Inquilab Logo Happiest Places to Work

باباصاحب امبیڈکر کی جینتی دھوم دھام سے منائی گئی

Updated: April 15, 2025, 10:07 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

دادر چیتیہ بھومی پر واقع آئین کے معمار کی سمادھی پر لاکھوں افراد پہنچے، ٹریفک نظام میں تبدیلی کی گئی۔ مالونی میں جامع مسجد کے ٹرسٹیاں اور مقامی افرا دنے ریلی کا استقبال کیا۔

Trustees of the Maloney Anjuman Jama Masjid waiting for the rally outside the mosque.Picture: INN
مالونی انجمن جامع مسجد کے ٹرسٹیان مسجد کے باہر ریلی کا انتظار کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 پیر کو ممبئی اور مضافات میں ڈاکٹر بھیم رائو رام جی امبیڈکر کی ۱۳۴؍ویں سالگرہ دھوم دھام سے منائی گئی۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر منعقد کئے گئے پروگرام میں قومی یکجہتی کی مثالیں بھی دیکھنے کو ملیں جہاں بلا تفریق مذہب و ملت لوگوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کی سالگرہ کے جشن میں شرکت کی۔قومی یکجہتی کی ایک مثال ملاڈ کے مالونی میں اس وقت دیکھنے کو ملی جب ڈاکٹر امبیڈکر کی جیتنی کیلئے نکالی گئی ریلی کا  انجمن جامع مسجد گیٹ نمبر ۷؍ کے ٹرسٹیان اور مقامی افراد نے استقبال کیا اور ریلی کے  شرکاء سے گلے ملے۔کچھ عرصہ سے اس علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن مقامی افراد اور مسجد کے ٹرسٹیان نے نفرت پھیلانے والوں کو اپنے عمل سے منہ توڑ جواب دیا اور بھائی چارہ کو فروغ دینے کی کوشش کی۔
 پیر کو  لاکھوں افراد دادر میں چیتیہ بھومی پر واقع ان کی سمادھی پر پہنچے اور خراج عقیدت پیش کیا۔ یہاں عوام کی بھیڑ کے پیش نظر پہلے ہی ٹریفک نظام میں تبدیلیاں کردی گئی تھیں۔ 
 ڈاکٹر امبیڈکر کی جینتی ۱۴؍ اپریل کو منائی جاتی ہے اور چونکہ ان کی سالگرہ منانے والوں میں عام افراد پیش پیش رہتے ہیں اس لئے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ۱۲؍ بجے پورا شہر پٹاخوں کی آواز سے گونج اٹھا تھا۔ شہر و مضافات کے مختلف علاقوں میں جہاں جہاں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے نصب ہیں انہیں اور ان کے ساتھ اطراف کے علاقوں کو پھولوں اور روشنی سے سجایا گیا تھا۔ 
 ڈاکٹر امبیڈکر کی سالگرہ کے جشن منانے والوں کی سہولت کیلئے حکومت اور بی ایم سی کی جانب سے مختلف انتظامات کئے گئے تھے۔ اتوار کی شب باندرہ ورلی سی لنک پر لیزر لائٹ کے ذریعہ ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر اور ترنگا بنا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ دادر، راج گرہ اور دیگر مقامات پر آنے والوں کیلئے پینے کے پانی، ایمرجنسی ضرورت پڑنے پر طبی سہولت اور صاف صفائی کے انتظامات کئے گئے تھے۔
 چمبور میں او بی سی ایکی کرن سمیتی سے وابستہ سنتوش آمبیکر نے انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’’ہم امبیڈکر جینتی کو عید اور دیوالی کی طرح کسی تہوار کی طرح ہی مناتے ہیں اور اس تعلق سے آئندہ ۳؍ سے ۴؍ روز تک ہمارے مختلف پروگرام جاری رہیں گے جن میں ڈاکٹر امبیڈکر کی کہی ہوئی باتوں کو دہرایا جائے گا، دانشور حضرات ملک کے موجودہ حالات پر گفتگو کریں گے اور اس طرح کے دیگر پروگرام ہوں گے۔‘‘
 انہوںنے مزید بتایا کہ’’ پیر کو ورلی، نائیگائوں، وسئی، ویرار اور نالا سوپارہ جیسے علاقوں میں میں نے اور میرے جاننے والوں نے مختلف پروگرام منعقد کئے تھے جس میں نالاسوپارہ سے ریلی بھی نکالی گئی اور شرکاء نے وسئی-ویرار میں گھوم کر ڈاکٹر امبیڈکر کی سالگرہ کاجشن منایا۔‘‘
 اسی طرح بُدھانکور فائونڈیشن سے وابستہ جیون کھیرے نے بتایا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے گوریگائوں میں فلم سٹی روڈ کے جئے بھیم نگر میں مفت طبی اور آنکھوں کی جانچ کا کیمپ لگایا گیا تھا۔ اسی جگہ ایک دیگر پروگرام میں بہار کے گیا میں واقع مہابودھی ویہار مندر کو بدھ مذہب کے ماننے والوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پوسٹ کارڈ تحریک چلائی گئی۔ اس کے تحت صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو پوسٹ کارڈ بھیج کر مہابودھی ویہار مندر کو بدھ مذہب کے ماننے والوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسی طرح مفت طبی اور آنکھوں کی جانچ کا کیمپ پرجاپور پاڑہ گائوں دیوی وہیواسی سنگھ بھیم سینا کی جانب سے آرے ملک کالونی میں منعقد کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK