• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

باندرہ ٹرمنس پر بھگدڑ کا معاملہ: پلیٹ فارم سے فوڈ اسٹال ہٹائے جاسکتے ہیں

Updated: November 01, 2024, 12:02 AM IST | Mumbai

باندرہ میں لوکل ٹرینوں کےاسٹیشن سے باندرہ ٹرمنس تک آمدورفت کیلئے اسکائی واک کی تعمیر کا منصوبہ۔ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے جو تدابیر اختیار کی جارہی ہیں، ان سے غریب مسافروں کی دقتوں ہی میں اضافہ ہورہا ہے

Railways is taking various measures to prevent incidents like stampede at Bandra Terminus. (Photo: Anurag Ahir)
باندرہ ٹرمنس پر بھگدڑجیسے واقعہ کو روکنے کیلئے ریلوے مختلف اقدامات کررہا ہے۔(تصویر : انوراگ اہیر)

 ۲۷؍ اکتوبر کی شب میں باندرہ ٹرمینس پر بھگدڑ  کے سبب کئی مسافر زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سے ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے نے مستقبل میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات شروع کردیئے ہیں لیکن اس  سے غریب مسافروں کی دقتوں میں   اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے البتہ اب اس ٹرمنس کے پلیٹ فارم پر کھانے پینے کے اسٹال کو اسٹیشن کے دیگر حصوں میں منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ 
بھگدڑواقعہ کے بعد مختلف اقدامات
 واضح رہے کہ بھگدڑ کے بعد سے جو اقدامات کئے گئے ہیں،  ان میں پلیٹ فارم پر واقع اسٹال والوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ پانی کی بوتلوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کے ڈبوں کو اسٹال کے باہر پلیٹ فارم پر نہ رکھیں کیونکہ اس سے پلیٹ فارم پر جگہ کم ہوجاتی ہے۔ تاہم اب اس سے آگے بڑھتے ہوئے انتظامیہ ان اسٹالوں کو پلیٹ فارم   سے ہٹا کر اسٹیشن کے دیگر حصوں میں منتقل کرنے پر بھی غور کررہا ہے۔
 ذرائع کے مطابق باندرہ ٹرمنس پر بھگدڑ کی وجوہات معلوم کرنے پر یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پلیٹ فارم پر  اسٹال اور ان کے اطراف رکھے کھانے پینے کی اشیاء کے ڈبوں کی وجہ سے مسافروں کیلئے پلیٹ فارم پر جگہ کم بچتی ہے۔ زیادہ بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں یہ اسٹال بھی جگہ کی تنگی کا سبب بنتے ہیں اس لئے انہیں دیگر مقام پر منتقل کرنے کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ ریلوے انتظامیہ نے بڑے بڑے گٹھر، ڈرم اور ایسی چیزیں جو ٹرینوں میں چڑھتے اور اترتے وقت رکاوٹ بنتی ہیں، انہیں لے جانے پر پابندی لگادی   ہے۔ اس کے علاوہ اب متعینہ مقدار سے زیادہ مفت سامان لے کر سفر نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ایسے فیصلے ہیں جن سے غریب مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
باندرہ اسٹیشن سے ٹرمنس کے درمیان اسکائی واک
   ریلوے انتظامیہ نے باندرہ میں لوکل ٹرینوں کے اسٹیشن سے باندرہ ٹرمنس کے درمیان آمدورفت کیلئے تقریباً ۳۵۰؍میٹر طویل اسکائی واک تعمیرکرنےکا فیصلہ کیا ہے اور اس کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جلد نکالا جائے گا۔ 
 واضح رہے کہ کھار اسٹیشن سے باندرہ ٹرمنس کے درمیان ۱ء۲؍ کلو میٹر طویل اسکائی واک پہلے ہی تعمیر کیا جاچکا ہے لیکن یہ لاوارث میں پڑا ہونے کی وجہ کم ہی لوگ اس کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم باندرہ ریلوے اسٹیشن سے باندرہ ٹرمنس کے درمیان کا فاصلہ کم ہے لیکن معلومات نہ ہونے یا وقت کم ہونے کی وجہ سے لوگ یہاں پہنچنے کیلئے اکثر رکشا استعمال کرتے ہیں جس سے  ا نہیں  ۳۰؍ تا ۴۰؍روپے   یا اس سے بھی زیادہ کرایہ کردینا پڑتا ہے۔ یہاں بیسٹ بس بھی دستیاب ہے جو ریلوے اسٹیشن سے باندرہ ٹرمنس تک محض ۵؍ روپے میں پہنچا دیتی ہے لیکن   بیشتر مسافروں کو اس کا علم نہیں ہوتا۔
سماجی کارکنان کا مطالبہ
 باندرہ ریلوے اسٹیشن سے باندرہ ٹرمنس کے درمیان پیدل چلنے والوں کی بھی بہت بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے اس لئے اسکائی واک بننے سے کافی بڑی تعداد میں مسافروںکو فائدہ ہوگا۔ البتہ سماجی کارکنان کا مطالبہ ہے کہ ان دونوں اسکائی واک پر بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں پر سواری کی اجازت دی جانی چاہئے تاکہ جو لوگ زیادہ دور نہیں چل سکتے، وہ ان گاڑیوں کی مدد سے آمدورفت کرسکیں۔

bandra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK