• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

باندرہ:نرگس دت نگر میں بھیانک آتشزدگی،۴۵؍جھوپڑے خاکستر

Updated: May 18, 2023, 9:54 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

اس میںکئی جھوپڑے دو منزلہ تھے۔ ۸؍فائرانجن اورفائربریگیڈ نے آگ پرقابو پالیا ۔۲؍ افراد معمولی زخمی ۔ متاثرین نےعارضی ٹینٹ میں پناہ لی

Firemen and municipal employees can be seen inspecting the accident site after the fire. (Photo: PTI)
آتشزدگی کے بعد فائرمین اور میونسپل ملازمین کو جائے حادثہ کا معائنہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

یہاںنرگس دت نگرکے سی مارگ لال مٹّی  میں بھیانک آتشزدگی میں ۴۵؍ جھوپڑے خاکستر ہوگئے۔ اس میں کئی جھوپڑے دو منزلہ تھے۔ ۸؍فائرانجن اورفائربریگیڈ عملہ کے ذریعے آگ پرقابو پایا گیا ۔اس دوران ۲ ؍ افراد کوچوٹیں آئیںجبکہ عارضی ٹینٹ میں متاثرین نے پناہ لی ہے۔اس حادثہ میں   شاہ رخ سید (۳۰) اورساحل خالدخان (۱۹) زخمی ہوگئے ۔ ان کوعلاج کےلئے بھابھا اسپتال میںداخل کروایاگیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔
مقامی نوجوانوں نے مستعدی کا مظاہرہ کیا
 آگ بدھ کی علی الصباح ۴؍بجکر۴۰؍منٹ پرلگی اورتھوڑی ہی دیر میںپھیل گئی ۔ فائرافسر کے مطابق ۸؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پر آگ پرپوری طرح سے قابو پالیا گیا ۔آگ بجھانے کے لئے ۸؍فائرانجن اور۷؍ٹینکر کا استعمال کیا گیا۔ جس وقت آگ لگی ،شور مچ گیا ،چاروں جانب سے بچاؤبچاؤ کی آوازیں بلند ہونے لگیں۔ لوگ جان بچانے کےلئے گھروں سے باہر نکلے اورخود بھی آگ پرقابو پانے کی کوشش شروع کردی  ۔ اس کے باوجود آگ پرپوری طرح سے قابو پانے میںساڑھے تین گھنٹے سے زائد وقت لگا ۔اس دوران سب سے اہم کام یہاں کے نوجوانوں اور متاثرین کی مددکےلئے آنے والوں نےکیا۔ انہوں نے  مکینوں کو ان کوگھروں سے باہرنکالا تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو اور اس میں کامیابی بھی ملی۔اس طرح لوگوں کی جان محفوظ رہی ،البتہ فرنیچر،کپڑے اور گھر کادیگرسازوسامان خاکستر ہوگیا۔ ابتدائی طور پر آتشزدگی کا سبب شارٹ سرکٹ بتایا گیا ہے۔
متاثرین کی زبانی 
 شہنازایوب شیخ نے آتشزدگی اورہونے والے نقصان کے تعلق سے بتایاکہ’’ صبح جس وقت آگ لگی اورشور مچا ، اس وقت زیادہ ترلوگ گھروں میںسورہے تھے۔ اس آتشزدگی میںان کے گھر کابیشتر سامان خاک ہوگیا۔ اس میںکئی ہزارروپے نقد تھے ،لیپ ٹاپ اوردیگرسامان تھا،کچھ بھی نکالنے کا موقع نہیں ملا۔‘‘توفیق ظہیرخان نے کہاکہ ’’ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیںہوا ۔ یہ الگ بات ہے کہ کافی مالی نقصان ہوا ہے۔‘‘ انہوں نےآتشزدگی کی وجہ یہ بتائی کہ ’’اب یہاں زیادہ ترگھروں میںگرمی کی شدت کے سبب اے سی لگایا گیا ہے ا وربجلی کا لوڈ بڑھ گیا ہے اس کی وجہ سے شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ سب سے اہم کام لوگو ںکوباہر نکالنے کا کیا گیا ، اس کی وجہ سے سبھی محفوظ رہےورنہ جس وقت آگ لگی تھی ، لوگ سوئے ہوئے تھے،اس لئے جانی نقصان کا زیادہ اندیشہ تھا۔‘‘
 باندرہ پولیس اسٹیشن کے کرائم افسر نکم بھی جائے وقوع پر پہنچے۔انہوںنے بھی یہی باتیں دہرائیں ۔ ا س کے علاوہ ممبئی بی جے پی کے نائب صدر جتیندر راؤت اوردیگر کارکنان بھی پہنچے ۔ یہاںسیاسی اور سماجی خدمت گارو ں کے ذریعے متاثرین کے لئے عارضی ٹینٹ بناکر اس میںانہیںرکھا گیا ہے اورانہیں کھانا وغیرہ مہیا کروایا جارہا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK