• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

باندرہ: ہائی کورٹ کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کے پیش نظرٹریفک روٹ میں تبدیلی

Updated: September 22, 2024, 5:24 PM IST | Shahab Ansari | Bandra

 باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں بامبے ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے پیر کو سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

 باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں بامبے ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے پیر کو سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس تقریب میں کئی اہم شخصیات کی شرکت کا امکان ہے جس کی وجہ سے پیر کو بی کے سی میں چند سڑکیں بند کرکے متبادل راستے استعمال کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔ 
ٹریفک میں تبدیلیاں
 ٹریفک پولیس نے جمعہ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے عوام کو مطلع کیا ہے کہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب باندرہ مشرق میں واقع گورنمنٹ کالونی کے میدان میں ۲۳؍ ستمبر کو ہوگی جس میں متعدد معروف اور اہم شخصیات شرکت کریں گی اس لئے پیر کو دوپہر ۲؍ بجے سے شب ۹؍ بجے کے درمیان ’نیو انگلش اسکول روڈ‘ اور ’رام کرشنا پرم ہنس مارگ اور جے ایل شرسیکر مارگ کو دونوں جانب سے عام گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رکھا جائے گا۔ 
نئی عمارت کیوں؟
 واضح رہے کہ فورٹ علاقہ میں واقع بامبے ہائی کورٹ کی عمارت انگریزوں کے زمانے کی تعمیر کی ہوئی ہے اور ماضی کے مقابلے آج نہ صرف عرضی گزاروں اور وکلاء بلکہ ججوں کی تعداد میں بھی کافی اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے بامبے ہائی کورٹ کی موجودہ عمارت چھوٹی پڑنے لگی ہے۔ حتیٰ کہ وکلاء کو بیٹھنے کی جگہ ملنا بھی دشوار ہوتا ہے جس کی وجہ سے ایڈوکیٹ احمد عابدی نے بامبے لائرس اسوسی ایشن کی جانب سے بامبے ہائی کورٹ میںپٹیشن داخل کرکے مطالبہ کیا تھا کہ ممبئی میں کسی دیگر مقام پر ہائی کورٹ کیلئے نئی اور وسیع عمارت تعمیر کی جائے۔
 اس پٹیشن کی بنیاد پر حکومت نے ہائی کورٹ کی نئی عمارت تعمیر کرنے پر آمادگی تو ظاہر کردی تھی لیکن اس پر عمل نہیں ہورہا تھا جس کی وجہ سے بامبے بار اسوسی ایشن کے صدر نتن ٹھکر نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی تھی۔ اس خط کا نوٹس لے کر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چڈ نے از خود پٹیشن پر سماعت شروع کی اور اسی سال مارچ میں مہاراشٹر حکومت کو حکم دیا تھا کہ نئی عمارت کی تعمیر کیلئے فوری طور پر زمین دی جائے۔
 ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے بی کے سی میں جگہ کا انتخاب کیا جاچکا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر یہ زمین مہیا کردی گئی ہے اور پیر کو شام ساڑھے ۵؍ بجے اس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس تقریب میں چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چڈ، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور دیویندر فرنویس اور سپریم کورٹ اور بامبے ہائی کورٹ کے متعدد سینئر جج اور وکلاء شرکت کریں گے۔ بی کے سی کے پروگرام کے بعد اس سے متعلق کچھ تقریبات باندرہ کی تاج لینڈس اینڈ ہوٹل میں بھی ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK