• Wed, 23 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’بہرائچ فساد بی جے پی کی ایک منظم سازش کا نتیجہ ہے ‘‘

Updated: October 22, 2024, 10:42 PM IST | Lucknow

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا یوگی سرکار پر الزام، کہا:پولیس نے فسادیوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی، پولیس کو ہٹا دینا سازش نہیں تو اور کیا ہے؟

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav and other party leaders along with party workers
پارٹی کارکنان کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اورپارٹی کے دیگر لیڈران

بہرائچ میں فسادات بی جے پی کی وجہ سے ہوئے تھے۔ اب یہ بات پوری طرح سے صاف ہوگئی ہے کہ فسادات کرانے میں بی جے پی لیڈر ملوث ہیں۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بی جے پی اپنے ہی لوگوں کے خلاف سازش بھی کر رہی ہے۔‘‘ مذکورہ خیالات کا اظہار سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کیا۔ بہرائچ تشدد کےمعاملے میں بی جے پی ایم ایل اے کی جانب سے اپنی ہی پارٹی کےلیڈران کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے بعد  انہوں نے یہ باتیں کہیں۔انہوں نے’ ایکس ‘پر ایک میڈیا رپورٹ بھی شیئر کی جس میں بہرائچ کی مہسی سیٹ سے بی جے پی کے ایم ایل اے سریشور سنگھ نے  ۱۸؍ اکتوبر کو بی جے پی سے وابستہ ۷؍ نامزد افراد اور دیگر کئی نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔
 لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بہرائچ فسادات کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں یہ واضح ہے کہ فساد  ایک منظم سازش کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے فسادیوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ پولیس کو ہٹا دینا یا انہیں فری ہینڈچھوڑ دینا سازش کا حصہ نہیںتو اور کیا ہے۔ایس پی سربراہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی اقتدار کیلئے فسادات بھڑکانے کی سازش کر رہی ہے اور شرپسند عناصر خود خفیہ کیمروں کے سامنے سچائی ظاہر کر رہے ہیں۔اکھلیش یادو  نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’شرم آتی ہے ایسی بی جے پی کی سیاست اور بی جے پی کی اقتدار کی بھوک پر، جو سیاست کے لئے فسادات بھڑکانے کی سازش کرتی ہے۔ بہرائچ تشدد کے معاملے میں ہر روز نئے نئے انکشافات ہو رہے ہیں اور بی جے پی اپنا منہ دکھانے کے قابل نہیں ہے۔ خود بی جے پی ایم ایل اے، بی جے پی کے ممبران کے خلاف سازش کے تحت ایف آئی آر درج کرا رہے ہیں اور فسادی خفیہ کیمروں کے سامنے سچائی کو ظاہر کر رہے ہیں۔‘‘
 انہوں نے آگے یہ کہا ہے کہ بی جے پی کے جو چند حامی اور ووٹر باقی رہ گئے ہیں وہ بھی بی جے پی کی اس سازشی اور پرتشدد شکل کو دیکھ کر شرما رہے ہیں۔ بی جے پی نے اپنے حامیوں کو گمراہ کرکے اپنے اقتدار کو بچانے اور برقرار رکھنے کیلئے ان کے جذبات کا استعمال کیا ہے۔ سچ یہ ہے کہ بی جے پی اپنے ہی لوگوں کے خلاف سازش کر رہی ہے۔
 اکھلیش  یادوکے مطابق بی جے پی کے پاس مہنگائی اور بے روزگاری کا کوئی جواب نہیں ہے،اسلئے وہ گھبراہٹ کا شکار ہے اوراسی وجہ سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے وہ فساد کرا رہی ہے۔ بی جے پی ریزرویشن چھین رہی ہے۔ آئین کے مطابق ریزرویشن کے نظام کو نافذ نہیں ہونے دیا جا رہا ہے۔
 اکھلیش یادو نے کہا کہ اس حکومت میں تعینات پہلے ڈی جی پی ہیں جو بی جے پی حکومت اور پولیس کے کام کاج پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں ریاست کے سابق ڈی جی پی سلکھان سنگھ نے کہا تھا کہ اتر پردیش پولیس بہت زیادہ دباؤ میں ہے اورغیر جانبدارانہ کارروائی کرنے کے قابل نہیں ہے۔ غیر جانبدارانہ کارروائی کرنے پر  انہیںمعطل کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی والوں نے پولیس کو بھی ہتھکڑیاں لگا رکھی ہیں۔ بی جے پی کی نیت صاف نہیں ہے۔ اسی لئےکسی بھی واقعے پر غیر جانبدارانہ کارروائی نہیں کی جا رہی۔اکھلیش کے مطابق ملک میں پولیس حراست میں سب سے زیادہ اموات اور سب سے زیادہ فرضی انکاؤنٹر یوپی میں ہو رہے ہیں۔ بی جے پی  نے حراست میں ہلاکتوں اور فرضی انکاؤنٹر میں اتر پردیش کو نمبر ون بنا دیا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK