• Mon, 24 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بدلا پور جنسی زیادتی معاملہ: ملزم اکشے شندے پر گولی چلانے والے افسرپر کیس درج کرنے کا حکم

Updated: February 08, 2025, 10:27 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ملزم کے والدین کی کیس واپس لینے کی اپیل کے باوجود کورٹ نے مجسٹریٹ کی جانچ رپورٹ میں انکشافات کی بنیاد پر اپیل کو ختم کرنے سے انکار کردیا۔

 Akshay Shinde. Picture: INN
اکشے شندے۔ صویر: آئی این این

بدلا پور اسکول جنسی تشدد معاملہ میں جمعہ کو شنوائی کےدوران بامبے ہائی کورٹ نے انکاؤنٹر میں مارے گئے ملزم اکشئے شندے کے والدین کو کیس واپس لینے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ساتھ ہی کورٹ نے مذکورہ بالا معاملہ میں عدالت میں انہیں مستقل حاضری سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئےنہ صرف سماعت کو جاری رکھنے کا حکم دیا ہے بلکہ اکشے کو انکاؤنٹر کے نام پر قتل کرنے والے افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ملزم اکشئے شندے کے فرضی انکاؤنٹر کیس کی مجسٹریٹ انکوائری رپورٹ کی بنیاد جمعہ کو ایک بار پھر سماعت کا سلسلہ جاری ہوا، ملزم کے والدین نے کورٹ سے کہا کہ ’’ روزانہ سماعت میں حاضر ہونا ممکن نہیں ہے، ان پر کیس واپس لینے کا کسی نے کوئی دباؤ نہیں ڈالا ہے لیکن ان کی مجبوری یہ ہے کہ وہ مذکورہ بالا کیس کے سلسلہ میں مستقل حاضر نہیں ہوسکتے ہیں کیونکہ انہیں اسکے علاوہ دیگر گھریلو اور مالی مسائل کے حل کی کوششیں بھی کرنی ہوتی ہیں ۔ ‘‘
  ہائیکورٹ کی دو رکنی بنچ کی جسٹس ریوتی موہیتے ڈیرے اور جسٹس نیلا گوکھلے نے ملزم کے والدین کوکیس سےعلاحدہ کرنےیا عرضداشت کو واپس لینے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ البتہ کورٹ نے مذکورہ بالا شنوائی میں باقاعدہ حاضری سےمستثنیٰ قراردیتے ہوئے عرضداشت پر شنوائی کا سلسلہ جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ کورٹ نے کہا کہ مجسٹریٹ انکوائری میں انکاؤنٹر کے واجب نہ ہونے کی جو دلیل دی گئی ہے اور جو شواہد پیش کئے گئے ہیں ، اسکی روشنی میں سماعت کو نہ تو ختم کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی عرضداشت کوواپس لینے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ ‘‘ تاہم کورٹ نے اس ضمن میں پولیس کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ مجسٹریٹ انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر یہ بات واضح ہوئی ہے کہ نہ تو اکشئے نے پولیس سے ریوالور چھینا اور نہ ہی ریوالور پر اسکے ہاتھوں کے نشان پائے گئے۔ اسکے علاوہ پانچ پولیس افسراور اہلکاروں پرمشتمل اسکواڈاس پرآسانی سے قابو پاسکتے تھے، اسے گولی مارنے کی ضرورت نہیں تھی۔ گولی چلانے والے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر نیلیش مورے کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ کورٹ نے۲۴؍ فروری تک کیلئے سماعت کو ملتوی کر دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK