۱۹۹۱ء کے بعد سے بی جے پی نے یہاں صرف دو بار الیکشن جیتا ہے جبکہ ۶؍  بار ایس پی اور دو بار بی ایس پی کے ایم ایل اے بنے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے ملکی پور سیٹ پر ایودھیا کے موجودہ ایم پی اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کو ٹکٹ دیا ہے۔ پارٹی نے اکتوبر۲۰۲۴ء ہی میں  اجیت کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ دوسری طرف بی جے پی نے ابھی تک اپنے امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ بی ایس پی نے پہلے ہی ضمنی انتخابات نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ کانگریس اپنی اتحادی ایس پی کی حمایت جاری رکھے گی۔ یو پی کانگریس کے صدر اجے رائے نے تاریخ کے اعلان کے بعد کہا کہ ملکی پور میں کانگریس اپنی اتحادی سماجوادی پارٹی کی حمایت کرے گی۔  بی جے پی نے اس سیٹ کو جیتنے کیلئے۶؍ وزراء کو ذمہ داری دی ہے۔ یہ وزراء ملکی پور میں مختلف طبقات  کےافراد سے ملاقاتیں کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ووٹنگ ان کے حق میں ہو۔ 
بی جےپی پوری طرح 
 منگل کو یوپی بی جےپی کے صدر بھوپیندر سنگھ چودھری نے کہا کہ ہمار ی تیاری پوری ہے۔ عوام نے  نومبر ۲۰۲۴ء کے ضمنی  انتخابات ہی میں اپنے من کی بات بتا دی تھی۔ بی جے پی ملکی پور سیٹ جیتےگی، ہم گھر گھر جائیں۔ ہم کام کی بنیاد پر ووٹ مانگیں گے۔ 
 چودھری نے یہ واضح نہیں کیا کہ پارٹی کسے امیدوار بنار ہی ہے؟مانا جارہا ہے کہ ۱۷؍ جنوری کو ملکی پور سیٹ سے بی جےپی کے امیدوا ر کا اعلان ہوجائے گا۔ اس سیٹ سے بی جے پی کے کئی امیدوار الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں۔ 
اودھیش پر ساد کا دعویٰ
 یاد رہے کہ گزشتہ دنوںایودھیا سے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ او دھیش پرساد نے کہا تھا کہ اس سیٹ پر سماجوادی پارٹی ہی کامیاب ہوگی۔ ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات کی کامیابی کا آغاز یہیں سے ہوگا، جب اکھلیش یادو کی قیادت میں حکومت بنے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK