عدالت نے دھرم راج کشیپ اور تیسرے ملزم پروین لونکر کو ۲۱؍ اکتوبر تک پولیس تحویل میں بھیجنے کا حکم سنایا
EPAPER
Updated: October 14, 2024, 10:32 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
عدالت نے دھرم راج کشیپ اور تیسرے ملزم پروین لونکر کو ۲۱؍ اکتوبر تک پولیس تحویل میں بھیجنے کا حکم سنایا
سابق وزیر و ایم ایل اے بابا صدیقی پر حملہ کرنے والوں میں شامل ایک ملزم دھرم راج کشیپ نے اپنے آپ کو نابالغ بتانے کی کوشش کی تھی لیکن طبی جانچ کے بعد اس کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا ہے ۔ کرائم برانچ نے جہاں اسے دوبارہ اتوار کو ہی عدالت کے روبرو حاضر کرکے ۲۱؍ اکتوبر تک پولیس تحویل حاصل کر لی ہے ۔ وہیں پیر کو مذکورہ بالا کیس میں گرفتار کئے گئے تیسرے ملزم پروین لونکر کو عدالت کے روبرو پیش کیا تھا جہاں کورٹ نے لونکر کو بھی ۲۱؍ اکتوبر تک پولیس تحویل میں دینے کا حکم سنایا ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ بالا کیس میں اب تک ۳؍ ملزمین گرفتار کئے گئے ہیں جبکہ شوٹر شیو کمار ، محمد ذیشان اور شبھم لونکر نام کے ملزمین اب بھی فرار ہیں ۔
اتوار کو گرفتار کئے جانے والے تیسرے ملزم پروین لونکر کو پیر کو جج وی آر پاٹل کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ وکیل استغاثہ نے ملزم کے اس قتل کی سازش میں نہ صرف ملوث ہونے بلکہ اپنے بھائی اور اس کیس کے مفرور ملزم شبھم لونکر کے ساتھ مل کر شوٹر اور دیگر ملزمین کو کرلا میں کرایہ پر مکان دلانے، اسلحہ فراہم کرنے میں مدد کرنے کا الزام بھی لگایا ۔ ساتھ ہی گینگسٹر لارینس بشنوئی گینگ سے وابستہ ہونے اور فرار ملزمین سے متعلق پوچھ تاچھ کرنےکا جواز پیش کرتے ہوئے پولیس تحویل میں دیئے جانے کی اپیل کی تھی ۔
دوران سماعت ملزم پروین کادفا ع کرتے ہوئے وکیل پرشانت بیڈکر نےاس کے موکل پر لگائے گئے الزام کو بے بنیاد بتاتے ہوئے بلی کا بکرا بنائے جانے کا دعویٰ کیا اور پولیس تحویل میں دیئے جانے کی ضرورت سے انکار کیا ۔بعد ازیں کورٹ نے پولیس کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے ملزم کو ۲۱؍ اکتوبر تک پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ مذکورہ بالا کیس کے تعلق سے کرائم برانچ کے ایک افسر نے بتایا کہ پونے میں پروین اپنے بھائی شبھم جس نے بشنوئی گینگ کے حوالہ سے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اداکار سلمان خان اورانڈر ورلڈ ڈان داؤدابرہیم سے تعلق رکھنے والوں کا یہی انجام کئے جانے کی دھمکی دی تھی ۔ دونوں بھائیوں پر گرفتار اور فرار ملزمین کے ساتھ مل کر بابا صدیقی کے قتل کی سازش کرنے ، پیسے اور اسلحہ فراہم کرنے اوراور اسلحہ کی ٹریننگ دینے کا بھی الزام ہے ۔