نرمل نگر پولیس ، محلہ کمیٹی اور مساجدومدارس کےٹرسٹیان نے تجاویز پیش کیں۔ امن وامان قائم رکھنے پر زوردیاگیا۔ پولیس نے عدالت کے حکم کے مطابق لاؤڈاسپیکراستعمال کرنے کی ہدایت دی
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 10:12 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
نرمل نگر پولیس ، محلہ کمیٹی اور مساجدومدارس کےٹرسٹیان نے تجاویز پیش کیں۔ امن وامان قائم رکھنے پر زوردیاگیا۔ پولیس نے عدالت کے حکم کے مطابق لاؤڈاسپیکراستعمال کرنے کی ہدایت دی
یہاںرمضان المبار ک کے پیش نظر پولیس ، محلہ کمیٹی اور مساجد ومدارس کے ٹرسٹیان کی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں مختلف تجاویز پیش کی گئی۔ اس موقع پر پولیس سے علاقے میں معقول بندوبست رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔ نرمل نگرپولیس اسٹیشن کے افسران، محلہ کمیٹی اور گولی بار، بہرام پاڑہ، نوپاڑہ، غریب نگراور کھیرواڑی وغیرہ کے تقریباً ۳۰؍ مساجداور مدارس کے ذمہ داران کی جمعرات کی شام ۵؍بجےنرمل نگر پولیس اسٹیشن میں میٹنگ منعقد کی گئی ۔میٹنگ میں گولی با رکی مسجدمدرسہ چشتیہ کے ٹرسٹی عبدالرحیم عبدالکریم شیخ، مدینہ مسجد کے انور اسلم صدیقی، اجمیرمسجد کے ٹرسٹی ایڈوکیٹ خالد شیخ، بہرام ہری مسجد کے محمد امجد، ذاکر شیخ، محلہ کمیٹی کے لیاقت شیخ اور زبیر منصوری وغیرہ موجودتھے۔
عبدالرحیم شیخ نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ نرمل نگر پولیس اسٹیشن کے نئے سینئر انسپکٹر رمیش واگھ نے رمضان المبارک کی سرگرمیوں، اذان، نماز،تراویح ، سحری اورافطاری وغیرہ کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی ۔ سحری اورافطاری کے اوقات کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ ہم نے انہیں سحری اور افطاری کے اوقات کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں وقت ہوٹلیں اورکھانے پینے کی دکانیں کھلی رہتی ہیں ،علاوہ ازیں سڑکوںپر دکانیں لگائی جاتی ہیں ۔ ان اوقات میں پولیس کےمعقول بندوبست کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ٹریفک کانظام متاثر نہ ہو۔ اس کےعلاوہ ہم نے نمازاور تراویح کے تعلق سے تفصیلات بتائیں جس کےجواب میں سینئر پولیس انسپکٹر رمیش واگھ نے کہاکہ سابقہ روایت کے مطابق پولیس کی جانب سے تعاون پیش کیاجائے گا۔ آپ لوگ بھی پولیس کا ساتھ کریں تاکہ کسی طرح کی پریشانی سامنے نہ آئے۔ ‘‘
مساجداور مدارس میں اذان ،نمازاور تراویح کیلئے لائووڈاسپیکر کے استعمال سے متعلق سینئر پولیس انسپکٹر نے کہاکہ عدالت کے حکم کےمطابق لائووڈاسپیکر کا استعمال کیاجائے ۔ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہئے۔ ‘‘
نرمل نگرپولیس اسٹیشن کی جانب سے ایک فارم پُر کرنے کیلئے دیاگیاہےجس میں مساجد کے ٹرسٹیوں ، امام، موذن اور دیگر عملے کی تفصیلات پُرکرنی ہے تاکہ ان کی جانچ کی جاسکے ساتھ ہی مساجد کے ذمہ داران کوبھی عملے کی جانچ کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔