• Wed, 23 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مار پیٹ اور ڈکیتی کیس میں اعظم خان قصوروار قراردئیے گئے

Updated: May 30, 2024, 10:24 AM IST | Lucknow

سزا کا اعلان جلد ہی ہو گا، ۲۰۱۹ء میں درج کئے گئے اس مقدمہ میں ٹھیکیدار برکت علی کو بھی قصوروار قرار دیا گیا۔

Samajwadi Party leader Azam Khan. Photo: INN.
سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان۔ تصویر: آئی این این۔

یوپی کی ڈونگرپور بستی میں مار پیٹ، ڈکیتی اور مجرمانہ سازش کے معاملے میں اعظم خان کو عدالت نے قصوروار قرار دیا ہے۔ ابھی اس معاملے میں سزا پر فیصلہ آنا باقی ہے لیکن رام پور کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں اعظم خان پر لگے الزامات ثابت ہو گئے۔ گنج تھانہ حلقہ کی ڈونگرپور بستی کو خالی کرانے سے متعلق کئی مقدمات ۲۰۱۹ء میں درج ہوئے تھے۔ اعظم خان کے خلاف اس طرح کے مجموعی طور پر ۱۲؍ مقدمات درج ہوئے تھے اور اس معاملے میں اعظم خان کے ساتھ ساتھ ٹھیکیدار برکت علی بھی ملزم تھے۔ دونوں پر مختلف سنگین دفعات کے تےت جرم ثابت ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت میں اعظم خان کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پیشی ہوئی۔ ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں اسسٹنٹ ضلع گورنمنٹ ایڈوکیٹ سیما سنگھ رانا نے بتایا کہ اس کیس میں عرضی گزار ابرار نے الزام لگایا کہ ان کے گھر میں گھس کر مار پیٹ ہوئی، جبراً گھر خالی کرایا گیا اور گھر پر بلڈوزر چلا کر توڑ دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ چار دن قبل ہی الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان، ان کی بیوی اور بیٹے کو فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ معاملے میں ضمانت پر رِہا کیا تھا۔ اس کو خان فیملی کے لئے راحت کی خبر مانا گیا تھا۔ حالانکہ وہ جیل سے باہر نہیں آسکے ہیں۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ نے فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ کے معاملے میں اعظم خان کو دی گئی سات سال کی سزا پر بھی روک لگا دی۔ ان کی بیوی تزئین فاطمہ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ جیل سے باہر آ سکتی ہیں، لیکن اعظم خان کچھ دوسرے معاملوں میں بھی قصوروار ہونے کے سبب فی الحال جیل سے باہر نہیں آ سکیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK