ری ایکٹر پلانٹ میں ہوئے زبردست دھماکہ سے لوہے کا ریسیور آدھا کلومیٹر دور ایک مکان پر گرا جہاں سو رہے ۳؍افراد بری طرح زخمی ہوئے، ایک کے دونوں پیر کاٹنے پڑے۔
EPAPER
Updated: August 06, 2024, 10:05 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
ری ایکٹر پلانٹ میں ہوئے زبردست دھماکہ سے لوہے کا ریسیور آدھا کلومیٹر دور ایک مکان پر گرا جہاں سو رہے ۳؍افراد بری طرح زخمی ہوئے، ایک کے دونوں پیر کاٹنے پڑے۔
مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن(ایم آئی ڈی سی) میں واقع ایک کیمیکل کمپنی کے ری ایکٹر پلانٹ میں ہوئے زبردست دھماکہ سے پوری کمپنی خاکستر ہوگئی۔یہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کمپنی کے ری ایکٹر کا لوہے سے بنا ریسیور تقریباً آدھا کلو میٹر دور ایک مکان پر جاگرا۔اس حادثہ میں ۳؍ افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک شخص دونوں پیروں سے معذور ہوگیا ہے۔بدلاپور فائربریگیڈ نے بتایا کہ اس حادثہ میں کمپنی کا کوئی ملازم زخمی نہیں ہوا ہے البتہ جس مکان پر ریسیور گرا تھا اس کے ۳؍ افراد بری طرح زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے ۲؍کو علاج کیلئے ممبئی کے کے ای ایم اسپتال روانہ کیا گیا ہے جبکہ ایک زخمی کا بدلاپور کے نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔
پیر کی علی الصباح ساڑھے ۴؍ بجے مانکیولی ایم آئی ڈی سی میں واقع ریئر فارما کے ری ایکٹر میں اچانک زبردست دھماکہ ہوا۔ اس کے بعد وہاں ذخیرہ شدہ میتھانول نامی کیمیکل کے ڈرم میں آگ لگ گئی جو انتہائی تیزی کے ساتھ چاروں طرف پھیل گئی۔ دریں اثناء ری ایکٹر کا لوہے سے بناریسیور کمپنی سے آدھا کلومیٹر دور کھرولی گاؤں میں واقع چال کے مکان کی چھت کو توڑتے ہوئے اندر جا گرا۔ جس سے گھنشیام مستری، اس کی بیوی دھن شری مستریاور بیٹی شریا مستری زخمی ہوگئے۔ لوہے کا ریسیور اتنا بڑا تھا کہ گھنشیام مستری کے دونوں پیر بری طرح زخمی ہوگئے۔ انہیں علاج کے لئے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کو ان کی دونوں ٹانگیں کاٹنی پڑیں۔
دوسری جانب جس وقت کمپنی کے ری ایکٹر میں دھماکہ ہوا پلانٹ کے مزدور دھماکہ کی آواز سے سن کر بحفاظت باہر نکل آئے۔ کمپنی میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے امبرناتھ اور بدلاپور فائربریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
اس تعلق سے امبرناتھ فائربریگیڈ کے انچارج بھاگوت سوناونے نے بتایا کہ ری ایکٹر کے ریسیور میں اچانک دباؤ بڑھنے سے پہلے دھماکہ ہوا بعدازاں وہاں رکھے میتھانول کے ڈرمس میں آگ لگ گئی۔ دھماکہ کی آواز تقریباً آدھا کلو میٹر تک سنائی دی جبکہ لوہے کا ریسیور بھی کافی دور ایک چال کے مکان کی چھت پر گرا۔اس میں گھنشیام مستری کے دونوں پیر کاٹنے پڑے جبکہ ان کی بیوی کے سر پر گہری چوٹ آئی اور چھوٹی بیٹی شریا مستری کا ایک پیر زخمی ہوا ہے۔