سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور رکن پارلیمان محب اللہ ندوی کی اعظم خان کی اہلیہ ڈاکٹر تنزین فاطمہ اور اہل خانہ سے ملاقات، اکھلیش نے کہا کہ’’اعظم خان کو پھنسایا گیا ، ہماری حکومت آنے پر ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات واپس لئے جائیں گے‘‘
EPAPER
Updated: November 12, 2024, 11:34 PM IST | Lucknow
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور رکن پارلیمان محب اللہ ندوی کی اعظم خان کی اہلیہ ڈاکٹر تنزین فاطمہ اور اہل خانہ سے ملاقات، اکھلیش نے کہا کہ’’اعظم خان کو پھنسایا گیا ، ہماری حکومت آنے پر ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات واپس لئے جائیں گے‘‘
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کی اہلیہ ڈاکٹر تنزین فاطمہ اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ’’سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان پر جھوٹے مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ ہماری سرکار آنے پر سبھی جھوٹے مقدمات واپس لئے جائیں گے۔ سماجوادی پارٹی ہمیشہ اعظم خان کے ساتھ رہی ہے ‘‘ دھیان رہے کہ اعظم خان اپنے بیٹے عبداللہ کے فرضی جنم داخلہ کے معاملے میں پچھلے ایک سال سےسیتا پور جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔جبکہ ان کے بیٹے اسی معاملے میں ہردوئی جیل میں بند ہیں۔ اس کیس میں ڈاکٹر تنزین فاطمہ کو بھی سزاسنائی گئی تھی اور فی الوقت وہ ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو سہ پہر ساڑھے تین بجے اکھلیش یادو رام پور میں واقع اعظم خان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔انہوں نے یہاں اعظم خاں کی اہلیہ ڈاکٹر تنزین فاطمہ ، فرزند ادیب اعظم اور اہل خانہ سے ملاقات کی ۔ تقریباً ۱۵؍ منٹ تک ان کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔ اس ملاقات کے کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں جن میں ایکتا کوشک بھی نظر آرہی ہیں۔ خیال رہے کہ ایکتا، اعظم خاں کی منہ بولی بیٹی ہیں اوروہ جوہر یونیورسٹی اور محمدعلی جوہر ٹرسٹ کا کام کاج سنبھال رہی ہیں۔
’’سماجوادی پارٹی اعظم خان کے ساتھ ہے‘‘
ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ’’سماجوادی پارٹی آئین بچانے کی لڑائی لڑرہی ہے، اعظم خان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ امید ہے کہ اعظم خان کے ساتھ عدالت جلد ہی انصاف کرے گی۔ سماجوادی پارٹی کی سرکار آنے پر اعظم خان کے خلاف درج کردہ جھوٹے معاملات کو واپس لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ’’سماجوادی پارٹی اعظم خان کے ساتھ ہے اور انصاف کی لڑائی لڑتی رہے گی۔‘‘ انہوں نے ایک دیگر سوال کے جواب میں کہا کہ’’ہم ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پی ڈی اے اتحاد کو جتوایا ہے۔ اس موقع پر رام پور کے رکن پارلیمان محب اللہ ندوی، مرادآباد کی رکن پارلیمان رچی ویرا، چمراؤ کے ایم ایل اے نصیر احمد خاں، سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر اجئے ساگر، شہر صدر عاصم رضا وغیرہ موجو دتھے۔
ڈاکٹر تنزین فاطمہ نے کیا کہا؟
اکھلیش یادو سے تقریباً ایک سال کے بعد ہونیوالی ملاقات کے بعد ڈاکٹر تنزین فاطمہ نے کہا کہ’’ پارٹی کے صدر ہونے کی حیثیت سے وہ یہاں آئے ہمیں اچھا لگا۔ انہوں نے ہمارا حال چال دریافت کیا۔‘‘ اعظم خان پر درج مقدمات کے حوالے سے کسی طرح کی یقین دہانی کے استفسار پر انہوں نے کہا کہ’’ اکھلیش وعدہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں ، کیونکہ سبھی معاملے کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔‘‘ امراجالا کی رپورٹ کے مطابق رکن پارلیمان محب اللہ ندوی کی آمد کے متعلق ڈاکٹر تنزین فاطمہ نے کہا کہ ’’رکن پارلیمان محب اللہ ندوی ہماری وجہ سے نہیں آئے ، بلکہ وہ اکھلیش یادو کے ساتھ آئے اور چلے گئے۔‘‘ خیال رہے کہ محب اللہ ندوی کے انتخابی میدان میں اترنے کے بعد سے ہی اعظم خان اور ان کے حامیوں کی رکن پارلیمان سے دوری برقرار ہے۔ انتخاب کے دوران اعظم خان حامی ان کے ساتھ نظر نہیں آئے تھے۔محب اللہ ندوی نےپارلیمانی الیکشن جیتنے کے بعد سے اب تک اعظم خان سے نہ جیل جاکر ملاقات کی تھی اور نہ ہی ان کے گھر آئے تھے، یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے پارٹی سربراہ کے ساتھ اعظم خان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ایم پی چندر شیکھر نے عبداللہ اعظم سے جیل میں ملاقات کی تھی۔