بدلاپور میں تھانے ضلع کے ہونے والے تبلیغی اجتماع میں شرکاء کو اہم پیغام۔ رقت آمیز دعا پر اجتماع ختم۔
EPAPER
Updated: December 23, 2024, 11:15 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
بدلاپور میں تھانے ضلع کے ہونے والے تبلیغی اجتماع میں شرکاء کو اہم پیغام۔ رقت آمیز دعا پر اجتماع ختم۔
’’ہمیں اپنی زندگیوں کا رخ درست کرنے، اللہ کے اوامر اور رسول کی مبارک شریعت سے رشتہ استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ آج ہم رب چا ہی چھوڑ کر من چاہی زندگی بسر کررہے ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ امت حالات کا شکار ہے اور اس کا بظاہر کوئی حل نظر نہیں آرہا ہے۔ ‘‘ بدلاپور اور وانگنی کے درمیان گورے گاؤں میں تھانے ضلع کے منعقد ہونے والے دو روزہ اجتماع کے آخری دن تبلیغی جماعت کے ذمہ داران اور علماء نے حاضرین کو یہ پیغام دیا۔ اس دوران نکاح کو آسان اور سادگی سے کرنے کی تلقین کی گئی اور عملی طور پر بطور مثال کئی جوڑوں کا نکاح بھی ہوا۔ سنیچر کو بعد نماز فجر سے دو روزہ اجتماع کا آغاز ہوا اور اتوار کو مغرب بعد دعا پر ختم ہوا۔ اجتماع سے متعلق جماعت کے ایک ذمہ دار آصف پٹیل نے بتایا کہ ۶؍نمبر کا مذاکرہ، علم، حلقہ ذکر اور دیگر اعمال پر ذمہ داران نے بیان کیا اور حاضرین کو وقت لگانے کی تلقین کی۔
مولانا منظور احمد نے امت اور انسانیت کی فلاح وبہبود، رضائے الٰہی، اتباع سنت، اخلاق حسنہ، امن عالم اور ملک میں امن وآشتی کیلئے دعا کرائی۔
مولانا نے یہ پیغام بھی دیا کہ ہم میں سے ہر شخص دنیا بنانے اور ترقی کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہتا ہے، فکر آخرت اور لامحدود زندگی کی تیاری کے تعلق سے بالکل غافل ہے، یہی سب سے بڑا خسارہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ پاک نے دنیا میں ہمیں بھیجنے اور ہماری پیدائش کا اصل مقصد واضح کردیا ہے اس کے باوجود ہماری توجہ کہیں اور ہے۔
مولانا کے مطابق جہاں تک حالات کا تعلق ہے تو وہ ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے، حالات اسی وقت بہتر ہوں گے جب ہمارے اعمال بہتر ہوں گے اور ہماری صبح وشام اللہ کے حکم اور رسول اللہؐ کی شریعت اور آپؐ کے نورانی طریقوں کے مطابق ہو گی۔ اس کے علاوہ ہماری سب سے بڑی کوتا ہی یہ ہے کہ ہم نے امربالمعروف(نیکی کا حکم کرنا) اور نہی عن المنکر (برائی سے بچنا) کی ذمہ داری کو بھلادیا ہے، حالانکہ یہ اس امت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اسی بنیاد پر اسے خیرامت کے لقب سے سرفراز کیا گیا ہے۔